"کووڈ 19 کا مطلب ہے 19 نکات “ اور "شراب نہیں شہد ہے“ تحریکِ انصاف کے یہ وزراء کچھ زیادہ نہیں بولتے؟

image
 
کہتے ہیں خالی ڈبہ آواز زیادہ کرتا ہے کچھ ایسا ہی حال ہماری حکومت کے منتخب شدہ وزیروں کا بھی ہے۔ جن کو وزارت کسی اور کام کے لئے سونپی گئی ہے لیکن ہر قسم کی گفتگو میں دخل اندازی کرنا وہ اپنا فرض سمجھتے ہیں۔ آج ہم بات کریں گے ان حکومتی وزراء پر جو اپنے کام سے زیادہ اپنی بے معنی گفتگو کی وجہ سے زیادہ مشہور ہیں۔
 
1۔ شہباز گل کی لڑائیاں اور مبارکبادیں
یہ حضرت ویسے تو وزیرِاعظم کے مشیرِ خاص ہیں لیکن یہ اپنی متنازع گفتگو اور بیانات کی وجہ سے آئے دن تنقید کا شکار رہتے ہیں۔ گزشتہ سال ایک پریس کانفرنس کے دوران پوچھے گئے سوال کے جواب میں شہباز گل صاحب صحافیوں پر غصہ ہوگئے اور بعد میں سوال پوچھنے والے نجی چینل کے صحافی نے دعویٰ کیا کہ شہباز گل نے کیمرہ بند ہونے کے بعد ان سے اخلاق سوز گفتگو کی ہے جس پر صحافیوں نے ان کی گاڑی روک کر سوالوں کی بوچھاڑ کردی مگر شہباز گل سوال کے جوابات دینے کے بجائے وہاں سے چلے گئے۔اس کے بعد لاہور موٹر وے واقعے کے بعد جب شہباز گل نے عثمان بزدار اور سی سی پی او لاہور کو مجرم کا ڈی این اے میچ ہونے پر مبارکباد دی تو بھی ٹوئٹر صارفین غصے میں آگئے اور شہباز گل سے کہا کہ مبارکباد دینے کی بجائے ان کو پی ٹی آئی کی حکومت کے دوران ایسا واقعہ ہونے پر شرمندہ ہونا چاییے تھا، مگر کیا کریں کہ زیادہ بولنے کے شوق میں انسان صحیح غلط کی پہچان بھی کھو بیٹھتا ہے۔ پچھلے ہی دنوں شہباز گل کی خاتون صحافی غریدہ فاروقی سے ٹوئٹر پر طنزیہ گفتگو بھی کافی مشہور رہی۔
image
 
2۔ کووڈ ١٩ کا مطلب ہے ١٩ نکات
بارشیں برسنے کا کریڈٹ وزیرِ اعظم کو دینے والی زرتاج گل سے کون واقف نہیں۔ یہ خاتون ویسے تو وفاقی وزیر برائے ماحولیاتی تبدیلی ہیں لیکن اپنے بڑبولے پن اور عچیب و غریب بیانات کی وجہ سے خبروں کا حصہ بنتی رہتی ہیں۔ دو سال قبل تمام بڑے سیساتدانوں کے کسی غم کے موقع پر لی گئی تصاویر کا کولاج بنا کر ٹوئٹر پو پوسٹ کرنے پر صارفین کی جانب سے شدید تنقید کا نشانہ بنایا گیا اور اس حرکت کو انسانیت کے منافی کہا گیا۔ اتنا ہی نہیں اسی ٹوئٹ کے جواب میں بختاور بھٹو سے زرتاج گل کی ٹوئٹر پر جنگ کافی مشہور رہی۔ اس کے علاوہ پچھلے دنوں زرتاج گل نے کووڈ 19 کے متعلق کہا کہ “'کووڈ 19 کا مطلب ہے کہ اس کے 19 نکات ہیں جو کسی بھی ملک میں کسی بھی طریقے سے لاگو ہو سکتے ہیں۔ اپنی قوت مدافعت کو وہ پیدا کریں یہ فلو ہے۔'زرتاج گل کے اس مضحکہ خیز بیان اور ماحولیاتی تبدیلی کی وزیر ہونے کے باوجود کووڈ 19 کی اصطلاح سے نا آشنا ہونے پر عوام نے ان پر خوب طنز کے ٹوکرے برسائے۔
image
 
3۔ ٹاک شو میں بوٹ لانے والے فیصل واؤڈا
ٹاک شو میں فوجی بوٹ لے کر آنے والے فیصل واوڈا بھی زیادہ اور بے مقصد بولنے میں اپنا ثانی نہیں رکھتے۔ ٹاک شو میں فوجی بوٹ لا کر اور طنزیہ گفتگو کرنے پر لوگوں نے نا صرف فیصل واوڈا کو بلکہ ٹاک شو کے میزبان کو بھی آڑے ہاتھوں لیا تھا۔ اس کے علاوہ ایک بار اللہ کے بعد دنیا کی سب سے عظیم ہستی عمران خان کو قرار دینے پر فیصل واوڈا کو اپنی جماعت سے بھی تنقید سننی پڑی۔ زیادہ بولنے اور انتہائی حدوں کو چھونے والے بیانات دینے میں فیصل واوڈا کا کوئی ثانی نہیں
image
 
4۔ فواد چوہدری
فواد چوہدری جو وفاقی وزیر برائے سائینس و ٹیکنالوجی ہیں، سائنس سے تو خیر ان کو دور کا واسطہ بھی نہیں لیکن مختلف بیانات دینے کی وجہ سے پاکستان کا بچہ بچہ ان کے نام سے ضرور واقف ہے۔ ن لیگ کے خلاف بیان بازی کرنے میں فواد چوہدری کافی آگے رہتے ہیں لیکن ایک ٹاک شو کے دوران بد عنوانی کی تحقیقات کے بارے میں سوال پر فواد چوہدری کو نیب کی جانب سے نوٹس کا سامنا بھی کرنا پڑا۔
 
5۔ شراب نہیں شہد ہے
“بوتل میں شراب نہیں شہد ہے“ سیاہ کو سفید کرنے والی مثال تو سنی تھی لیکن بقول لوگوں کے شراب کو شہد بنانے والی مثال علی گنڈا پور نے قائم کردی جو کہ کشمیری اور گلگت، بلتستانی امور کے وفاقی وزیر ہیں اس کے علاوہ مریم نواز پر ذاتی نوعیت کے جملے کسنے پر کافی خبروں میں رہ چکے ہیں۔ یہی نہیں بلکہ موجودہ حکومت کے بہت سے وزراء ہیں جو اپنے زیادہ بولنے کی وجہ سے تنازعات اور تنقید کا سامنا کرتے رہتے ہیں ان میں فردوس عاشق اعوان کے علاوہ مراد سعید بھی شامل تھے لیکن اب وہ اسمبلی کے علاوہ میڈیا پر آکر بیان بازی کرتے نظر نہیں آتے جو کہ بلاشبہ ایک اچھی بات ہے اس کے علاوہ سابق وزیر اطلاعات و نشریات فیاز الحسن چوہان کو بھی ان کے متنازعہ بیان کے سبب اپنے عہدے سے ہاتھ دھونا پڑا۔
image
 
تحریکِ انصاف کے حکومتی وزراء کو یہ یاد رکھنا چاہیے کہ عوام وزیروں کو باتیں کرنے کے لئے نہیں اپنی جان، مال کی حفاظت اور ملک کی نگہداشت کی ذمہ داری کے لئے منتخب کرتی ہے اس لئے موجودہ وزراء کو چاہیے کہ اپنی توجہ بیان بازی سے زیادہ اپنے کام پر دیں تا کہ عوام انھیں اچھے لفظوں میں یاد رکھے۔
YOU MAY ALSO LIKE: