ْجسم فروشی سے بڑا جرم

 ماہ ِ صیام کا مقدس مہینے میں جہاں پوری دنیاکے مسلمان رحمتیں سمیٹ رہے ہیں وہاں کچھ ایسے بھی ہیں جو دونوں ہاتھوں سے نوٹ اکٹھے کرنے کیلئے حدسے گذرجاتے ہیں حقیقت میں تو یہ مہینہ خود احتسابی کا بھی ہے یہ کہتے ہوئے درویش کے چہرے پر مسکراہٹ تھی ایک دل آویز مسکراہٹ لیکن لہجہ انتہائی سنجیدہ۔۔اس نے کہا اگر خودکا محاسبہ کرنا پڑ جائے تو بتائیے بجل پھر اچھے گوشت کے پیسے وصول کرکے ہڈیاں ،چھچھڑے اور چربی کے ساتھ ساتھ آلائشیں بھی ساتھ تول دینے والے قصائی کی کیا حالت غیر نہ ہوجائے گی درویش کی بات سن کر سب کو چپ لگ گئی جیسے سناٹا چھاگیاہواس نے کہا ماہ ِ رمضان میں مساجد عبادات کرنے والوں سے بھرجاتی ہے لیکن ایک روپے کی چیز 10کی فروخت کرنے والے کی ادا کو کیا کہئے دل احساس سے عاری ہونے پر سمجھ لیا جائے کہ اکثریت فیشن کے طور مساجد جاتی ہے بلاشبہ دلوں کے بھید اﷲ خوب جانتاہے پھر اگریہ عبادات، نبی ٔ مکرم ﷺ سے عشق کا دعویٰ اور اﷲ سے لو لگانے کی کوشش سے ہماری عادات اور دلوں میں نرمی پیدانہیں ہوتی تو پھر یہ سب کچھ عبث ہے ۔یہ سوچناپڑے گا کہ ریڑھی والوں کو تنگ کرکے مفت سبزیاں اور پھل گھر لے جانیوالے پولیس کانسٹیبل اور کارپوریشن کے اہلکار روزہ کیسے افطارکریں گے؟ کوئی کچھ نہیں جانتا۔یاپھر خالص دودھ کے نام پرسٹارچ لگا کر پانی اور پاؤڈر کی ملاوٹ کرنے والا دودھ فروش کیسے مال کمائے گا یہ بھی سوچنے کی بات ہے کہ کسی بے گناہ کے ایف آئی آر میں ناکردہ گناہ لکھنے والا انصاف پسند ایس ایچ او کیا کرے گا؟یہ کوئی بتائے گا کہ 500 یونٹ کو 1500 یونٹ لکھنے والا میٹر ریڈر کیاکرے گا یا یاپھرگھر بیٹھے کر حاضری لگوا کرحکومت سے مفت کی تنخواہ لینے والے سرکاری ملازم ،یا قومی اداروں میں بھرتی ہونے والا سیاستدانوں کے چہیتے کو کام کرناپڑجائے تو ان پر کیا بیتے گی۔ ناپ تول میں کمی کرکے دوسروں کے حق پر ڈاکہ ڈال کر پورا پیسہ لینے والے دکاندار یا اچھی قیمت لے کر گلاسڑا فروٹ فروخت کرنے والے کدھرجائیں گے۔اس بات کی چرچا بھی ضروری ہے کہ معمولی سی رقم کے عوض سچ کو جھوٹ اور جھوٹ کو سچ ثابت کرنیوالے وکیل خوداحتسابی کیلئے کون سافارمولا ایجادکریں گے ۔ درویش نے کہا آج رات سوتے وقت تنہائی میں اپنے آ پ سے ایک سوال ضرورکرنا کہ عبادت کے باوجود آپ کا دل سخت کیوں ہے؟دلوں میں نرمی سے مزاج خوشگوارہوجاتاہے سخت دل والے کبھی جائے نماز میں اﷲ کے حضوردعاکرتے وقت تھوڑا سا رولیاکریں اس سے دلوں کی کثافت دھل جاتی ہے ورنہ عام آدمی کڑھتا رہتاہے اپنے آفیسر کے لئے رشوت وصول کرنے ولا فرنٹ مین معمولی سا چپڑاسی یاپھر کھیل کے بین الاقوامی مقابلوں میچ فکسنگ کر کے ملک کا نام بدنام کرنیوالے کھلاڑیوں کا ضمیر جاگے گا؟۔ سیاست سیاست کھیلتے ہوئے کروڑوں کا بجٹ غبن کرکے دس لاکھ کی سڑک بنانے وا لے ارکان ِ اسمبلی یا وزیر مشیر،میگاپراجیکٹ میں اربوں روپے سے بیرون ممالک جائیداد بنانے والے حکمران توبہ تائب ہوجائیں گے یا لاکھوں کی کرپشن کرکے ہزار وں کے ترقیاتی کام کروانے والے بلدیاتی نمائیدے اورہزاروں کا غبن کرکہ چند سو میں ایک نالی پکی کرنے والا ضمیر فروش کونسلر یا پھر دواؤں اور لیبارٹری ٹیسٹ پر کمیشن کے طور پر عمرہ کرنے والے ڈاکٹر وں کا کیا بنے گا ؟۔اکثرخیال آتاہے اپنے قلم کو بیچ کر پیسہ کمانے والا ،حکمرانوں کی کاسہ لیسی کرنے والے صحافیوں کا چولہا کیسے جلے گا؟پھر مذہب کا لبادہ اوڑھ کردین فروش ملاں کیا کرے گا؟ یہ سوال تو دل میں ترازو ہے کہ اگر ان سب لوگوں نے خود کا محاسبہ نہیں کیا تو پھر معاشرہ کیسے بہتری کی طرف جاسکتا ہے روزے کے نام پر فقط بھوکا پیاسارہنا تو اﷲ کو گوارانہیں اگر ہم برائیاں نہیں چھوڑتے تو یہ خودفریبی کے مترادف ہے اور اﷲ سے تو کوئی چیزمغفی یا پوشیدہ نہیں وہ تو دلوں کے بھید اور نیتوں کوبھی خوب جانتاہے۔درویش نے کہا عبادات سے اﷲ دلوں کو پھیردیتاہے نرمی اور گداز پیدا ہونا یقینی بات ہے ہمارا معاملہ یہ ہے کہ ہر شخص دوسروں کی اصلاح چاہتاہے دن رات دوسروں کو سکون غارت کرنے والے بھی اﷲ سے جنت کے طلبگار ہیں ۔ہے نہ خودفریبی صرف اپنی اصلاح کرنے والے خود احتسابی کرسکتے ہیں کیونکہ خود احتسابی سوئے ہوئے ضمیرکو جگادیتی ہے۔مفت کی تنخواہ لینے والے سرکاری ملازم، ناپ تول میں کمی کرنے والے،سچ کو جھوٹ اور جھوٹ کو سچ ثابت کرنیوالے ،ملاوٹ کرنے والے،مفت سبزیاں اور پھل گھر لے جانیوالے،بے گناہوں کو جھوٹے مقدمات میں پھنسانے والے،اچھی قیمت لے کر گلاسڑا فروٹ فروخت کرنے والے،دین فروش ملاں،قلم کو بیچ کر مال بنانے والے،فارماسوٹیکل کمپنیوں سے کمیشن کے طور پر عمرہ کرنے والے ڈاکٹر،کرپٹ حکمران اور اپنے اختیارات سے تجاوزکرنے والوں کو خاص طورپر خوداحتسابی کی ضرورت ہے جو ایسا نہ کرے اس کی زندگی میں ماہ ِصیام آئے نہ آئے کیا فرق پڑتاہے اس کا مطلب ہے اس کا ضمیر ملامت نہیں کرتا اورجس کا ضمیر ملامت نہ کرے وہ ضمیرفروش ہے یادرکھو ضمیرفروشی توجسم فروشی سے بڑا جرم ہوتاہے۔
 

Sarwar Siddiqui
About the Author: Sarwar Siddiqui Read More Articles by Sarwar Siddiqui: 462 Articles with 384180 viewsCurrently, no details found about the author. If you are the author of this Article, Please update or create your Profile here.