کون سا فریج بجلی کی بچت کرتا ہے؟ وہ باتیں جو فریج خریدنے سے پہلے جاننا بہت ضروری ہیں

image
 
گرمیوں کی آمد کے ساتھ ہی گھروں میں فریج کی مرمت یا خریداری کی تیاری شروع ہوجاتی ہے۔ پانی ٹھنڈا کرنے سے لے کر گوشت کو دنوں تک محفوظ کرنے کے لئے فریج یا ریفریجریٹر کا سہارا لیا جاتا ہے۔ یہ چیزیں مہنگی ہونے کی وجہ سے بار بار نہیں خریدی جاسکتیں اور اگر خدانخواستہ کسی سے درست انتخاب کرنے میں غلطی ہوجائے تو کئی کئی سالوں بلکہ اکثر تو دہائی تک غلط فریج کو بھگتنا پڑ سکتا ہے۔ اس لئے ہم آپ کے لئے تمام اقسام کے فریج کی مکمل معلومات کے ساتھ حاضر ہیں تا کہ فریج خریدنے سے پہلے آپ کی مکمل رہنمائی کرسکیں۔
 
سائز
فریج کے سائز کا انتخاب ہمیشہ اپنے گھر میں موجود افراد کی تعداد کو مدِنظر رکھ کر کریں۔ ایک یا دو افراد کے لئے یا صرف کمرے کی ضرورت پوری کرنے کے لئے تو مِنی فریج بھی کافی ہوگا البتہ اگر زیادہ افراد ہیں اور گھر بھر کے لئے فریج چاہئے تو بڑے سائز کا انتخاب کرنا ہی بہتر ہوگا۔
 
جگہ
آپ کو فریج کہاں رکھنا ہے اس بات کا تعین کرنا بہت ضروری ہے کیونکہ فریج ایسی جگہ رکھنا چاہیے جہاں اس کے دروازے باآسانی کھل سکیں اس کے علاوہ کم سے کم ایک شخص کے کھڑے ہونے کی گنجائش ہو۔ فریج کے پیچھے بھی تھوڑی جگہ چھوڑنی چاہیے بالکل دیوار سے لگا کر رکھنے سے کمپریسر کی گرمی باہر نہیں نکلتی اور وہ خراب ہوسکتا ہے۔ گر آپ فلیٹ یا گھر کی اوپری منزل کے لئے فریج خرید رہے ہیں تو یہ بھی ذہن میں رکھنا ضروری ہے کہ آیا سیڑھیوں سے فریج کو لے جانے کی گنجائش بھی ہے یا نہیں۔
 
image
 
براہِ راست ٹھنڈا کرنے والا یا ڈیفروسٹنگ فریج؟
براہِ راست ٹھنڈا کرنے والا فریج نسبتاً سستا ہوتا ہے اور کم بجلی میں کام کرتا ہے لیکن اس کی سب سے بڑی خامی یہ ہے کہ اس میں ہوا کی تقسیم برابر نہیں ہوتی جس کا نتیجہ کونوں میں جمی برف کی صورت نکلتا ہے۔ جس کی وجہ سے فریج کو باقاعدگی سے صاف کرنا پڑتا ہے ورنہ مسلسل برف جمنے کی وجہ سے چیزیں بھی جمنا شروع ہوجاتی ہیں۔ دوسری طرف ڈی فروسٹ فریج میں برف نہیں جمتی۔ ان میں ہوا چاروں طرف یکساں گردش کرتی ہے لیکن ڈی فروسٹ فریج مہنگے ہوتے ہیں اور بجلی بھی زیادہ استعمال کرتے ہیں۔ لیکن پاکستان میں جہاں بجلی بار بار جانا ایک عام مسئلہ ہے وہاں فروسٹنگ فریج یعنی براہِ راست ٹھنڈا کرنے والا فریج زیادہ کامیاب ہے کیونکہ اس میں برف جم جاتی ہے جو رکھی گئی اشیاء کو بجلی جانے کی صورت میں کافی دیر تک محفوظ رکھتی ہے۔
 
