برقع سنبھالیے… صرف 4 باتیں جو آپ کو بڑے نقصان سے بچا سکتی ہیں

image
 
آئے روز ہماری اور آپ کی نظروں سے ایسی خبریں گزرتی ہیں کہ موٹر سائیکل کی پچھلی نشست پر سوار خاتون کا برقع پہیے میں پھنسنے سے موٹر سائیکل کو حادثہ پیش آگیا، خاتون اور موٹر سائیکل چلانے والا زخمی ہوگئے۔ ہم نہ صرف ایسی خبریں سنتے رہتے ہیں ہمارے مشاہدے میں بھی آتی ہیں اور ہمارے کئی جاننے والوں کے ساتھ کبھی نہ کبھی ایسا حادثہ ہوچکا ہوتا ہے۔
 
گزشتہ تین ماہ میں ہمارے رشتے داروں اور جاننے والوں میں ایسے تین حادثات پیش آئے۔ پہلے حادثے میں اپنے شوہر کے ساتھ بیٹھی خاتون کو یہ حادثہ پیش آیا ۔ ستم ظریفی یہ ہے کہ وہ خاتون کئی میٹر تک سڑک پر گھسٹتی چلی گئیں تاوقتیکہ برقع پھٹ کر الگ ہوا اور شوہر نامدار کو خبر تک نہ ہوئی۔ دوسری گاڑی والوں نے شوہر ِ نامدارکو کافی دور جاکر روکا اور حادثے کا بتایا تو موصوف کو ہوش آیا اور وہ واپس پلٹے۔اس دوران خاتون کی کمر، ٹانگیں وغیرہ بری طرح زخمی ہوئیں۔
 
دوسرے حادثے میں خاتون کا برقع پھنسا اور وہ موٹر سائیکل سے سڑک پر آرہیں اور ان کے ساتھ ساتھ موٹر سائیکل بھی گر گئی۔ تیسرے حادثے میں بھی پہلے حادثے کی طرح خاتون کا برقع موٹر سائیکل پر پھنسا رہا اور کئی میٹر تک گھسٹتی رہیں، جب کہ ان کی گود میں موجود بچی ان کے ہاتھ سے نکل کر فٹ پاتھ پر گر گئی اور اس کے سر پر شدید چوٹ آئی۔
 
image
 
ایسے حادثات کو دیکھتے ہوئے ہم نے سوچا کہ اس حوالے سے لوگوں کو رہنمائی فراہم کی جائے ۔ شاید کہ اس طرح ان حادثات میں کمی واقع ہو۔اپنے والد، بھائی، بیٹے، شوہر یا کسی بھی رشتے دار کے ساتھ موٹر سائیکل پر بیٹھنے والی خواتین کو چاہیے کہ وہ مندرجہ ذیل احتیاطی تدابیر اختیار کریں تاکہ حادثات سے بچا جاسکے۔
 
۱۔ سب سے پہلے آپ یہ دیکھیں کہ موٹر سائیکل پر چَین کور(Chain Cover) موجود ہے یا نہیں ۔اگر چین کَوَر موجود نہیں ہے تو اپنے گھر والوں سے کہیں کہ اس کا چین کور لگوائیں۔ چین کور لگنے کی صورت میں حادثے کا امکان 80فیصد تک کم ہوجاتا ہے کیوں کہ عبایا، برقع یا چادر پہیے میں نہیں بلکہ چین میں پھنستا ہے۔ اس لیے آج ہی کام کیجیے کہ موٹر سائیکل کا جائزہ لیں۔ اگر چین کور موجود ہے تو اچھی بات ہے، اگر نہیں موجود تو پہلی فرصت میں گھر والوں سے کہیں کہ چین کور لگوائیں۔ یاد رکھیے چار پانچ سو روپے آپ کی جان سے زیادہ قیمتی نہیں ہیں۔
 
image
 
۲۔ دوسری بات: موٹر سائیکل پر بیٹھنے کے بعد جلد بازی نہ کریں بلکہ اطمینان اور تسلی سے بیٹھیں۔ چادر، برقع یا عبایا کو اچھی طرح سمیٹ لیں۔ اس کے بعد سفر شروع کریں۔
 
۳۔ تیسری اور سب سے اہم بات : دورانِ سفر ہم نے ذاتی طور پر یہ مشاہدہ کیا ہے کہ جب خواتین موٹر سائیکل پر بیٹھتی ہیں تووہ چادر یا برقع سمیٹتی ہیں لیکن وہ برقع یا چادر سامنے کی طرف سے سمیٹتی ہیں جب کہ چادر یا برقع ٹانگوں کی پچھلی طرف سے چین میں پھنستا ہے۔ اس لیے موٹر سائیکل پر بیٹھتے وقت چادر یا برقع کو صرف سامنے کی طرف سے نہ سمیٹیں بلکہ پوری طرح سمیٹیں تاکہ سفر کے دوران میں وہ چین کور میں نہ پھنسے۔
 
۴۔ آخری بات: اپنے والد، شوہر، بھائی یا بیٹے کو سختی سے یہ تاکید کریں کہ موٹر سائیکل کو موٹر سائیکل سمجھ کر چلائیں ہوائی جہاز سمجھ کر اُڑانے کی کوشش نہ کریں۔ تیز رفتاری کسی بھی قسم کے حادثے کے امکانات اور اس کی سنگینی کو بڑھا دیتی ہے۔ اس لیے گھر والوں کو سختی سے کہیں کہ سڑک پر موٹر سائیکل دوڑائیں ضرور اُڑائیں نہیں۔
 
یہ ہماری چند گزارشات تھیں۔اگر ہم ان پر عمل کریں تو حادثات سے بچا جاسکتا ہے۔اس لیے ہماری اپنی مائوں بہنوں ، بچیوں سے یہی گزارش ہے کہ مذکورہ بالا ہدایات پر عمل کریں اور دوسروں کو بھی ان احتیاطی تدابیر کے بارے میں بتائیں-
YOU MAY ALSO LIKE: