کینو کھانے سے انکار کفران نعمت کے سوا اور کچھ نہیں
ہوسکتا ۔ مزے دار کینو وٹامن سی سے بھرپور ہوتے ہیں جو قوت مدافعت میں
اضافے کے ساتھ صحت کے بے شمار مسائل کا حل ہیں۔ مزے دار کینو کے فوائد اپنی
جگہ لیکن دلچسپ بات یہ ہے کہ اسکے چھلکے بھی نہایت فائدے مند ہیں جنہیں عام
طور پر کوڑے دان میں پھینک دیا جاتا ہے ۔
ماہرین صحت کے مطابق کینو کے چھلکوں کو چھوٹے چھوٹے ٹکڑوں کی شکل میں کھایا
جا سکتا ہے ‘ انہیں باریک باریک کاٹ کر سلاد میں استعمال کیا جا سکتا ہے ‘
ان کے جام اور مارملیڈ بنائے جاسکتے ہیں اور ان کی اسمودی بھی بنائی جاسکتی
ہے۔کینو کے چھلکوں کو میٹھے پکوانوں میں سجاوٹ کیلئے استعمال کیا جاتا ہے
جبکہ ان کا استعمال دہی‘ مفن ‘ ڈبل روٹی یا کیکس میں بھی کیا جاتا ہے۔کینو
کے چھلکوں کو کاٹ کر خشک کریں اور اس سے مزیدار اور وٹامن سی سے بھرپور
چائے بنائیں۔
کینو کے چھلکوں میں پایا جانے والا قدرتی تیل چیزوں کی صفائی کیلئے بہترین
سمجھا جاتا ہے جبکہ اس کی خوشبو فضا کو تروتازہ کرنے کیلئے بہترین ہے ۔فریج
کی ناگوار بو کو دور کرنے اور فریج کو تروتازہ رکھنے کیلئے کینو کے چھلکوں
پر نمک چھڑک کر فریج میں رکھ دیں۔ نمک ملے یہ چھلکے فریج کی نمی اور بدبو
کو جذب کرنے کی خاصیت رکھتے ہیں ۔اس کے ساتھ ساتھ یہ چھلکے فریج میں خوشبو
پیدا کرتے ہیں۔کینو کے چھلکے لکڑی کی چیزوں پر پڑے داغ دھبوں کو مٹانے اور
انہیں چمکدار بنانے کے کام بھی آتے ہیں۔ایک جار کو کینو کے چھلکوں سے آدھا
بھرلیں‘ پھر سرکہ بھریں ڈھکن لگاکر دو ہفتے کیلئے چھوڑ دیں۔ جار میں سے
کینوکے چھلکے نکال کر پھینک دیں اور سرکے کو اسپرے بوتل میں بھر کر فرنیچر
کے داغ دھبوں کی صفائی کیلئے استعمال کریں۔کینو میں وٹامن سی وافر مقدار
میں پایا جاتا ہے جو بالوں کو چمکدار ملائم اور نرم بناتا ہے۔ کینو کو
چھلکے سمیت بلینڈر میں یکجان کرکے بالوں میں لگائیں 20منٹ کے بعد صاف پانی
سے دھولیں ‘ چند مرتبہ کے استعمال سےبال نرم‘ ملائم اور چمکدار ہوجاتے ہیں۔
کپڑوں کی بدبو دور کرنے کیلئے کینوکے چھلکے کاٹ کر خشک کریں اور الماری میں
رکھ دیں‘ کپڑوں میں سے خوشبو آنے لگے گی۔کینو کے چھلکوں کو اُبال کر نہانے
والے پانی میں شامل کردیں۔ اس پانی سے نہانے سے جسم سے بھینی بھینی خوشبو
آتی ہے اور جلد تروتازہ رہتی ہے۔چھلکوں کی تیزابیت دانتوں کو چمکدار بناتی
ہے ۔ایک بار اپنے دانتوں کو ان چھلکوں سے صاف کریں اور فرق دیکھیں۔
کینو کے چھلکوں کو جلد پر ملنے سے مچھر قریب نہیں پھٹکتے ۔چھلکوں کو سرکے
میں بھگو کررکھیں اور اس کی مدد سے فرنیچر کے داغ اور نشانات صاف کریں۔کینو
کے چھلکوں کوسکھاکر پیس لیں ‘ اسے شہد میں ملائیں اور بطور ماسک چہرے پر
استعمال کریں۔
اگر آپ باورچی خانے میں موجود کچرے کی بو سے پریشان ہیں تو باسکٹ میں کینو
کے چھلکے ڈال دیں‘ناگوار بو کا خاتمہ ہوجائے گا۔ چولہے پر لگی چکنائی کے
داغ چھلکوں سے صاف کریں۔ان چھلکوں کو کاٹ کر سکھالیں اور انہیں گھر کی
سجاوٹ کےلئے کسی شیشے کے برتن میں ڈال کررکھیں۔
|