image
 
ریفریجریٹر کی اقسام
ویسے تو اب بہت طرح کے فریج مارکیٹ میں آچکے ہیں لیکن پاکستان میں عام طور پر چار طرح کے فریج ہی استعمال کیے جاتے ہیں جن کی خصوصیات ہم تفصیل کے ساتھ آپ کو پیش کر رہے ہیں۔ البتہ فریج خریدتے ہوئے اس بات کو ذہن میں رکھیں کہ فریج جتنی بار کھولا جاتا ہے اسے دوبارہ ٹھنڈا ہونے میں وقت اور بجلی کی ضرورت ہوتی ہے۔ اس لئے اگر آپ کو دن میں زیادہ تر سبزیاں وغیرہ فریج سے نکالنے کی ضرورت پڑتی ہے تو ایسے فریج کا انتخاب کرنا زیادہ بہتر رہے گا جس میں سبزیاں ٹھنڈی کرنے کا الگ سے خانہ ہو تاکہ پورے فریج کو دوبارہ ٹھنڈا کرنے کے لئے مزید بجلی نہ لگے۔
 
ایک دروازے والا فریج
اس فریج میں ایک دروازہ ہوتا ہے۔ جس میں ایک بڑے سائز کے فریج کے ساتھ اوپر کی جانب چھوٹے سائز کا فریزر بھی ہوتا ہے۔  یہ فریج کام کرنے کے لئے بہت زیادہ بجلی نہیں لیتا۔ لیکن اگر کوئی چیز ریفریجریٹر سے نکالنی ہو تو پورا فریج دوبارہ کھلتا ہے جس سے فریج کو دوبارہ ٹھنڈا ہونے میں بہت وقت اور بجلی درکار ہوتی ہے۔
 
image
 
دو دروازے والا فریج
یہ گھروں میں پایا جانے والا عام فریج ہے اس میں ایک کے اوپر ایک دروازہ ہوتا ہے۔ جس میں روزمرہ کے استعمال کے لئے نیچے والا حصہ استعمال ہوتا ہے اور اوپر والا حصہ فریزر ہوتا ہے۔ ان فریجز کے اندر سخت گلاس شیلف بھی موجود ہوتے ہیں۔
 
image
 
تین دروازے والا فریج
ایک کے اوپر ایک تین کیبنٹس رکھنے والا یہ فریج تھوڑا پتلا اور لمبا ہوتا ہے۔ اس کے اوپری حصے میں فریزر، درمیانہ حصہ کھانا، پانی کی بوتلیں ٹھنڈی کرنے کے کام آتا ہے جبکہ تیسرا اور سب سے نیچے والا حصہ کرسپر کہلاتا ہے جس کو سبزی ٹھنڈی رکھنے کے لئے استعمال کیا جاتا ہے۔  یہ فریج ایسے گھروں کے لئے بہترین ہے جہاں مختلف اشیاﺀ کو بار بار فریج سے نکالنا پڑتا ہے کیونکہ اس میں برف اور سبزیوں کے حصے الگ سے موجود ہوتے ہیں۔
 
image
 
سائیڈ بائے سائیڈ دروازے والا فریج
یہ جدید ترین فریج ہیں اور بہت سے نئے فیچرز سے آراستہ ہوتے ہیں۔ سائز بڑا ہونے کی وجہ سے ان میں گنجائش بھی زیادہ ہوتی ہے۔ ان کے سامنے کی طرف پانی ٹھنڈا کرنے کے لئے ڈسپنسر بھی ہوتا ہے۔  سائیڈ بائے سائیڈ فریج اگر انورٹر ہوں تو عام فریج کے مقابلے میں کم بجلی خرچ کرتے ہیں۔
image
 
مِنی فریج
سب سے چھوٹے سائز کے یہ فریج ایک یا دو افراد کے استعمال کے لئے کافی ہوتے ہیں ۔ ان میں اکثر اوپر کی طرف ایک چھوٹا سا فریزر ہوتا ہے۔
image
 
 
بجلی کی بچت کرنے والے فریج کون سے ہیں؟
ای ای آر یعنی انرجی ایفیشنسی ریٹنگ کے اسٹار سے آپ بجلی کی بچت کا اندازہ کرسکتے ہیں۔ EER کی طرف سے اگر ایک اسٹار کا ٹیگ دیا گیا ہے تو اس کا مطلب آپ کا فریج بہت کم بجلی بچائے گا اسی طرح اگر 5 اسٹار کا ٹیگ دیا ہوا ہے تو اس کا مطلب آپ کا فریج زیادہ سے زیادہ بجلی کی بچت کرے گا۔ ٹیگ کی سچائی کا اندازہ لگانے کے لئے صرف نیلے اور ہرے رنگ کے ٹیگز پر بھروسہ کریں۔
 
کون سا کمپریسر بجلی کی بچت کرے گا؟
کمپریسر، فریج کے اندر کے درجہ حرارت کو برقرار رکھنے والی مشین ہے۔ کمپریسر دو طرح کے آتے ہیں
 
(I) عام کمپریسر
یہ کمپریسر تیزی سے چلنا شروع ہوتے ہیں اور اسی رفتار پر چلتے رہتے ہیں۔ یہ صرف اس وقت چلنا بند کرتے ہیں جب فریج اندر سے بہت زیادہ ٹھنڈا ہوجائے۔ آپ نے اکثر اپنے فریج سے “ٹک“ کی آواز سنی ہوگی وہ دراصل کمپریسر بند ہونے کی آواز ہوتی ہے
 
(ii) انورٹر کمپریسر
انورٹر کمپریسر ضرورت کے مطابق کام کرتے ہیں۔ یہ ہلکی رفتار سے چلنا شروع ہوتے ہیں اور ضرورت کی رفتار سے چلتے ہیں۔ اس لئے یہ کم بجلی استعمال کرتے ہیں۔ بڑے اور جدید فریج میں انورٹر کمپریسر ہی لگائے جاتے ہیں۔
 
اضافی خصوصیات
یہاں ہم آپ کو جدید فیچرز اور نئی اصطلاحات کے بارے میں بتائیں گے تاکہ آپ کو فریج کی خریداری میں کسی قسم کی پریشانی نہ ہو۔
 
پانی کا ڈسپنسر : جدید فریج میں دروازے کے باہر کی جانب ہی براہ ِراست ٹھنڈا پانی نکالنے کی سہولت موجود ہوتی ہے۔ اس وجہ سے بار بار فریج کھولنے کی ضرورت نہیں پڑتی۔
 
image
 
شیشے کے شیلف: اگر آپ کو فریج کو زیادہ عرصے تک استعمال کرنا ہے تو ایسے فریج کا انتخاب کریں جس میں پلاسٹک کے بجائے شیشے کے شیلف ہوں کیوں کہ وہ زیادہ وزن اٹھا سکتے ہیں اور زیادہ پائیدار ہوتے ہیں۔
 
فریزر میں تبدیل ہونے والی سہولت: جدید برانڈز ایسی ٹیکنالوجی والے فریج بنا رہے ہیں جن میں جب چاہیں مخصوص حصوں کو فریزر یا فریج میں تبدیل کرسکتے ہیں۔
 
شیلف کی گنجائش: نئے فریج بناتے ہوئے اس بات کا خیال رکھا جارہا ہے کہ بوقت ضرورت شیلف کو باآسانی باہر نکال کر فریج میں کوئی بڑی چیز( جیسے کہ کیک) رکھنے کی گنجائش بنائی جاسکے۔
 
کول پیک: یہ ایسی خصوصیت ہے جس میں بجلی بند ہونے کے بعد بھی فریج بارہ گھنٹوں تک چیزوں کو ٹھنڈا رکھ سکتا ہے۔ ایسے فریج ان جگہوں کے لئے بہت مناسب ہیں جہاں بجلی زیادہ جاتی ہے۔
 
وولٹیج اسٹیبلائزر: پاکستان میں بجلی کا بار بار آنا جانا اور وولٹیج کا کم زیادہ ہونا گھریلو آلات کو خراب کردیتا ہے۔ اس لئے بلٹڈ اسٹبلائزر والا فریج بہترین ہے کیونکہ یہ آپ کے فریج کو وولٹیج کے اتار چڑھاؤ سے ہونے والے نقصانات سے محفوظ رکھتا ہے۔
 
ڈیوڈورائزر: اس خصوصییت میں فریج کے اندر موجود فلٹرز فریج کے اندر کی بو کو ختم کردیتے ہیں۔
 
اسمارٹ فریج
آپ نے اسمارٹ فون تو استعمال کیا ہے لیکن اسمارٹ فریج کی اصطلاح سے بہت کم لوگ واقف ہیں۔ ان فریج میں کیلینڈر اور ٹائم کے ساتھ تصاویر اور وڈیوز دیکھنا بھی ممکن ہوتا ہے۔ اسمارٹ فریج پاکستان میں ابھی تک نہیں دیکھے گئے لیکن آس پاس کے ممالک میں یہ لانچ ہوچکے ہیں جن کی قیمت پاکستانی دو لاکھ اور اس سے اوپر ہے-
YOU MAY ALSO LIKE: