خاتم النبیین حضرت محمدﷺکی پہلی زوجہ ہونے کا شرف حضرت
خدیجہ رضی اللہ عنہا کوحاصل ہوا ۔آپ رضی اللہ عنہا سے سرور کونین ﷺ بے حد
محبت فرماتے تھے۔آپ رضی اللہ عنہا کا اصل نام خدیجہ تھا اور اہل مکہ آپ کی
پاک دامنی اور پار سائی کی بناء پرآپ کو طاہرہ کے لقب سے پکارتے تھے۔ آپ
رضی اللہ عنہا خاندانِ قریش کی بہت ہی معزز اور پاک دامن خاتون تھیں اورآپ
عرب کی نہایت مالدار اور تاجر خاتون تھیں ۔ آپ رضی اللہ عنہاپہلی خاتون ہیں
جو سب سے پہلے نبی ﷺ پر ایمان لائیں۔ آپ رضی اللہ عنہا نےآغاز ِ اسلام میں
ہونے والی شدید سختیوں اور پریشانیوں میں ہمیشہ آپ ﷺ کا ساتھ دیا۔ اللہ
تعالیٰ کے ہاں آپ رضی اللہ عنہا کا مرتبہ اور مقام یہ ہے کہ اللہ تعالیٰ کی
طرف سے آپ پر سلام بھیجا گیا اور آپ رضی اللہ عنہا کوجنت میں موتیوں سے بنے
گھر کی خوشخبری دی گئی ۔حضرت خدیجہ رضی اللہ عنہا وہ خوش نصیب خاتون ہیں
جنہوں نے کم و بیش پچیس برس آپ ﷺ کے ساتھ بسر کیے۔ آپ زندگی کے ہر معاملے
میں آپ ﷺ کے شانہ بشانہ رہیں ۔با لآخراعلانِ نبوت کے بعد دسویں سال دس
رمضان المبارک کوآپ رضی اللہ عنہا کا وصال ہوا اورآپ ﷺ نے اپنے مقدس ہاتھوں
سے مکہ معظمہ کے قبرستان جنت المعلیٰ میں تدفین کی ۔ آپ رضی اللہ عنہا کے
وصال کے بعد آپﷺ بہت غمگین رہتے تھے اور جس سال آپ رضی اللہ عنہا کا وصال
ہوا وہ سال عام الحزن یعنی غم کا سال کہلایا۔
حرفِ آخر:
حضرت خدیجہ رضی اللہ عنہا کی پوری زندگی تمام مسلمان عورتوں کے لیے مشعلِ
راہ ہے ۔جس طرح آپ رضی اللہ عنہا نے زندگی کے ہر موڑ پرنبی پاک ﷺ کا ساتھ
دیا ،اپنا مال و زر سب کچھ آپ ﷺپر قربان کیا اورہرمعاملے میں آپ ﷺکی معاون
رہیں ، اس سے مسلمان عورتوں کو سیکھنا چاہیئے ۔ اللہ تعالیٰ آپ رضی اللہ
عنہا کے درجات کو بلند فرمائے اور آپ کے صدقے تمام مسلمان عورتوں کو نیک
سیرت ، نیک اخلاق ، اور پاکیزہ بنائے ۔آمین |