|
|
جب بات گرومنگ یا اپنے ظاہری حلیے کو بہتر بنانے کی ہو تو ان کاموں کو
صرف خواتین تک مخصوص رکھا جاتا ہے۔ جب کہ مردوں کا اپنے پہننے اوڑھنے
کا خیال رکھنا بھی بہت ضروری ہے کیونکہ انھیں گھر سے باہر کام کے سلسلے
میں مختلف لوگوں سے ملنا ہوتا ہے جہاں اچھا دکھنا ضروری ہوتا ہے۔
مندرجہ ذیل میں ہم آپ کو کچھ ایسے طریقے بتائیں گے جن سے آپ اپنی شخصیت
کو چار چاند لگا سکتے ہیں۔ |
|
1۔ ڈیوڈرینٹ یا پرفیوم |
جسم کی ناگوار بو سے چھٹکارا پانا سب سے زیادہ ضروری ہے۔ اکثر ایسا ہوتا ہے
کہ ہمیں اپنے جسم سے اٹھنے والی بو کا احساس نہیں ہو رہا ہوتا لیکن آس پاس
کے لوگ ہمارے پسینے کی بو کی وجہ سے ناک پر رومال رکھنے پر مجبور ہوجاتے
ہیں۔ اس لئے نہانے کے بعد ڈیوڈرینٹ یا اینٹیپرسپیرینٹ اسپرے کا استعمال
اپنی عادت بنالیں۔ ڈیوڈرینٹ جلد کو خوشبو پہنچاتا ہے جبکہ اینٹی پرسپیرینٹ
اسپرے جراثیم کش بھی ہوتا ہے۔ ان کے علاوہ وقتاً فوقتاً اسپرے کرنا آپ کے
اردگرد موجود لوگوں پر اچھا اثر قائم کرتا ہے۔ |
|
2۔ گھڑی پہنیں |
گھڑیاں صرف وقت بتانے کے کام نہیں آتیں بلکہ آپ کی شخصیت کے وقار میں اضافے
کا سبب بھی بنتی ہیں۔ گھڑی پہننے والے افراد کو بارعب، وقت کا پابند اور
مصروف انسان سمجھا جاتا ہے۔ اب تو اسمارٹ واچز بھی ملتی ہیں جو وقت بتانے
کے ساتھ مِنی موبائل کا کام بھی کرتی ہیں۔ |
|
|
|
3۔ سن گلاسز |
نظر کے چشموں کے علاوہ، دھوپ کے چشمے نہ صرف شخصیت کو منفرد بناتے ہیں بلکہ
دھوپ کے مضر اثرات سے بھی بچاتے ہیں۔ لیکن سن گلاسز کا انتخاب کرتے ہوئے
ضروری ہے کہ معیار کو ترجیح دی جائے۔ آپ اپنے چہرے کی ساخت کے حساب سے
معیاری سن گلاسز کا انتخاب کرسکتے ہیں۔ |
|
4۔ سن اسکرین |
سن اسکرین کا استعمال صرف خواتین کے لئے نہیں مردوں کے لئے بھی بہت ضروری
ہے کیونکہ گھروں میں رہنے والی خواتین کی نسبت مرد تو گھر سے زیادہ باہر
ہوتے ہیں اور سورج کی مضر شعاعوں کا زیادہ سامنا کرتے ہیں۔ اس لئے منہ
دھونے کے بعد سن اسکرین کریم یا لوشن کا استعمال کرنا اپنے روٹین کا حصہ
بنا لیں۔ |
|
5۔ ہئیر اسٹائل |
سلیقے سے کٹے بال آپ کو ایک مہذب شخصیت کے طور پر نمایاں کرتے ہیں۔ اس لئے
بال بڑھنے پر فوراً ترشوا لیں۔ ممکن ہو تو اپنے چہرے کی مناسبت سے بالوں کا
انداز تبدیل کرواتے رہا کریں اس سے آپ کو خود بھی نیاپن محسوس ہوگا- |
|
|
|
6- یہ باتیں ہمیشہ یاد
رکھیں |
ناک کے بال کاٹنا، ناخن ترشوانا، صاف ستھرے کپڑے پہننا،
اگر داڑھی ہے تو اس کی صفائی کا خاص خیال رکھنا اور کان اور دانتوں کو صاف
رکھنا ایسی بنیادی باتیں ہیں جن کا خیال ہر انسان کو لازمی رکھنا چاہیے۔
خواہ آپ نے کتنی ہی مہنگی گھڑی کیوں نہ پہن رکھی ہو اور کتنا ہی اچھا
پرفیوم کیوں نہ لگایا ہوا ہو اگر ان بنیادی باتوں کو نظر انداز کیا ہوگا تو
آپ کی شخصیت کا اچھا اثر جاتا رہے گا۔ |