دنیا کی نمبر ون ای کامرس کمپنی “ایمیزون“ کی پاکستان آمد۔۔ کیا پاکستانی مصنوعات ایمیزون کے تحت دنیا میں اپنی جگہ بنا پائیں گی؟

 
 
دنیا کی سب سے بڑی ای کامرس کمپنی "ایمیزون" اب بہت جلد پاکستان کو بھی اپنی صارفین کی فہرست میں شامل کرنے والی ہے۔ وزیراعظم کے مشیرِ تجارت و سرمایہ کاری عبدالرزاق داؤد نے ٹوئٹ کیا ہے کہ پاکستانی حکام جو گزشتہ ایک سال سے ایمیزون سے رابطے میں تھے اب ایمیزون کو پاکستان لانے میں کامیاب ہوگئے ہیں۔ اطلاعات کے مطابق مئی کے مہینے میں ہی ایمیزون، پاکستان کو اپنی سیلر لسٹ میں شامل کرلے گی۔ پاکستان کی ایمیزون میں شمولیت سے نا صرف پاکستان میں لوگوں، خاص طور پرچھوٹے کاروبار کرنے والے افراد کو روزگار کے مواقع ملیں گے بلکہ دنیا بھر میں اپنی مصنوعات کے سبب پاکستان کو اپنا نام بنانے کا موقع بھی ملے گا۔
 
 
ای کامرس کمپنی سے کیا مراد ہے
ای کامرس سے مراد ایسی آن ویب سائٹ یا ایپلیکیشن جو مصنوعات کی خریدوفروخت کرتی ہو اور اس تمام عمل کی مکمل سہولیات جیسے کے پیسوں کی ادائیگی وغیرہ کے معاملات بھی آن لائن نمٹانے کی اہلیت رکھتی ہو۔ پاکستان میں اس کی موجودہ مثال “دراز“ ہے
 
ایمیزون پاکستان میں کس طرح کام کرے گی
"ابیکس کیمبرج پارٹنر" نارتھ امریکہ کے منیجنگ ڈائریکٹر نے بتایا کہ"ایمیزون دنیا بھر میں مشہور نام ہے اس لئے یہ ٹرینڈ سیٹر بھی ہے۔ پاکستانی حکومت نے ابھی 38 اداروں کے نام ایمیزون میں رجسٹریشن کے لئے دیے ہیں البتہ مستقبل میں نوجوان اور گھریلو سطح پر کام کرنے والی خواتین اس پلیٹ فارم سے فائدہ اٹھا سکیں گی۔
 
ونزا پریمئیر پیمنٹس سروسز کے سی ای او عدنان علی کا کہنا ہے کہ پہلے پاکستانیوں کو اگر ایمیزون کے ذریعے کاروبار کرنا ہوتا تھا تو انھیں امریکہ یا کسی دوسرے ملک میں ایک شراکت دار بنانا پڑتا تھا جو وہاں سے رجسٹر ہو کر کاروبار کو آگے بڑھاتا تھا۔ پاکستانی تاجر کو نا صرف ان شراکت داروں پر انحصار کرنا پڑتا تھا بلکہ ان کا ریونیو بھی تقسیم ہوجاتا تھا۔ البتہ اب پاکستانیوں کو کاروبار کے لئے کسی شراکت دار کی ضرورت نہیں رہے گی۔ پاکستان میں ٹیکسٹائل، اسپورٹس کی مصنوعات اور سرجیکل آلات کا معیار بہت اچھا ہے جسے اب دنیا بھر میں اپنی جگہ بنانے کا موقع ملے گا۔
 
شعیب خان کہتے ہیں کہ ایمیزون کی ایک خصوصیت یہ ہے کہ امریکہ یا کسی بھی ملک سے کوئی چیز منگوائی جائے اور صارف کو پسند نہ آئے تو وہ بغیر کسی اضافی خرچے کے اشیاء واپس کرسکتا ہے اس سلسلے میں پاکستان کو دیکھنا ہوگا کہ وہ کن چیلینجز کا سامنا کرسکتا ہے
 
جو کام کوئی حکومت نہ کرسکی
وزیراعظم اعظم کے ترجمان شہباز گل ٹوئٹ کرتے ہوئے کہتے ہیں کہ "پاکستان کی تاریخ میں جو کام پچھلے دس سال سے نہ ہوسکا وہ موجودہ حکومت نے کر دکھایا"۔ شہباز گِل کے مطابق پاکستان کی ایمیزون کی سیلر لسٹ مٰں شامل ہونے کے بعد پاکستان عالمی منڈی میں شامل ہوجائے گا
 
 
ایمیزون کی پاکستان آمد پر عوام بھی خوش ہیں اور اسے پاکستان میں ایک نئے دور کا آغاز قرار دے رہے ہیں
YOU MAY ALSO LIKE: