ٹماٹر ہوئے سستے مگر ان کا اب کیا کیا جائے، سستے ٹماٹروں کو محفوظ کرنے کے کچھ طریقے جو ان کو سال بھر تک محفوظ رکھ سکتے ہیں

image
 
ٹماٹر اگرچہ دنیا کی نظر میں ایک پھل ہے مگر ہمارے گھروں میں اس کا استعمال بطور سبزی کے کیا جاتا ہے اور ہر روز کے بننے والے کھانوں کا لازمی جز ہوتا ہے۔ گزشتہ دنوں میں ٹماٹر نے مہنگائی کے ریکارڈ توڑ دیے اور ان کی قیمت ڈھائی سو تک جا پہنچی جس کے بعد لوگ احتجاج پر مجبور ہو گئے  مگر اب ٹماٹر دوبارہ سے سستے ہو گئے ہیں- یہاں تک کہ بعض جگہوں پر ان کی قیمت صرف دس روپے کلو تک جا پہنچی ہے۔ ٹماٹر کے حوالے سے ایک اور خاص بات یہ ہے کہ وہ جلد خراب ہو جاتے ہیں اس وجہ سے ان سستے ٹماٹروں سے زیادہ تر لوگ بہت چاہنے کے باوجود فائدے نہیں اٹھا سکتے ہیں-
 
سال بھر تک ٹماٹر کو محفوظ کرنے کا طریقہ
1: ٹماٹر پیسٹ بنا لیں
ٹماٹر کا عام طور پر استعمال سالن کی تیاری میں کیا جاتا ہے اس کے لیے ٹماٹر لے کر ان کو دھو لیں اور اس ٹماٹر کو بلینڈر میں ڈال کر اس کا پیسٹ بنا لیں- اس کے بعد اس پیسٹ کے اندر ایک چمچ پکانے کا آئل شامل کر دیں۔ آئل کی وجہ سے ٹماٹر دیر تک اپنی قدرتی رنگت بحال رکھ سکتے ہیں۔ اس کے بعد کسی بھی شیشے کے ائير ٹائٹ جار میں اس کو رکھ دیں اور بوقت ضرورت استعمال کریں۔ اگر آپ سال بھر کے لیے ٹماٹر محفوظ رکھنا چاہتے ہیں تو اس کے لیے مارکیٹ میں زپ بیگ ملتے ہیں ان بیگز میں اس پیسٹ کو ڈال کر بند کر دیں اور ان کو چپٹی شکل میں فریز کر دیں۔ اور بوقت ضرورت استعمال کریں۔ یہ پیسٹ ایک سال تک خراب نہیں ہوگا-
 
2: فریز کر لیں
ٹماٹر کو فریز کرنے کے لیے مختلف طریقے استعمال کیے جا سکتے ہیں- اس کے لیے ایک طریقہ تو یہ ہوتا ہے کہ ثابت ٹماٹر دھو کر ان کو کسی بھی شاپنگ بیگ میں اس طرح رکھ دیں کہ وہ جم جائيں اور ان کو بوقت ضرورت استعمال کریں۔ مگر اس طریقے میں ٹماٹر کا چھلکا بہت سخت ہو جاتا ہے اس وجہ سے بعد میں استعمال کرنے پر اس کی لذت میں فرق آجاتا ہے- اس لیے اس کو چھلکا اتار کر کسی زپ بیگ میں محفوظ کر لیں اس کا یہ فائدہ ہوتا ہے کہ اس کو سال کے بعد بھی اگر نکالیں اور ری فراسٹ کریں تو وہ دوبارہ رس دار اور تازہ حالت میں آجاتا ہے-
 
image
 
3: ٹماٹر پیوری بنا لیں
عام طور پر ٹماٹر سالن کے اندر استعمال ہوتا ہے اس وجہ سے محفوظ کرنے والے ٹماٹر کو کسی پتیلی میں دھو کر ڈال لیں اور اس کو اتنا پکا لیں کہ وہ بالکل نرم ہو جائيں اس کے اندر پیاز لہسن ادرک بھی ڈالے جا سکتے ہیں اور اپنی مرضی کے روزانہ کے استعمال ہونے والے مصالحے بھی ڈالے جا سکتے ہیں۔ ان کو پکانے کے بعد ٹھنڈا ہونا چھوڑ دیں۔ پھر اس کو کسی بھی شیشے کے جار یا پھر زپ بیگ میں فریز کر لیں اور بوقت ضرورت استعمال کریں اس کی رنگت کو بہتر کرنے کے لیے اس میں کھانے کا آئل بھی شامل کیا جا سکتا ہے-
 
4: اوون میں خشک کر لیں
ٹماٹر کو دھو کر اس کو چار حصوں میں کاٹ لیں۔ اور اس کو اوون میں رکھ کر گرم ہونے دیں یہاں تک کہ وہ خشک ہو جائیں۔ اس کے بعد ان کے اوپر زیتون کے تیل یا پھر پکانے کے تیل کی ایک تہہ لگا لیں اور اس کو کسی بھی شیشے کے برتن میں فریز کر لیں۔ اس طرح یہ کافی عرصے تک محفوظ رہ سکتے ہیں-
 
image
 
5: ٹماٹو کیچپ بنا لیں
ٹماٹو کیچپ کا استعمال ہر گھر میں ہوتا ہے۔ ہر اسنیکس کے ساتھ اس کا استعمال کیا جاتا ہے۔ اس وجہ سے جب ٹماٹر سستے ہوں تو اس سے ٹماٹو کیچپ بنا کر بھی اس کو محفوظ کیا جا سکتا ہے۔ اس سے بھی ٹماٹر کافی عرصے تک محفوظ رکھے جا سکتے ہیں اور محفوظ کیا جا سکتا ہے-
YOU MAY ALSO LIKE: