اب اس ڈھیر میں سے دوپٹہ کیسے ڈھونڈوں؟ کپڑوں کی الماری ترتیب دینے کے آسان طریقے

image
 
اب اس ڈھیر میں سے دوپٹہ کیسے ڈھونڈوں؟ صائمہ نے منہ ہی منہ بڑبڑاتے ہوئے کہا
 
دیر تو صائمہ کو بھی ہورہی تھی۔ اپنے کپڑے تیار کرنے کے بعد اسے شوہر کے کپڑے بھی تیار کرنے تھے اور پھر اسے بھی دفتر پہنچنا تھا لیکن الماری میں کپڑوں کا ڈھیر اتنا الجھا ہوا تھا کہ آدھے سے زیادہ وقت چیزیں تلاش کرنے میں ہی ضائع ہوجاتا تھا۔ صائمہ روز سوچتی کہ اس ہفتے چھٹی والے دن الماری ترتیب دے گی لیکن وقت کی کمی اور چیزوں کا ڈھیر دیکھ کر اس کی ہمت جواب دے جاتی۔
 
بے ترتیب الماریاں اور کپڑوں کی چھوٹی بڑی گھٹریاں تقریباَ ہر گھر میں موجود ہوتی ہیں۔ ان کا نقصان یہ ہوتا ہے وقت پر کوئی چیز نہیں ملتی اور ملتی بھی ہے تو اتنی شکن آلود کہ کئی بار استری کرکے پہننا پڑتی ہے۔ ظاہر ہے صبح کی افراتفری میں تو صرف چیزیں تلاش کرنے کے لئے اتنا وقت نکالنا تو ممکن نہیں اس لئے ہم یہاں ہم کچھ ایسے طریقے بتانے جارہے ہیں جن کو پابندی سے اپنالینے سے آپ کو ہمیشہ کے کے لئے اس مسئلے سے چھٹکارا مل سکتا ہے اور اگلی بار چیزیں ڈھونڈنے میں آپ کا وقت بھی نہیں برباد ہوگا۔
 
1- فینسی اور نازک کپڑوں کو ہینگ کریں
شادی بیاہ میں پہننے والےخواتین کے کپڑوں پر کڑھائی وغیرہ ہوتی ہے اسی طرح الماری میں روز کی کھینچا تانی سے مردانہ کپڑوں کی بھی کریز خراب ہونے یا بٹن ٹوٹنے کا اندیشہ ہوتا ہے اس لئے خاص موقعوں پر پہنے جانے والے کپڑوں کو ہینگر میں لٹکا کر رکھیں۔ اگر زیادہ عرصے تک استعمال نہیں کرنے تو پلاسٹک بیگ میں بھی ہینگ کیے جاسکتے ہیں۔
image
 
2- کیبنٹس اور درازیں بنوائیں
الماری میں ہینگنگ کے لئے مناسب جگہ چھوڑنے کے بعد زیادہ سے زیادہ کیبنٹس اور درازیں بنوائیں۔ اس سے آپ کو چیزیں رکھنے کے لئے جگہ مخصوص کرنے میں آسانی ہوگی۔ مثلاً زیرِجامہ کپڑے ایک مخصوص دراز میں رکھیں۔ ٹی شرٹس ، ٹراؤزر وغیرہ علیحدہ کیبنٹس میں اسی طرح شلوار قمیض کے جوڑے علیحدہ کیبنٹ میں۔ وہ خانہ جو سب سے اوپری جگہ ہو وہاں ایسے کپڑے رکھیں جن کا استعمال فی الحال نہیں کرنا یا جن کا موسم نہیں۔ اس طرح جگہ تقسیم کرنے سے آپ کو ڈھونڈھنے اور دوبارہ رکھنے میں آسانی ہوگی۔ پھر آپ دیکھیں گے کہ آپ کے پاس کتنی جگہ ابھی بھی باقی رہ گئی ہے۔
image
 
3- جیولری، ٹائی ، اسکارفس کو بھی ہینگ کریں
جیولری اور ٹائی جیسی چیزیں نازک بھی ہوتی ہیں اور اگر ان کو احتیاط سے نہ رکھا جائے تو یہ الجھ کر خراب ہوسکتی ہیں اس کا بہترین حل یہ ہے کہ ان کو الگ الگ لٹکا کر رکھا جائے۔ بازار میں ہر قسم کے آرگنائزر آسانی سے دستیاب ہیں۔ آپ اپنی ضرورت کے حساب سے ان کا انتخاب کرسکتے ہیں۔
image
 
4- چھوٹی چھوٹی چیزیں رکھنے کے لئے ڈبوں کا استعمال کریں
کیچرز، ہیئر کلپ، کلچسز، کیپس اور چھوٹے ہینڈ بیگز وغیرہ ڈبوں میں بھی رکھے جاسکتے ہیں۔ اس طرح کرنے سے ایک تو ان کو بعد میں ڈھونڈنے میں آسانی رہے گی اس کے علاوہ ڈبوں میں رکھنے سے چیزوں پر دھول مٹی نہیں جمے گی۔ پہچان کے لئے ڈبوں پر اسٹیکرز لگائے جاسکتے ہیں۔
image
 
5- جوتے اور چپل
الماریوں میں سب سے برا حال چوتے اور چپلوں کا ہوتا ہے کیونکہ عام طور پر ایک کے اوپر ایک بے ترتیب جوتے رکھنے سے نیچے والے دب کر اپنی اصلی ساخت ہی کھودیتے ہیں اس لئے جوتے اور چپلیں رکھنے کے لئے اسٹینڈ کا استعمال کریں۔ جوتوں کو پلاسٹیک بیگز میں باندھ کر اسٹینڈ پر علیحدہ علیحدہ رکھیں تاکہ وہ خراب نہ ہوں۔
image
 
6- بچوں کو اس کام میں شامل کریں
الماری ترتیب دینا ایک تھکا دینے والا عمل ہے اس لئے ایک ہی دن کے بجائے اسے مختلف حصوں میں تقسیم کرکے انجام دیا جائے تو بہتر ہے۔ نیز الماری ترتیب دینے میں بچوں کو بھی شامل کریں۔ اس کے لئے آپ انھیں کوئی بھی آسان کام سونپ سکتے ہیں جیسے کے کپڑے تہہ کرنا، اسکارفس ایک طرف جمع کرنا وغیرہ اسطرح ایک تو وہ اس عمل کو کھیل سمجھ کر خوشی خوشی انجام دیں گے دوسرے اس سے ان کے اندر چیزوں کو جگہ پر رکھنے کے لئے احساسِ زمہ داری بھی پیدا ہوگا۔
image
YOU MAY ALSO LIKE: