اس مہنگائی کے دور میں بھی کچھ فائدہ مند اشیا جو صرف 10 روپے میں مل سکتی ہیں

image
 
بجث کے سامنے آتے ہی ملک بھر میں پہلے سے جاری مہنگائی کے حوالے سے بحث میں شدت آگئی ہے ۔ حکومتی حلقے یہ دعویٰ کرتے نظر آتے ہیں کہ ملک میں مہںگائی میں خاطر خواہ کمی دیکھنے ميں آئی ہے جب کہ دوسری جانب اپوزیشن کا یہ الزام ہے کہ اس وقت ملک میں مہنگائی کا ایک طوفان آیا ہوا ہے - اس وقت ملک میں جو سب سے چھوٹی مالیت کا نوٹ گردش کر رہا ہے وہ دس روپے کا نوٹ ہے جب کہ اس حوالے سے عام عوام کا یہ تاثر ہے کہ دس روپے کے نوٹ کی قدروقیمت اتنی کم ہو چکی ہے کہ اس کو لینا فقیر تک پسند نہیں کرتے ہیں- مگر آج ہم آپ کو بتائیں گے کہ جس دس روپے کو ہم لوگ بے قیمت سمجھتے ہیں اس کی مالیت اتنی کم بھی نہیں ہے بلکہ بہت ساری چیزیں اب بھی اس سے خریدی جا سکتی ہیں -
 
1: کپڑے دھونے کا ڈٹرجنٹ
آج بھی ہمارے ملک میں مختلف کمپنیوں کے بنائے گئے دھلائی کے ڈٹرجنٹ دس روپے کے پیکٹ کی صورت میں دستیاب ہیں جو کہ ایک وقت میں کم از کم تین جوڑے آرام سے دھو سکتے ہیں۔ دس روپے کے پیکٹ کی صورت میں تمام نامور کمپنیوں کے ڈٹرجنٹ آسانی سے دستیاب ہیں اور اکثر گھروں میں خواتین ان کا استعمال بھی کرتی ہیں-
image
 
2: قلم
تعلیم اگرچہ دن بدن پرائیویٹ اداروں میں مہنگی ہوتی جا رہی ہے مگر اگر کوئی تعلیم سے تعلق جوڑنا چاہے تو ان کو لکھنے کا بال پوائنٹ یا پینسل آسانی سے دس روپے میں میسر آسکتا ہے جس سے وہ اپنے لکھنے لکھانے کے شوق کو پورا کر سکتا ہے-
image
 
3: چاکلیٹ
محبت کے اظہار کا سب سے بہترین تحفہ چاکلیٹ ہوتا ہے اور خوش قسمتی سے اب بھی یہ غریبوں کی قوت خرید میں ہے اور دس روپے میں چاکلیٹ خرید کر محبوب کو تحفے کے طور پر دی جا سکتی ہے یہ علیحدہ بات ہے کہ محبوب اتنی کم قیمت تحفے کو قبول کرے یا نہ کرے-
image
 
4: ماچس کی ڈبیا
آگ لگانے کے لیے چند جملے کی کافی ہوتے ہیں اس کا عملی مظاہرہ ہم لوگ اکثر اپنی اسمبلیوں اور ٹاک شوز میں دیکھتے ہیں جہاں ہمارے سیاست دان اپنے جملوں سے اکثر کرتے ہوئے نظر آتے ہیں- مگر اس کے ساتھ ساتھ حقیقت میں آگ لگانے والی ماچس بھی دس روپے میں دستیاب ہے جس کو نہ صرف آسانی سے خریدا جا سکتا ہے بلکہ اس سےآگ بھی لگائی جا سکتی ہے-
image
 
5: چپس کا پیکٹ
بہت ساری ہوا کے ساتھ بچوں کو خوش کرنے کے لیے چند دانے چپس کے اگر آپ دلوانا چاہیں تب بھی یہ دس روپے کا نوٹ آپ کو مایوس نہیں کرے گا اور آپ صرف دس روپے میں بچوں کو یہ چپس دلوا سکتے ہیں- یہ علیحدہ بات ہے کہ اس کی مقدار اتنی کم ہو گی جو کہ ایک بچے کی داڑھ بھی نہیں بھگو سکے گی-
image
 
یہاں یہ امر قابل غور ہے کہ حکومت وقت کی یہ ایک اہم ذمہ داری ہے کہ وہ ملک میں اگر سب سے کم قیمت نوٹ کا اجرا کرتے ہیں تو اس امر کو بھی یقینی بنائیں کہ اشیا کی قیمت اتنی ہونی چاہیۓ کہ یہ نوٹ اپنی وقعت نہ کھو بیٹھے -
YOU MAY ALSO LIKE: