یہ تو چلتی پھرتی الٹرا ساؤنڈ مشین ہوتی ہیں...آپ ماں بننے والی ہیں تو پھر عجیب و غریب دعوے سننے کے لیے تیار ہو جائیں

image
 
کسی بھی خاندان کے لیے یہ خبر بہت خوشی کی ہوتی ہے کہ اس میں اضافہ ہونے جا رہا ہے۔ یہ خبر صرف نئے بننے والے ماں باپ کے لیے ہی خوشی کا باعث نہیں ہوتی ہے بلکہ اس سے جڑے ہر رشتے جن میں دادی، نانی، خالہ، پھپھو سب شامل ہوتی ہیں یہی وجہ ہے کہ حاملہ ماں کے لیے مشوروں کی ایک لائن لگ جاتی ہے- اگرچہ میڈیکل ماہرین بارہا اس بات کو دہرا چکے ہیں کہ اس دنیا میں ہر عورت کے حمل کی حالت و علامات دوسری عورت سے مختلف ہوتی ہے مگر اس کے باوجود ہر عورت اپنے تجربات نئی ماں بننے والی عورت سے لازمی شئير کرتی ہے اور اپنے تجربات کے نتیجے میں ہدایات جاری کرتی ہے جن میں سے کچھ ہدایات کے بارے میں ہم آپ کو آج بتائيں گے-
 
ان چیزوں کے کھانے سے بچہ کالا ہو جائے گا
عام طور پر حاملہ ماں کو اس وقت میں زیادہ سے زیادہ آئرن کی ضرورت ہوتی ہے جوکہ بچے کی نشونما کے لیے ضروری ہوتا ہے اس کمی کو پورا کرنے کے لیے عام طور پر ڈاکٹر زیادہ آئرن والی اشیا کھانے کا مشورہ دیتے ہیں جن میں پالک ، کلیجی ، گاجر ، ٹماٹر وغیرہ شامل ہوتے ہیں اور بعض اوقات ڈاکٹر ایسی خواتین کو آئرن کی گولیاں کھانے کا بھی مشورہ دیتے ہیں- مگر کچھ خدائی فوجدار قسم کی خواتین ایسی بھی ہوتی ہیں جو کہ حاملہ عورت کو زیادہ آئرن والی غذاؤں کے استعمال سے منع کرتی ہیں ان کے نزدیک جو عورتیں ایسی غذائیں استعمال کرتی ہیں ان کے پیدا ہونے والے بچے کالے ہوتے ہیں اس کے ساتھ ساتھ زیادہ کوک پینے سے بھی بچہ کالا ہوتا ہے- اگر ایسا کچھ ہوتا تو انگریزوں کی عورتیں سال کے بارہ مہینے کالے بچوں کی خاطر کوک ہی پیتی رہتیں-
 
تنگ کپڑے مت پہنو بچے کا سانس گھٹے گا
حمل کی حالت میں کچھ لوگوں کا یہ بھی ماننا ہے کہ ماں کو ڈھیلے ڈھالے کپڑے پہننے چاہئیں اگر ماں ٹائٹ یا فٹنگ کے کپڑے پہنے گی تو اس سے بچے کا دم بھی گھٹ سکتا ہے-
 
image
 
تازہ پھولوں کے گجرے مت پہنو ورنہ جن آجائے گا
عام طور پر نئی شادی شدہ لڑکیوں کو پھولوں کے گجرے پہننے کا شوق ہوتا ہے مگر جیسے ہی ان کو یہ خبر ملتی ہے کہ وہ ماں بننے والی ہیں تو اس کو سب لوگ یہ گجرے پہننے سے منع کر دیتے ہیں کہ جو حاملہ عورتیں گجرے پہنتی ہیں ان کے اوپر جن آجاتے ہیں-
 
میٹھا کھانے سے لڑکا ہوتا ہے
اگر حمل کی حالت میں ماں کا میٹھا کھانے کا دل چاہ رہا ہو تو یہ ان آنٹیوں کے نزدیک اس بات کی علامت ہے کہ بیٹا پیدا ہوگا جب کہ اگر ماں کا دل نمکین یا چٹپٹا کھانے کو چاہ رہا ہے تو یہ بیٹی کے پیدا ہونے کی نشانی ہے - یعنی یہ آنٹیاں تو چلتی پھرتی الٹرا ساونڈ مشین ہو گئیں-
 
image
 
مہندی کا ڈیزائن بچے پر چھپ جائے گا
 کچھ خواتین حاملہ عورت کو یہ بھی مشورہ دیتی نظر آتی ہیں کہ حالت حمل میں مہندی مت لگانی چاہیے کیوں کہ اس مہندی کا ڈیزائن بچے کی جلد پر چھپ سکتا ہے ویسے ایک راز کی بات ہے کیا آپ نے کبھی کوئی ایسا بچہ دیکھا جس کے اوپر پیدائشی طور پر مہندی کے ڈیزائن چھپے ہوں اگر ایسا کچھ ہوا ہو تو شئير کریں-
 
چاند گرہن اور سورج گرہن میں سیدھا لیٹو
یہ مشورہ تو عام طور پر سب ہی نے سنا ہو گا کہ جب بھی آسمان پر چاند گرہن یا سورج گرہن لگے تو ایسی صور ت میں حاملہ ماں کو بس لیٹے رہنا چاہیے اگر وہ چھری یا قینچی سے کوئی کام کرے گی تو اس سے بچہ کی آنکھوں میں شعاعیں جائیں گی جو اس کو اندھا بھی کر سکتی ہیں یا پھر پیدائشی طور پر اس کے ہونٹ کٹ جائيں گے یا جسم پر کالے نشان پڑ سکتے ہیں اس وجہ سے اس وقت میں بس لیٹے رہنا چاہیے-
 
جب کہ سائنسی طور پر اس بات میں کوئی بھی حقیقت نہیں ہے
اگرچہ یہ تمام نصیحتیں اور مشورے لوگوں کے ذاتی تجربات کی روشنی میں بیان کیے جاتے ہیں مگر یہ لازمی نہیں ہے کہ یہ حتمی طور پر درست بھی ہوں-
YOU MAY ALSO LIKE: