روزہ اور ہم

روزے کی تین اقسام ہیں:

عوام کا روزہ
خواص کا روزہ
اخص الخواص کا روزہ

عوامی روزہ
صبح صادق سے غروب آفتاب تک عبادت کی نیت کے ساتھ کھانے، پینے وغیرہ سے رُکنا ہے

خواص کا روزہ
مذکورہ روزے کے ساتھ ساتھ کان، آنکھ، زبان، ہاتھ، پاؤں اور باقی اعضا کو گناہوں سے روکنا
آنکھ کا روزہ یہ کہ ہر وہ چیز جسے دیکھنا شریعت نے حرام یا مکروہ قرار دیا ہے اسے دیکھنے سے اپنی آنکھ کو بچانا
زبان کا روزہ یہ کہ گِلے شِکوے، جھوٹ اور جھگڑے وغیرہ سے زبان کو روکے اور تلاوت قرآن پاک، درودِ پاک اور دیگر کلماتِ طیبہ میں مشغول رہے
کان کا روزہ یہ کہ لَغو کلام نہ سنے کیوں کہ سننے والے کو لغو کہنے والے کے برابر گناہ ملتا ہے
باقی اعضا کا روزہ یہ کہ جس طرح کان، آنکھ اور زبان کی گناہوں سے حفاظت ضروری ہے ایسے ہی ہر عضو کو حرام کاری سے بچانا ضروری ہے
روزہ خواص میں یہ بھی ضروری ہے کہ بوقت سحری و افطاری سیر ہو کر نہ کھائے اور روزانہ افطاری کے بعد روزے دار کے دل میں خوف و رجاء ہو کہ شاید آج کا روزہ قبول ہوا ہے یا نہیں؟۔۔۔

اخص الخواص کا روزہ
اس روزے میں دل کی بھی حفاظت ضروری ہے دل کو برے خیالوں، دنیاوی فکروں سے مکمل روکے اس مرتبہ کے حامل لوگوں کے نزدیک دیگر گناہ تو دور اگر دل میں صرف اتنی فکر بھی پیدا ہوئی کہ میں روزہ کس چیز سے افطار کروں گا تو اس پر بھی گناہ لکھا جائے گا۔۔۔روزے کے اس مرتبہ کی تفصیل وہی جانتے ہیں جو اس مرتبہ پر فائز ہیں

ہم اگر روزے کی یہ قسم نہ پا سکیں تو کم ازکم خواص کے روزہ کی تو ضرور کوشش کریں مگر افسوس کے کافی مسلمان عوامی روزے سے بھی محروم ہیں بلکہ بعض نام نہاد مسلمان ایسے بھی ہیں جو روزہ داروں سے مذاق کرتے ہیں

یاد رکھیں ! اگر بندہ حلال سے (یعنی صرف کھانے پینے سے) تو روزہ رکھے اور حرام کام میں مصروف ہو تو امام غزالی رحمۃ اللہ تعالی علیہ فرماتے ہیں کہ:
"ایسا روزہ دار اس شخص کی مانند ہے جو محل بنائے اور شہر گرائے"
یعنی فائدہ کم اور نقصان زیادہ ہوتا ہے یا اس کی مثال یوں سمجھئے کہ
"ضرر سے بچنے کے لیے خوراک تو کم کر دی مگر زہر کو کھا لیا"

الغرض روزوں کو گناہوں سے پاک رکھنا اور ان کا ادب و احترام نہایت ضروری ہے
کیونکہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا:
"بہت سے روزہ دار ایسے ہیں جنہیں اپنے روزے میں بھوک اور پیاس کے سوا کچھ نہیں ملتا" یعنی ثواب سے محروم رہتے ہیں
لہذٰا ہمیں کوشش کرنی چاہیے کہ عوامی روزہ رکھنے کے ساتھ ساتھ خواص کے طریقہ کے مطابق بھی روزہ رکھنے میں کامیاب ہوجائیں

محمد ثوبان انتالوی
١٠- مئی ٢٠٢١ بروز پیر شریف
 

Muhammad Soban
About the Author: Muhammad Soban Read More Articles by Muhammad Soban : 27 Articles with 32220 viewsCurrently, no details found about the author. If you are the author of this Article, Please update or create your Profile here.