کیا آپ کے بچے بھی ہر وقت موبائل استعمال کرتے ہیں؟ وہ کونسی چیزیں ہیں جو اس عادت کو ختم کر سکتی ہیں؟

image
 
"ہر وقت موبائل میں گھسا رہتا ہے "
"ارے کھانے کے وقت تو موبائل کا پیچھا چھوڑ دو"
"ٹی وی دور سے بیٹھ کر دیکھو ورنہ آنکھ خراب ہوجائے گی"
 
ہر ماں کی طرح آپ بھی یہ جملے دن بھر دہراتی رہتی ہوں گی کیونکہ یہ تو سب جانتے ہیں کہ موبائل فون اور ٹیلی-ویژن اسکرین ہمارے لئے نقصان دہ ہے لیکن بچوں کے لئے یہ چیزیں شدید خطرناک ثابت ہوسکتی ہیں اور ان چیزوں کے بغیر گزارہ کرنا کیسے سکھایا جائے اس پہلو پر بہت کم بات کی جاتی ہے ۔ تو آئیے ہم آپ کو بتائیں کہ کس طرح بچوں کو ان چیزوں سے دور رکھ کر بھی خوش رکھا جاسکتا ہے۔
 
موبائل فون کے بچوں پر برے اثرات
. سر درد
. نظر کمزور ہونا
. جسمانی سرگرمیوں سے دوری
. بیٹھنے کا انداز غلط ہوجانا
. موٹاپا
. نیند میں کمی
.ذہنی دباؤ
. مارپیٹ والے گیمز کھیلنے کی وجہ سے غصے اور انتشار میں اضافہ ہونا.
 
بچوں کو اسکرین کے متبادل کے طور پر کیا دیں:
نیچے ہم آپ کو بتائیں گے وہ نئے طریقے جن کو جان کر آپ اپنے بچوں کو اسکرین سے کافی حد تک دور کرسکتی ہیں ۔
 
1:ان ڈور گیمز
آخر آپ بھی کبھی بچی تھیں اور آپ کو یاد ہی ہوگا کہ بچپن میں ان ڈور گیمز کھیلنے میں کتنا مزا آتا تھا۔ ان گیمز کو آپ آج بھی اپنے بچوں کے ساتھ کھیل سکتی ہیں جیسے کہ بورڈ گیمز، چھپن چھپائی وغیرہ۔
 
image
 
2: نیچر واک
بچوں کو نیچر واک پر لے جانے سے ان میں فطرت سے لگاؤ پیدا ہوگا جو ان کی صحت پر بھی خوشگوار اثرات مرتب کرے گا. نیچر واک پر آپ بچوں کو مختلف ٹاسک دے سکتے ہیں مثلاً ساحل سمندر پر لے جا کر پوچھیں کہ کون بچہ مٹی کا سب سے خوبصورت گھر بناتا ہے یا مختلف سیپیاں اکھٹی کرنا، پودے لگانا وغیرہ۔
 
3: نئے مشاغل متعارف کروائیں
بچوں کو نئی چیزوں سے متعارف کروائیں جیسے کے تیراکی، فٹ بال، کرکٹ، دوڑ، کتابیں پڑھنا وغیرہ جس سے وہ اپنی انرجی کو مثبت طور پر استعمال کر سکیں۔
 
4: گھر کے کچھ کام بچوں کے لئے مخصوص کردیں
بچوں میں ذمہ داری کا احساس پیدا کرنا بہت ضروری ہوتا ہے اور اس کا آغاز بچپن سے ہی کردینا چاہیے ۔ ان کو گھر کے بے ضرر چھوٹے موٹے کاموں کی ذمہ داری سونپ دیں جیسے پودوں کو پانی دینا، اپنا کمرا خود صاف کرنا، اپنے کپڑے اور کتابیں الماری میں ترتیب سے رکھنا، اور اپنی نگرانی میں بیکنگ وغیرہ بھی کروائی جاسکتی ہے ۔
 
image
 
5: دوست بنانا سکھائیں
بچوں کو دوسرے بچوں سے اور رشتے داروں سے ملوانے لے جائیں اور انھیں بھی اپنے گھر بلائیں اس طرح بچوں میں ملنساری اور میل ملاپ کا جذبہ پیدا ہوگا وہ دوست بنانا سیکھیں گے جو ان کی آنے والی زندگی میں بھی کام آئے گا۔
 
6: ہر کام کے لیے وقت مقرر کریں
بچوں کے ہر کام کا وقت مقرر کریں تا کہ ان کو اپنے روٹین کا اندازہ ہو۔ اس دوران ایسے اصول بنائیں جن سے ان کے پاس موبائل-فون اور ٹیلی-ویژن استعمال کرنے کا وقت ہی کم سے کم بچے مثلاً کھانے کے وقت موبائل فون استعمال نہیں کیا جائے، ہوم ورک کے دوران ٹی وی بند رکھا جائے نیز ٹی وی کو یوں بھی لاؤنج میں رکھیں تا کہ بچے کیا دیکھ رہے ہیں اس پر آپ نظر رکھ سکیں۔
 
سب سے اہم بات یہ ہے کہ بچے ماں باپ کا عکس ہوتے ہیں وہ وہی کریں گے جو آپ کو کرتا دیکھیں گے اس لئے آپ خود بھی ان کے سامنے ہر وقت موبائل کا استعمال ترک کردیں تاکہ ان کے سامنے مثالی والدین بن سکیں۔
YOU MAY ALSO LIKE: