کھانا پھینکنے کی عادت سے چھٹکارا پائیں۔ وہ طریقے جن سے بچے ہوئے کھانے کو دوبارہ استعمال کیا جاسکتا ہے

image
 

 گھروں میں مزیدار کھانا بناتے ہوئے کوشش یہی ہوتی ہے کہ اتنی تعداد میں بنالیں جو کم سے کم دو وقت یا اگلے دن تک چل سکے۔ لیکن اکثر ایسا ہوتا ہے کہ یا تو گھر کے افراد ایک جیسا کھانا دوبارہ کھانے سے انکار کردیتے ہیں یا پھر کھانا ہی خراب ہوجاتا ہے۔ جسے بعد میں کچرے کے ڈبے میں پھینک دیا جاتا ہے۔

 
یہ بچا ہوا کھانا جو بظاہر تھوڑا سا ہی ہوتا ہے۔ لیکن تھوڑا تھوڑا ہر گھر سے پھینکا جانے والا کھانا دنیا کے لئے ایک سنگین مسئلہ بن چکا ہے۔ اقوامِ متحدہ کی حالیہ رپورٹ کے مطابق دنیا میں ہر سال 900 ملین ٹن سے زیادہ کھانے کی اشیاء ضائع کر دی جاتی ہیں جن میں 60 فیصد حصہ گھروں سے پھینکے جانے والے کھانوں کا ہے۔
 
image
 
جہاں ایک طرف اتنی خوراک کوڑے کے ڈبے میں چلی جاتی ہے وہیں ایسے لوگ بھی کم نہیں جو کھانے پینے کی چیزیں نہ ملنے کی وجہ سے بھوک سے دم توڑ رہے ہیں۔ 2019 کی ریسرچ کے مطابق 690 ملین لوگ کھانے کی کمی کا شکار رہے۔ اس مسئلے سے نمٹنے کے لئے دنیا بھر میں ایسے اقدامات کیے جارہے ہیں جن سے استعمال شدہ کھانے یا غیر استعمال شدہ غذاؤں کو زیادہ سے زیادہ محفوظ بنایا جاسکے۔ ان اقدامات کا مقصد خوراک کو زیادہ سے زیادہ بچانا اور دنیا سے بھوک کو ختم کرنا ہے۔
 
تو آئیے ہم بھی آپ کو کچھ ایسے طریقے بتاتے ہیں جن سے آپ اپنے گھروں میں بچنے والے کھانے کو دوبارہ استعمال کرکے ہزاروں روپے بچا سکتے ہیں۔
 
پکا ہوا گوشت دوبارہ ستعمال کریں
کھانے سے بچی ہوئی مرغی یا گوشت سے ہڈی نکال کر علیحدہ کر لیں تو اسے مختلف چیزیں مثلاً کٹلٹس،کباب، سوپ وغیرہ کے لئے استعمال کیا جاسکتا ہے۔
 
image
 
سبزیاں کیسے استعمال کریں
گوشت کی طرح پکی ہوئی سبزیوں کو بھی دوبارہ استعمال کیا جاسکتا ہے۔ اور اگر زیادہ مقدار میں کچی سبزیاں موجود ہوں تو ان کو دھونے کے بعد سکھا کر ہلکا سا فرائی کر لیں تو زیادہ عرصے تک محفوظ رکھا جاسکتا ہے۔ یہ فرائیڈ سبزیاں سلاد کا ذائقہ بڑھا دیتی ہیں۔ اس کے علاوہ سبزیوں کے ٹکڑوں کو سرکہ اور تیل میں ڈال کر اچار بھی بنایا جاسکتا ہے۔
 
سالن کا سوپ
اکثر سالن کے اندر بوٹیاں ختم ہوجاتی ہیں اور خالی گریوی بچ جاتی ہے جسے عام طور پر پھینک دیا جاتا ہے۔ جبکہ یہ سالن حسبِ ذائقہ پکا ہوا اور غذائیت میں بھرپور ہوتا ہے۔ بچے ہوئے سالن یا گریوی سے مزیدار سوپ تیار کیا جاسکتا ہے۔ یا پھر ابالنے کے بعد ائیر ٹائٹ ڈبوں میں بھر کر فریز کیا جاسکتا ہے۔
 
چھلکے بیکار نہیں ہوتے
پھلوں اور سبزیوں کے چھلکوں میں اکثر پھل سے بھی زیادہ صحت بخش اجزاء موجود ہوتے ہیں۔ لیموں، کینو، ، سیب وغیرہ کے چھلکوں کو اچھی طرح دھو کر چھوٹے چھوٹے ٹکڑوں میں کاٹ لیں تو یہ سلاد میں استعمال کیے جاسکتے ہیں جو ذائقے کے علاوہ سلاد کی خوشبو بھی بڑھا دیتے ہیں۔
 
image
 
پودوں کے لئے کھاد بنائیں
کیا آپ جانتے ہیں کہ آپ کے باورچی خانے کا کچرا آپ کے پودوں کے لئے بہترین کھاد بن سکتا ہے؟ کیونکہ اس کچرے میں تمام غذائیت اور وہ نباتات موجود ہوتےہیں جو آپ کے پودوں کو اپنی نشونما کے لئے درکار ہوتے ہیں۔ سبزیوں،پھلوں کے چھلکے، انڈے کے چھلکے اگر پانی بھر کر بالٹی میں ڈال دیے جائیں اور یہ پانی پودوں کو دیا جائے تو یہ بہترین کھاد کا کام کرے گا اس کے علاوہ اس کچرے کو مٹی میں دبا کر بھی کھاد تیار کی جاسکتی ہے۔
 
سب سے اہم بات یہ ہے کہ سب سے پہلے آپ کوشش کریں کہ کھانا اتنا ہی خریدیں اور پکائیں جتنی ضرورت ہو اور زائد کھانے کو غریب اور مستحق افراد میں بانٹ دیں تا کہ ان کی غذائی ضروریات پوری ہوسکیں۔ کیونکہ آپ کوئی بھی طریقہ استعمال کرلیں، خوراک کو مہینوں تک محفوظ نہیں کیا جاسکتا اور نہ ہی کرنا چاہیے تو کیا یہ بہتر نہیں کہ ہم خدا کے بھیجے ہوئے رزق سے کسی بھوکے کی مدد کردیں؟
 
YOU MAY ALSO LIKE: