“چینی 68 روپے کلو“ وزیرِاعظم نے مہنگائی کو قابو کرنے کے لئے اہم اعلان کردیا

image
 
دنیا بھر میں رمضان کریم کے موقع پر اشیائے خوردونوش کی قیمتوں میں کمی ہوجاتی ہے لیکن بدقسمتی سے پاکستان میں اس مبارک مہینے میں ذخیرہ اندوزوں کی آنکھیں لالچ سے مذید چندھیا جاتی ہیں۔ ابھی رمضان شروع ہونے میں بارہ دن باقی ہیں لیکن ہر چیز کی قیمت جو پہلے ہی آسمان سے باتیں کررہی تھی مذید بڑھ چکی ہے۔ البتہ یوٹیلیٹی اسٹورز پر چیزیں نسبتاً کم قیمت میں دستیاب ہوں گی۔
 
کس چیز کی قیمت میں کتنا اضافہ ہوا ہے
کراچی میں کھانا پکانے کا تیل 280 فی لیٹر اور مرغی کا گوشت 450 روپے کلو کے حساب سے فروخت ہونے لگا ہے اور چینی 105 روپے فی کلو کے حساب سے دستیاب ہےاس کے علاوہ کیلا 100 روپے اور سیب 300 کلو کے حساب سے مل رہا ہے۔ جبکہ کوئٹہ میں مرغی کا گوشت 420 روپے کِلو اور بکرے کا گوشت 1200 روپے کِلو میں بک رہا ہے۔ ملتان اور اسلام آباد میں بھی پھل، سبزی اور کریانے کی اشیاء کی قیمتیں بڑھنے سے شہری پریشان ہیں۔
 
مہنگائی کی شرح میں واضح اضافہ
وفاقی ادارہ شماریات کے مطابق مہنگائی کی شرح 15.3 فیصد پر پہنچ چکی ہے۔ ٹماٹر جو کچھ دن پہلے 35 روپے کِلو کے حساب سے دستیاب تھا اب 100 روپے فی کلو تک پہنچ گیا ہے۔ آلو اور پیاز بھی 30 روپے سے بڑھ کر 50 روپے فی کلو تک پہنچ گیا ہے۔ پشاور میں بھی کھانے پینے کی چیزوں میں 10سے 15 روپے فی کلو کے حساب سے قیمتیں بڑھی ہیں۔
 
image
 
وزیرِ اعظم اس سلسلے میں کیا کہتے ہیں
وزیرِاعظم نے بنی گالا میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس سال رمضان المبارک میں ہر چیز کی نگرانی وہ خود کریں گے اور ذخیرہ اندوزوں پر نگاہ رکھنے کی سخت ہدایات بھی جاری کی ہیں۔ اس کے ساتھ ہی حکومت نے یوٹیلیٹی اسٹورز پر رمضان ریلیف پیکج کی منظوری بھی دے دی ہے۔
 
یوٹیلیٹی اسٹورز میں کیا قیمتیں ہوں گی
رمضان پیکج کے تحت یوٹیلیٹی اسٹورز پر چینی 68 روپے کلو بیچی جائے گی۔ جب کے آٹے کا 20 کلو کا تھیلا 800 میں فروخت ہوگا اس کے علاوہ اشیائے خوردونوش میں شامل تمام چیزوں اور کھجور پر بھی سبسڈی دی جائے گی۔ یوٹیلیٹی اسٹورز پر رمضان ریلیف پیکج کی قیمتوں کا اطلاق 10 اپریل سے ہوگا۔
image
YOU MAY ALSO LIKE: