سیرت عشرہ مبشرہ رضی اللہ تعالی (حصہ 2)


عنوان
حضرت عمر فاروق رضی اللہ تعالی عنہ
از قلم بابر الیاس
سیرت عشرہ مبشرہ رضی اللہ تعالی عنہ کے حوالے سے گزشتہ سیرت میں حضرت ابوبکر صدیق رضی اللہ تعالی عنہ کا بیان ہوا تھا آج میں حضرت عمر فاروق رضی اللہ تعالی عنہ کے بارے میں تاریخ اسلام میں سے کچھ واقعات کا ذکر کروں گا ۔
نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے جن صحابہ رضی اللہ کو جنت کی بشارت دنیا میں دی تھی ان دس صحابہ میں سب سے پہلے حضرت ابوبکر صدیق رضی اللہ تعالی عنہ اور اس کے بعد حضرت عمر فاروق رضی اللہ تعالی عنہ کا نمبر ہے
حضرت عمر فاروق رضی اللہ تعالی عنہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے روشن چراغ ہیں جن کے بارے میں
حضرت ابو ہریرہ رضی اللہ تعالی عنہ سے روایت ہے" کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے ارشاد فرمایا "
کہ تم میں سے پہلی امتوں میں محدثین ہوتے تھے اگر میری امت میں کوئی (محدث) ہے تو وہ عمر ہے,
حضرت ابوسعید رضی اللہ تعالی عنہ فرماتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا,
ایک میں دن سویا ہوا تھا اس دوران میں نے لوگوں کو دیکھا جو میرے سامنے پیش کیے گئے ان لوگوں نے قمیصیں پہن رکھی تھی بعض کی سینے تک اور بعض کی اس سے زیادہ تھی اور میرے سامنے عمر بن خطاب رضی اللہ تعالی عنہ کو بھی پیش کیا گیا اس کی قمیص لمبی تھی کہ گھسیٹ رہی تھی !
صحابہ رضی اللہ تعالی عنہ نے عرض کی کہ آپ صلی اللہ علیہ والہ وسلم نے اس کی کیا تاویل فرمائی !
فرمایا دین ۔
اسی طرح ابن عمر رضی اللہ عنہ سے روایت ہے فرماتے ہیں کہ"
رسول اللہ صلی اللہ علیہ والہ وسلم نے فرمایا "
اللہ نے حق کو عمر کی زبان اور دل میں رکھ دیا ہے ,
حضرت جابر رضی اللہ تعالی عنہ فرماتے ہیں کہ عمر رضی اللہ تعالی عنہ نے ابوبکر رضی اللہ تعالی عنہ سے کہا اے رسول کے بعد سب سے بہتر شخص تو جواب میں حضرت ابوبکر رضی اللہ تعالی عنہ نے کہا تو یہ بات کہتا ہے جب کہ میں نے نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم سے سنا فرما رہے تھے سورج عمر رضی اللہ سے بہتر کسی شخص پر طلوع نہیں ہوا ۔
عقبہ بن عامر رضی اللہ تعالی عنہ کہتے ہیں کہ نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا کہ میرے بعد اگر کوئی نبی ہوتا تو عمر ہوتا ۔
کافر طاقتور اور مسلمان کمزور تھے, کافر زیادہ تھے مسلمان کم تھے, ایمان قبول کرنے والے والوں پر بے پناہ ظلم کیا جاتا تھا مکہ میں جن دو سرداروں کی دہشت کی ان میں ایک ابو جہل کا تھا اور دوسرے عمر بن خطاب کا ۔
اس دوران نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے اللہ سے دعا فرمائی کہ اے اللہ عمر بن الخطاب یا عمر بن ہشام کے ذریعہ اسلام کو عزت اور غلبہ دے اللہ تعالی نے یہ دعا عمر بن خطاب کے حق میں قبول فرمائی جبکہ اس دعا سے پہلے انکی یہ حالت تھی کہ اپنے خاندان میں جس کی اسلام قبول کرنے کی خبر سنتے اس کے دشمن ہوجاتے.
ابو سعید خدری رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ
رسول اللہ صلی وسلم نے فرمایا اہل جنت سب سے اونچے درجات اور مناظر کو یوں دیکھیں گے جس طرح اہل دنیا آسمان پر ستارے دیکھتے ہیں,ایسے ہی ابوبکر اور عمر سب سے اونچے اور اعلی مرتبہ منازل کے لوگوں میں ہونگے اور اس کے مستحق ہیں ۔
حضرے عمر فاروق ابو حفص، الفاروق، امير المؤمنين ,فاروق اعظم
ولادت 583ء سنہ 40 ق ھ
مكہ، تہامہ، شبہ جزيرہ عرب
وفات جمعہ
یکم محرم 24ھ بمطابق
7 نومبر 644ء
المقام الرئيسي
مسجد نبوی، إلى جانب النبي محمد وابو بكر الصديق، مدينہ منورہ
نسب والد:
الخطّاب بن نفيل بن عبد العزى
والدہ:
حنتمہ بنت ہشام بن المغيرہ
أشقاؤه:
زيد بن الخطاب، فاطمہ بنت الخطاب
ازواج:
قريبہ بنت ابی اميہ، و ام كلثوم مليكہ بنت جرول، زينب بنت مظعون، جميلہ بنت ثابت، عاتكہ بنت زيد، ام حكيم بنت الحارث، ام كلثوم بنت علی بن ابی طالب
ذريت:
عبيد الله، زيد الاكبر، زيد الاصغر، عبد الله، حفصہ، عبد الرحمن الاكبر، ابو شحمہ عبد الرحمن الاوسط، عبد الرحمن الاصغر، عاصم، عياض، فاطمہ، رقيہ۔
عمر بن خطاب
(عربی: ابو حفص عمر بن خطاب عدوی قریشی)
لقب فاروق
(پیدائش:
586ء تا 590ء کے درمیان مکہ میں ہوۓ
وفات:
7 نومبر، 644ء مدینہ میں) ابو بکر صدیق رضی اللہ کے بعد مسلمانوں کے دوسرے خلیفہ راشد، محمد صلی اللہ علیہ وسلم کے خسر اور تاریخ اسلام کی اہم ترین شخصیات میں سے ایک ہیں۔
عمر بن خطاب عشرہ مبشرہ میں سے ہیں، ان کا شمار علماء و زاہدین صحابہ میں ہوتا تھا۔ ابو بکر صدیق رضی اللہ کی وفات کے بعد 23 اگست سنہ 634ء مطابق 22 جمادی الثانی سنہ 13ھ کو مسند خلافت سنبھالی۔
عمر بن خطاب رضی اللہ ایک باعظمت، انصاف پسند ,بہادر, تقوی دار اور عادل حکمران تھے، آپ رضی اللہ کی عدالت میں مسلم و غیر مسلم دونوں کو یکساں انصاف ملا کرتا تھا، عمر بن خطاب رضی اللہ کا یہ عدل و انصاف انتہائی مشہور ہوا اور ان کے لقب فاروق کی دیگر وجوہ تسمیہ میں ایک وجہ یہ بھی بنی۔

عمر بن خطاب رضی اللہ ہجری تقویم کے بانی ہیں، ان کے دور خلافت میں عراق، مصر، لیبیا، سرزمین شام، ایران، خراسان، مشرقی اناطولیہ، جنوبی آرمینیا اور سجستان فتح ہو کر مملکت اسلامی میں شامل ہوئے اور اس کا رقبہ بائیس لاکھ اکاون ہزاراورتیس(22,51,030) مربع میل پر پھیل گیا۔ عمر بن خطاب رضی اللہ ہی کے دور خلافت میں پہلی مرتبہ یروشلم فتح ہوا، اس طرح ساسانی سلطنت کا مکمل رقبہ اور بازنطینی سلطنت کا تقریباًً تہائی حصہ اسلامی سلطنت کے زیر نگین آ گیا۔
عمر بن خطاب رضی اللہ نے جس مہارت، شجاعت ,حکمت ؤ دانائی اور عسکری صلاحیت سے ساسانی سلطنت کی مکمل شہنشاہیت کو دو سال سے بھی کم عرصہ میں زیر کر لیا، نیز اپنی سلطنت و حدود سلطنت کا انتظام، رعایا کی جملہ ضروریات کی نگہداشت اور دیگر امور سلطنت کو جس خوش اسلوبی اور مہارت و ذمہ داری کے ساتھ نبھایا وہ ان کی عبقریت کی دلیل ہے۔

حضرت ابو حفص عمر فاروق اعظم رضی اﷲ عنہ بن خطاب بن نفیل بن عبد العزّیٰ بن رباح بن قرط بن رزاح بن عدی بن کعب بن لوئی القرشی کا سلسلہ نسب کعب بن لوئی میں حضور نبی اکرم ﷺ سے ملتا ہے۔ آپ رضی اللہ عام الفیل کے تیرہ سال بعد مکہ مکرمہ میں پیدا ہوئے۔ آپ رضی اللہ نے بڑے ہو کر کشتی، فن سپہ گری اورخطابت میں خوب مہارت حاصل کی۔ آپ رضی اللہ قریش کے لئے سفیر کے فرائض بھی انجام دیتے تھے۔ عدل وانصاف اور دیانتداری کی وجہ سے زمانہ جاہلیت میں ہی آپ رضی اللہ کو قبائل عرب اپنے جھگڑوں میں ثالث تسلیم کرتے تھے۔ آپ رضی اللہ نے تجارت کا پیشہ اختیار کیا اور دور دراز علاقوں کے سفر کئے جس کی بدولت تجربہ اور دور بینی میں خوب اضافہ ہوا۔

قبول اسلام
نبوت کے پانچویں سال یا چھٹے سال مسلمانوں نے ﷲ تعالیٰ اور اس کے رسول اکرم ﷺ اور دین اسلام کی بے مثال محبت کا مظاہرہ کرتے ہوئے وطن، کاروبار، خاندان اور اپنے پیاروں کو چھوڑ کر مکہ مکرمہ جیسے بلد امین سے جانب حبشہ ہجرت کی تو ایک صحابیہ ام عبد اﷲ بنت ابی حشمہ رضی اﷲ عنہا کو ہجرت کرتے دیکھ کرعمر مشتعل ہوئے کہ خواتین کی ہجرت سے قریش کی شدید بدنامی ہو گی اور پیغمبر اسلامﷺ کو قتل کرنے کے لئے گھر سے نکلے کہ راستے میں ایک صحابی رسول نعیم بن عبد اﷲ رضی ﷲ عنہ سے ملاقات ہوئی اپنا مقصد ظاہر کیا تو حضرت نعیم رضی اﷲ عنہ نے فرمایا: پہلے گھر کی خبر لو!
تمہاری بہن فاطمہ بنت خطاب اور تمہارے بہنوئی سعید بن زید بھی مسلمان ہو چکے ہیں، انتہائی غصے کی حالت میں اپنی بہن کے گھر پہنچے تو گھر کے اندر حضرت خباب بن الارت رضی اﷲ عنہ، حضرت سعید رضی اللہ اور حضرت فاطمہ رضی اﷲ عنہما کو قرآن پڑھا رہے تھے۔ قرآن مجید کی آواز سن کر اور زیادہ مشتعل ہوئے، حضرت خباب رضی اللہ اندر چھپ گئے، عمر گھر کے اندر داخل ہوتے ہی اپنے بہنوئی حضرت سعید بن زید رضی اﷲ عنہ کو شدید زدوکوب کرنے لگے، فاطمہ رضی اﷲ عنہااپنے شوہرکو چھوڑانے کیلئے قریب آئیں تو انہیں بھی زخمی کر دیا۔ اسی موقع پر حضرت فاطمہ بنت خطاب رضی اللہ نے غضب ناک ہو کر فرمایا:
’’اے عمر تیرے دین میں حق نہیں ہے اور کہا: ’’اشھد ان لا الہ الا اللّٰہ واشھد ان محمدا عبدہ ورسولہ‘‘
عمر نے کہا: مجھے وہ اوراق دکھاؤ جن کی تم تلاوت کر رہے تھے حضرت فاطمہ رضی اﷲ عنہ نے فرمایا:
تم لوگ غسلِ جنابت نہیں کرتے اور اِن اوراق کو صرف پاک لوگ چھو سکتے ہیں۔ عمر نے طہارت حاصل کی اور
’’طٰہٰo مَآ اَنْزَلْنَا عَلَیْکَ الْقُرْاٰنَ لِتَشْقٰٓی سے لے کر اِنَّنِیْٓ اَنَا اﷲُ لآ اِٰلہَ اِلَّاآ اَنَا فَاعْبُدْنِیْ وَ اَقِمِ الصَّلٰوۃَ لِذِکْرِی‘‘(طٰہٰ:۱۴)
تک پہنچے تو کہا کتنا حسین بلند اور میٹھا کلام ہے۔ مجھے حضرت محمد ﷺ کے پاس لے چلو۔
چنانچہ بارگاۂ ِ نبوت میں حاضر ہو کر اسلام قبول کیا,حضرت عمر مراد ِ رسول ہیں کیونکہ آپکے اسلام لانے سے دو روز قبل رسول اﷲ ﷺ نے دعا کی تھی:
’’اللّٰھُمَّ اَعِزِّ الْاِسْلَامَ بِعُمَرَبْنِ الْخَطَّابِ اَوْ بِعَمْرِو بْنِ ہِشَام۔‘‘
ترجمہ: ’’اے اﷲ عمر بن خطاب یا عمرو بن ہشام (ابو جہل) میں سے کسی ایک کے ذریعے اسلام کو عزت وغلبہ عطا فرما۔‘‘ (جامع ترمذی باب فی مناقب ابی حفص )
آپ رضی اللہ کے قبول اسلام پر ایک روایت کے مطابق مسلمان مردوں کی تعداد چالیس ہو گئی اور آیت نازل ہوئی:
’’یٰٓاَیُّھَا النَّبِیُّ حَسْبُکَ اﷲُ وَ مَنِ اتَّبَعَکَ مِنَ الْمُؤْمِنِیْنَ۔‘‘(انفال:۶۴)
ترجمہ: ’’اے نبی (غیب دان) تمہیں ﷲ تعالیٰ کافی ہے اور جن مؤمنین نے آپ کی پیروی اختیار کر لی ہے۔‘‘

نکتہ: جو لوگ بند گان ِ خدا کی حمایت وامداد کی نفی کرتے ہیں اور اسی نظریہ کے اظہار کیلئے کہتے پھرتے ہیں کہ ہمیں اﷲ ہی کافی ہے اُن کا یہ انداز قرآن پاک کی اس آیت مبارکہ کے خلاف ہے۔ حق یہ ہے حقیقی مددگار اﷲ تعالیٰ ہی ہے اور مجازی وعطائی طور پر اﷲ تعالیٰ کے بندے بھی مدد کرسکتے ہیں۔

بہرحال حضرت عمر رضی اﷲ عنہ کے اسلام قبول کرنے کے بعد حضرت جبرئیل علیہ السلام بارگاۂ ِ نبوی میں حاضر ہوئے اور عرض کی: حضور صلی اللہ علیہ والہ وسلم!
آسمانوں میں ملائکہ نے آپس میں حضرت عمر فاروق رضی اللہ کے اسلام قبول کرنے پر مبارک باد پیش کی ہے۔
حضرت عبد ﷲ بن مسعود رضی اﷲ عنہ فرماتے ہیں: ’’حضرت عمر فاروق رضی اﷲ عنہ کے قبولِ اسلام سے مسلمان بالادست ہوگئے‘‘ (بخاری)کفار قریش نے کہا: ’’قَدِ انْتَصَفَ الْقُوْمُ‘‘ آج قوم آدھی رہ گئی ہے اور اس روز کفار قریش کے گھروں میں صف ماتم بچھ گئی۔

فاروق اور فاروق اعظم کا خطاب
حضرت عمر رضی اﷲ عنہ نے اسلام قبول کرنے کے فورا بعدبارگاۂ ِ نبوی میں عرض کی یارسول ﷲ صلی اللہ علیہ والہ وسلم ! کیا ہم حق پر نہیں ہیں؟
فرمایا: کیوں نہیں۔ تو عرض کیا حضور صلی اللہ علیہ والہ وسلم ! ہم اپنا دین کیوں پوشیدہ رکھیں؟ چنانچہ مسلمانوں کی دو صفیں بنیں ایک کی قیادت حضرت امیر حمزہ رضی اﷲ عنہ نے فرمائی اور دوسری صف کی قیادت حضرت عمر رضی اﷲ عنہ نے فرمائی۔ اور مسجد حرام میں داخل ہو کر اسلام کا با ٓواز بلند اظہار کیا اور اعلانیہ عبادت کی۔
یہ پہلا موقع تھا کہ مسلمانوں نے مسجد حرام میں کھل کر اسلام کا اظہار کیا اور اعلانیہ عبادت کی اس موقع پر رسول ﷲ ﷺ نے آپ رضی اللہ کو فاروق (حق وباطل میں فرق کرنے والا) کا خطاب عطا کیا اور اب دنیا بھر کے تمام مسلمان آپ رضی اللہ کو’’فاروق اعظم‘‘کے نام سے ذکر کرتے ہیں۔
حیرت ہے کہ کچھ لوگ غوث اعظم کو شرکیہ کلمہ کہتے ہیں حالانکہ جو توجہیہ فاروق اعظم میں ہے کہ حضرت عمر فاروق رضی اﷲ عنہ کا فاروق اعظم ہونا صحابہ کبار کی نسبت سے ہے نہ کہ ﷲ تعالیٰ اور رسول اکرم ﷺ کے مقابلہ میں ہے۔ اسی طرح غوث اعظم (سب سے بڑا غوث) بھی اولیاء کرام کی نسبت سے ہے اور امام اعظم فقہاءِ اسلام کی نسبت سے ہے جیسا کہ قائداعظم کا لفظ قائدین تحریک پاکستان کی نسبت سے ہے نہ کہ ﷲ تعالیٰ اور اس کے رسول اکرم ﷺ کے مقابلہ میں شرکیہ وکفریہ کلمہ ہے۔

دورِ نبوی ﷺ میں آپ رضی اللہ کی خدمات وفضائل!!
اسلام قبول کرنے کے بعد مسلمانوں کے حوصلے بلند ہوگئے اور اعلانیہ عبادت اور تبلیغ اسلام کا سلسلہ شروع ہو گیا۔ آپ رضی اللہ نے ہجرت مدینہ کے موقع پر اعلانیہ ہجرت کی جبکہ دیگر مسلمانوں نے خفیہ ہجرت کی۔
ہجرت مدینہ کے بعد تمام غزوات میں آپ رضی اللہ کو نبی ﷺ نے اپنے ساتھ رکھا اور فرمایا:
’’مَا مِنْ نَّبِیٍّ اِلَّا وَلَہٗ وَزِیْرَانِ مِنْ اَھْلِ السَّمَاءِ وَوَزَیْرَانِ مِنْ اَھْلِ الْاِرْضِ۔ اَمَّا وَزِیْرَایَ فِی السَّمَاءِ فَجِبْرَئِیْلُ وَمِیْکَائِیْلُ وَوَزِیْرَایَ فِی الْاَرْضِ فَاَبُوْبَکْرٍ وَّعُمَرُ۔‘‘(جامع ترمذی ومشکوٰۃ المصابیح)
ترجمہ: ’’یعنی ہر نبی کے دو وزیر آسمان والوں سے اور دو وزیر زمین والوں سے ہوتے ہیں لیکن میرے وزیر اہل سماء سے جبرئیل اور میکائیل ہیں اور زمین والوں سے ابو بکر وعمر (رضی اﷲ عنہما)ہیں۔‘‘
رسول اکرم ﷺ آپ پر بے پناہ اعتماد کرتے تھے آپ رضی اللہ کی بیٹی حضرت حفصہ رضی اﷲ عنہا کو نکاح میں لے کر آپ رضی اللہ کو اپنا سسر ہونے کا شرف بھی عطا فرمایا۔
حضرت عبد ﷲ بن حنطب رضی اﷲ عنہ فرماتے ہیں:
حضرت رسول ﷲ ﷺ نے ابو بکر وعمر رضی اﷲ عنہما کو دیکھا تو فرمایا: ’’ھَذَانِ السَّمْعُ وَالْبَصْرُ‘‘
ترجمہ: یہ دونوں میرے کان اور آنکھیں ہیں۔ (ترمذی، مشکوۃ)

حضرت ابو بکر وعمررضی اﷲ عنہما نے جنگ بدر کے موقع پر وادی ذفران میں رسول اﷲ ﷺ کو سب سے پہلے اپنی جان کی قربانی پیش کرنے کی یقین دہانی کرائی اور جنگ بدر میں ہی حضرت عمر فاروق رضی اللہ کے غلام سب سے پہلے شہید ہوئے۔ جنگ تبوک کے موقع پر آپ رضی اللہ نے اپنے تمام مال کے دوحصے کئے، ایک حصہ جہاد کیلئے بارگاہ نبوی میں پیش کیا۔
حضرت عائشہ رضی اﷲ عنہا سے روایت ہے کہ میں نے رسول اکرم ﷺ سے سوال کیا:
’’ھَلْ لِاَحَدٍ مِنْ الْحَسَنَاتِ عَدَدَ نَجُوْمِ السَّمَاءِ‘‘ ترجمہ:
کیا کسی کی نیکیاں آسمان کے ستاروں کے برابر ہیں؟ فرمایا:
ہاں عمر کی نیکیاں۔ تو میں نے عرض کی: ’’اَیْنَ حَسَنَاتُ اَبِیْ بَکْرٍ‘‘
حضرت ابو بکر کی نیکیاں کہاں ہیں؟ تو آپ ﷺ نے فرمایا:
’’اِنَّمَا جَمِیْعُ حَسَنَاتِ عُمَرَ کَحَسَنۃٍ وَّاحِدَۃٍ مِّنْ حَسَنَاتِ اَبِیْ بَکْر‘‘
ترجمہ: بیشک عمر کی تمام نیکیاں ابو بکر کی ایک نیکی کے مثل ہیں۔
آپ رضی اللہ کی رائے کا قرآن کے مطابق ہونا!!
مشکوٰۃ میں مناقب عمر فصل ثانی میں ارشاد نبوی ہے:
’’لَوْکَانَ بَعْدِیْ نَبِیٌّ لَّکَانَ عُمَر۔‘‘
ترجمہ: ’’اگر میرے بعد نبی ہوتا تو عمر نبی ہوتے۔‘‘

ایک حدیث میں فرمایا:
فرشتوں کی جماعت ِ سکینہ حضرت عمر رضی اللہ کی زبان پر بولتی ہے۔
ایک حدیث میں ہے:بیشک ﷲ نے عمر رضی اللہ کی زبان پر حق رکھ دیا ہے۔ کتنے ہی مقامات ہیں کہ قرآن مجید بھی نازل نہیں ہوا تھا ﷲ تعالیٰ کے ارادے اور علم میں تھا حضرت عمر فاروق رضی اﷲ عنہ غیر منزل شدہ کلام و وحی کے مطابق رائے قائم فرماتے تو اس کے بعد قرآن مجید آپ رضی اللہ کی پیش کردہ رائے کے مطابق نازل ہوتا،
جس کی چند ایک مثالیں درج ذیل ہیں۔
1۔ حضرت عمر فاروق رضی اﷲ عنہ نے عرض کیا: یارسول ﷲ! کتناہی اچھا ہو کہ طواف کعبہ کے بعد 2 رکعت نفل مقام ابراہیم کے پاس پڑھے جائیں تو آیت مبارکہ: ’’وَاتَّخِذُوْا مِنْ مَّقَامِ اِبْرَاہِیْمَ مُصَلًّی‘‘ (بقرہ:۱۲۵)نازل ہوئی یعنی اے مسلمانو!تم مقام ِابرہیم کو جائے نماز بناؤ۔
(مشکوۃ، مناقب عمر فصل ثالث)
2۔ آپ رضی اللہ نے شراب پر پابندی کی رائے پیش کی تو آیت مبارکہ نازل ہوئی: ’’ یٰٓاَیُّھَا الَّذِیْنَ ٰامَنُوْآ اِنَّمَا الْخَمْرُ وَ الْمَیْسِرُ وَ الْاَنْصَابُ وَ الْاَزْلامُ رِجْسٌ مِّنْ عَمَلِ الشَّیْطٰنِ فَاجْتَنِبُوْہُ لَعَلَّکُمْ تُفْلِحُوْن‘‘ (المائدہ:۹۰) ترجمہ: اے ایمان والو!شراب انگوری اور جوا اور بتوں کے نام کے نصب شدہ پتھر اورتیر ناپاک ہیں اور شیطانی کامو ں سے ہے، ان سے بجتے رہنا تاکہ تم فلاح پا جاؤ۔‘‘
3۔ بشر نامی شخص کا ایک یہودی سے جھگڑاہوا بشر کا خیال تھا کہ یہودیوں کے سردار کعب بن اشرف سے فیصلہ کروایا جائے لیکن یہودی نے کہا:مجھے پیغمبر اسلام کا فیصلہ منظور ہے کیونکہ وہ عادل وامین ہیں چنانچہ رسول اﷲﷺ نے فریقین کا موقف سننے کے بعد یہودی کے حق میں فیصلہ دیا تو بشر نامی شخص جو بظاہر مسلمان تھا، اس نے باہر نکل کر حضرت عمر فاروق رضی اللہ سے فیصلہ لینے پر اصرار کیا تو یہودی نے حضرت عمر رضی اﷲ عنہ کو بتا دیا کہ پیغمبر اسلام قبل ازیں اس مقدمہ کو سن کر میرے حق میں فیصلہ دے چکے ہیں حضرت عمر رضی اﷲ نے بشر سے پوچھا کیا یہودی ٹھیک کہہ رہا ہے اس نے کہا: یہودی ٹھیک کہہ رہا ہے لیکن میں نے تو آپ رضی اللہ سے فیصلہ کروانا ہے تو اسی حالت میں حضرت عمر رضی اﷲ عنہ اندر تشریف لے گئے تلوار نیام سے نکالی اورباہر نکل کر بشر نامی منافق کی گردن قلم کر دی اور فرمایا:
’’ھٰکَذَا اَقْضِیْ لِمَنْ لَّمْ یَرْض بِقَضَاءِ اللّٰہِ ورَسُوْلِہٖ .
ترجمہ:جو اﷲ اور اسکے رسول کے فیصلہ پر راضی نہیں ہو گا میں اسکا اسی طرح فیصلہ کرونگا (تفسیر مظہری)۔
چنانچہ آپ رضی اللہ کی تائید میں قرآن پاک آیت مقدسہ نازل ہوئی، ارشاد باری تعالیٰ ہوا:
’’وَ مَآ اَرْسَلْنَا مِنْ رَّسُوْلٍ اِلَّا لِیُطَاعَ بِاِذْنِ اﷲِ‘‘ (نساء:۶۴)
ترجمہ: اورہم نے کوئی رسول نہیں بھیجا مگر اس لئے کہ ﷲ کے اذن سے اس کی اطاعت کی جائے۔ حضور نبی اکرم ﷺ نے اس قتل کو ’’ہدر‘‘ قرار دیا یعنی نہ حضرت عمر رضی اﷲ عنہ پر فرد جرم عائد کی اور نہ قصاص لیااور نہ دیت کا حکم فرمایا۔
4۔ آپﷺ ابتداء میں منافقین (بدعقیدہ لوگوں) کی نماز جنازہ پڑھاتے تھے آپ ﷺ نے ممانعت نمازِ جنازہ نہ ہونے کی وجہ سے المنافقین کے سردار عبد اﷲ بن ابی بن سلول کی نماز جنازہ پڑھائی تو اس موقع پر حضرت عمر فاروق رضی اﷲ عنہ نے منافقین کی نماز جنازہ نہ پڑھنے کی پر زوراستدعا کی تو اس کے بعد وحی نازل ہوئی
’’وَ لاَ تُصَلِّ عَلٰٓی اَحَدٍ مِّنْہُمْ مَّاتَ اَبَدًا وَّلاَتَقُمْ عَلٰٓی قَبْرِہٖ‘‘ (توبہ: ۸۴) ترجمہ:
(اے نبی کریم ﷺ)آپ ہمیشہ کیلئے اِن منافقین (بد عقیدہ) میں سے کسی کی نماز نہ پڑھیں اور نہ ہی اسکی قبر پر کھڑے ہو کر دعا کریں۔‘‘ اس آیت کے نزول کے بعد مسلمانوں کیلئے بد عقیدہ لوگوں کی نمازِ جنازہ اور اُن کیلئے دعاءِ مغفرت ممنوع ہوگئی,
5۔ ابتداء میں ازواج مطہرات اور مسلم خواتین ’’سترِعورت‘‘ اختیار فرماتیں لیکن چہرہ ڈھانپنے کے احکام نہیں تھے حضرت عمر فاروق رضی اﷲ عنہ نے بارگاۂ ِ نبوی میں حجاب (مکمل پردہ) کیلئے مشورہ پیش کیا:
’’تو وَاِذَا سَاَلْتُمُوْہُنَّ مَتَاعًا فَاسْئَلُوْہُنَّ مِنْ وَّرَآءِ حِجَاب‘‘(احزاب: ۵۳)
ترجمہ:جب تم نے کوئی سامان ازواج نبی سے مانگنا ہو تو پردہ کے پیچھے سے مانگا کروکا نزول ہوا۔
(مشکوۃ،مناقب عمر فصل ثالث)
رسول اللّٰہﷺ نے ان کی وفات
سے پہلے انہیں شہید اور جنتی قرار دیا
رسول ﷲ ﷺ احد پہاڑ پر تشریف لائے آپکے ساتھ حضرت ابو بکر وعمروعثمان رضی ﷲ عنہم تھے پہاڑ میں زلزلہ (وجد) کی کیفیت پیدا ہوئی تو رسول اﷲ ﷺ نے فرمایا:
’’اُثْبُتْ یا اُحُد فَاِنَّمَا عَلَیْکَ نَبِیٌّ وصِدِّیْقٌ وَشَھِیْدَان‘‘
ترجمہ: اے احد ٹھہر جا تجھ پر نبی، صدیق اور دو شہید ہیں۔ تو زلزلہ فورًا تھم گیا۔
رسول ﷲ نے فرمایا: ’’اِنَّ اَبَا بَکْرٍ وَّعُمَرَسَیِّدَا کَھُوْلِ اَہْلِ الْجَنَّۃِ مَاسِوَی النَّبِیِّیْنَ وَالمُرْسَلِیْن‘‘ (مشکوۃ باب مناقب ابی بکر وعمر فصل ثالث) ترجمہ: بیشک ابو بکر اور عمر (رضی ﷲ عنہما)درمیانی عمر کے جنتیوں کے سردار ہیں۔

ایک حدیث میں فرمایا: ’’ابو بکر، عمر، عثمان، علی، طلحہ، زبیر، عبد الرحمن بن عوف، سعد بن ابی وقاص، سعید بن زید، اور ابوعبیدہ بن جراح(رضی ﷲ عنھم) جنتی ہیں‘‘
(ترمذی، ابن ماجہ، مشکوۃ المصابیح)۔
ایک حدیث میں ہے رسول ﷲ ﷺ مسجد میں داخل ہوئے ابو بکررضی اﷲ عنہ دائیں، عمررضی اﷲ عنہ بائیں تھے اور آپ صلی اللہ علیہ والہ وسلم دونوں کے ہاتھ پکڑے ہوئے تھے فرمایا: ہم اسی طرح جنت میں داخل ہوں گے (ترمذی، مشکوۃ)۔ ایک حدیث میں ہے کہ رسول اﷲ ﷺ نے فرمایا: اہل جنت درجہ علیین کے جنتیوں کو دیکھیں گے جیسا کہ تم روشن ستارہ آسمان میں دیکھتے ہو اور ابو بکر وعمر علیین میں اونچے درجے میں ہوں (ابوداؤد، ترمذی، مشکوۃ)۔

حضرت عمر کا دورِِ صدیقی میں کردار!!
حضرت ابو بکر صدیق رضی اﷲ عنہ کی ثقیفہ بنوساعدہ میں سب سے پہلے حضرت عمر فاروق رضی اﷲ عنہ نے بیعتِ امارت کی اور اس کے بعد تمام صحابہ واہل بیت نے حضرت ابوبکر رضی اﷲ عنہ کے ہاتھ پر بیعت کی۔ حضرت عمر فاروق رضی اﷲ عنہ، حضرت ابوبکر صدیق رضی اﷲ عنہ کے بھی معتمد ترین ساتھی تھے اور آپ رضی اللہ نے بے شمار بار حضرت عمر فاروق رضی اﷲ عنہ کے مشورے منظور کئے، خصوصاً قرآن مجید رسول اﷲ ﷺ کی حیات ظاہرہ میں ایک کتاب کی شکل میں جمع نہ ہو سکا، کاغذات، کپڑوں، پاک ہڈیوں، لکڑیوں، چمڑوں وغیرہ پر لکھا ہوا تھا، جنگ یمامہ میں سینکڑوں حفاظِ قرآن شہید ہوئے تو حضرت عمر فاروق اعظم رضی اﷲ عنہ نے ہی خلیفہ رسول حضرت ابو بکر صدیق رضی اﷲ عنہ پر زور دیا کہ وہ قرآن کو کتاب کی صورت میں جمع کرنے کا اہتمام فرمائیں اس سے پہلے کہ باقی ماندہ حفاظِ قرآن جنگوں میں شہید ہو جائیں۔ ابتداء میں حضرت ابو بکر صدیق رضی اﷲ عنہ نے عذرکیا اور فرمایا میں وہ کام کیسے کروں جسے رسول اﷲﷺ نے نہیں کیا تو حضرت عمر رضی اﷲ عنہ بار بار اصرار فرماتے رہے اے خلیفہ رسول یہ کام خیر ہے اسے ضرور کیجئے بالآخر حضرت ابو بکر صدیق رضی اﷲ عنہ نے آپ رضی اللہ کی پرزور رائے کو تسلیم کیا اور کاتب وحی حضر ت زید بن ثابت انصاری رضی اﷲ عنہ کو قرآن مجید ایک کتاب کی صورت میں جمع کر نے کا حکم دیا اور تدوین قرآن کا تاریخی فریضہ انجام پا یا۔

خلافت فاروقی پرایک نظر!!
خلیفہ رسول بلافصل حضرت ابو بکر صدیق رضی اﷲ عنہ نے ۲۱ جمادیٰ الآخرہ ۱۳ ھ ؁کو اپنے وصال سے ایک روز قبل چند اکابر صحابہ کی مشاورت سے حضرت عمر رضی اﷲ عنہ کو خلیفہ رسول ِ ثانی مقرر کیا۔ حضرت طلحہ رضی اﷲ عنہ نے حضرت عمر فاروق رضی اﷲ عنہ کی سخت مزاجی کا ذکر کیا اور کہا: آپ اپنے رب کو کیا جواب دیں گے؟ تو حضرت ابو بکر صدیق رضی اﷲ عنہ نے فرمایا:
میں اﷲ تعالیٰ کی بارگاہ میں عرض کروں گا: ’’اِسْتَخْلَفْتُ عَلَیْھِمْ خَیْرَ اَھْلِکَ۔‘‘ ترجمہ: میں نے لوگوں پر تیرے بندوں میں سے سب سے بہتر بندے کو خلیفہ مقرر کیا تھا چنانچہ تمام صحابہ واہل بیت اور قریب وبعید کے مسلمانوں نے آپ رضی اللہ کی بیعت ِامارت کی اور آپ رضی اللہ کی خلافت پر بھی خلافتِ صدیقی کی طرح صحابہ واہل بیت ِرسول کا اجماع منصوص قائم ہوا۔ یاد رہے کہ صحابہ کرام کے اجماعِ منصوص کا انکار کرنا فقہاء کے نزدیک کفر ہے۔
دانائے غیوب حضرت محمد رسول ﷺ نے اگرچہ اپنے بعد کسی کو خلیفہ نامزد نہیں فریایا لیکن حضرت ابو بکر رضی اللہ وحضرت عمر رضی ﷲ عنھما کی خلافت کے واضح اشارات ضرور دیئے۔
(1) حضرت خذیفہ رضی اﷲ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اﷲ نے فرمایا: ’’فَاقْتَدُوْا بِالَّذِیْنَ بَعْدِی اَبِیْ بَکْرٍ وَّعُمَرَ‘‘ (ترمذی ومشکوۃ)
ترجمہ: تم میرے بعد ابو بکر وعمر (رضی اﷲ عنہما) کی اقتداکرنا۔
(2) حضرت ابو بکررضی اﷲ عنہ فرماتے ہیں: ’’ایک شخص نے رسول اﷲ ﷺ سے خواب عرض کی: کہ آسمان سے ایک میزان اترا ہے آپ ﷺ اور حضر ت ابو بکررضی اﷲ عنہ کا وزن ہوا تو آپ ﷺ کا وزن زیادہ ہوا پھر حضرت ابو بکر وعمر رضی اﷲ عنہما کا وزن ہوا تو حضرت ابو بکرکا وزن زیادہ ہوا پھر حضرت عمررضی اﷲ عنہ اور حضرت عثمان رضی اﷲ عنہ کا وزن ہوا تو حضرت عمر رضی اﷲ عنہ کا وزن زیادہ ہوا
’’فَقَالَ خِلَافَۃُ نَبَّوَۃٍ‘‘ ترجمہ: تو رسول اﷲ ﷺ نے فرمایا: اس خواب کی تعبیر، نبوت کی خلافت ہے‘‘ (ترمذی، مشکوۃ)

بے مثال دورِ فاروقی کی ایک جھلک:!
ٓٓآپ رضی اللہ کے ساڑھے دس سالہ دورِ خلافت میں اسلامی ریاست ایران، بلوچستان، خراساں (سمرقند بخارا وغیرہ) سے طرابلس الغرب (تقرباً 22لاکھ 51ہزار 30مربع میل) تک پھیل گئی جو تاریخ انسانی میں اتنی مدت میں ریکارڈ ہے۔ جس میں دمشق، رومیوں کا وسط ایشیاء میں دارالخلافۃ حمص، فلسطین، مصر، طرابلس الغرب، اردن، ایران (جو کہ اس وقت عراق، بلوچستان، کابل، ماورائے نہر خراساں اور بے شمارعلاقوں پر مشتمل تھا) اور 1000سے زائد بلاد فتح فرمائے اور پھر زمین پر عدل وانصاف اور راستی دیانت داری کی اعلیٰ مثالیں قائم فرمائیں۔ ایک طرف مخلوقِ خد ا کے دلوں میں حق پرستی اور پاکبازی پیداہوئی تو دوسری طرف ایسا فلاحی نظام قائم کیا کہ ہر شخص کی تمام بنیادی ضرورتیں پوری کیں حتیٰ کہ جانوروں کے تحفظ کیلئے قوانین وضع فرمائے اور فرمایا اگر نیل کے کنارے کتا بھی بھوکا مر جائے تو عمر ذمہ دار ٹھہریگا۔

کاش کہ اسلامی ممالک کے حکمران دورِ فاروق اعظم رضی اﷲ عنہ کو پیش نظررکھ کر نظام حکومت قائم کریں تو نہ صرف اسلامی ممالک میں خوشحالی اور امن و آشتی کی فضا ء پیدا ہوجائیگی بلکہ زمانہ بھر کے غیر مسلم اسلام کے اعلیٰ اور کامل فلاحی وسعاداتِ دارین کے ضامن نظام سے متأثر ہو کر حلقہ بدوش اسلام ہونے لگیں گے۔

دورِفاروقی کا مرکزی نظام حکومت
’’وَ اَمْرُہُمْ شُوْرٰی بَیْنَہُمْ‘‘ (سورہ شوریٰ: ۳۸) کے تحت اہم امور میں مشاورت ہوتی تھی اور حتمی فیصلے امیر المؤمنین کرتے تھے۔ حضرت عبد اﷲ رضی اﷲ عنہ کو جنرل سیکرٹری ومحافظ ِ بیت المال مقرر کیا اور حضرت محمد بن مسلمہ رضی اﷲ عنہ کو محتسب مقرر کیا۔ احتساب کا سخت ترین نظام تھا۔ بڑی سے بڑی شخصیت قواعد وضوابط کی خلاف ورزی پر احتساب سے بچ نہ سکتی تھی۔ حج کے موقع پر تمام صوبائی گورنروں کی حج میں حاضری لازم تھی۔ امیر المؤمنین حضرت عمر رضی اﷲ عنہ ہر سال خود بھی حج میں شریک ہوتے۔ ہر علاقے کے لوگوں کو شکایات کا موقع دیا جاتا اور گورنروں کے خلاف فوری اقدمات ہوتے۔ جلیل القدر صحابی حضرت عمرو بن العاص گورنر مصر کے بارے میں ایک شخص نے شکایت کی، گورنر نے مجھے کوڑوں کی نا حق سزا دلوائی ہے تو حضرت عمر فاروق رضی اﷲ عنہ نے حج کے اجتماع میں حضرت عمر وبن العاص کو کوڑے مارنے کا حکم فرمایا جس کے بعد اس شخص نے قصاص کا حق معاف کرنے کا اعلان کیا۔

امیر المؤمنین اور تمام گورنروں کیلئے لازم تھا کہ ایک عام آدمی کی بود وباش اختیار کریں، ترکی کا مہنگاگھوڑا استعمال نہ کریں، باریک کپڑے نہ پہنیں، چھنے ہوئے آٹے کی روٹی نہ کھائیں، جائیداد میں اضافہ نہ کریں، اپنے دروازے عوام پر بند نہ کریں، دروازوں پر محافظ مقرر نہ کریں۔ امیر المؤمنین خود بیت المال سے سال میں کپڑوں کے دو جوڑے اور روزانہ ایک مزدور کا معمولی وظیفہ وصول کرتے۔ آپ رضی اللہ کی پہنی ہوئی قمیص کے کندوں پر ہمیشہ پیوند لگے نظر آتے۔ ایک مرتبہ خطبہ جمعہ میں تاخیر کی وجہ یہ بتائی کہ کپڑوں کا ایک ہی جوڑا تھا دھو کر سوکھنے کی انتظار میں تاخیر ہو گئی ہے۔ کفایت ِشعاری کا یہ عالم تھا کہ رات کے بچے ہوئے ٹکڑوں سے ناشتہ فرماتے، ایک بار عراق سے معزز مہمان آئے تو انہیں بھی رات کے بچے ہوئے ٹکڑے ناشتہ میں پیش کیے تو مہمانوں نے ایک لقمہ کھانے کے بعد کھانے سے ہاتھ اٹھا لیا۔ صحابہ کرام نے نامناسب سمجھاتوحضرت علی المرتضیٰ رضی ﷲ عنہ سے امیر المؤمنین سے بات کرنے کے لئے کہا، حضرت علی المرتضیٰ رضی ﷲ عنہ نے کہا: اُم المؤمنین عائشہ صدیقہ رضی اﷲ عنہا سے بات کریں۔ صحابہ نے حضرت اُم المؤمنین رضی ﷲ عنہا سے بات کی تو حضرت اُم المومنین رضی ﷲ عنہ نے امیر المؤمنین سے صحابہ کی شکایت کا ذکر کیاتو امیر المؤمنین حضرت عمر فاروق رضی ﷲ عنہ نے رسول اﷲ ﷺ کی سادگی وکفایت اشعاری اور فقر وفاقہ کا ذکر کیا اور زار وقطار رونے لگے اور عرض کیا: اے ام المؤمنین! رسول اﷲ ﷺ کے اسوہ پرعمل ہی بہتر ہے۔

گورنر مصر حضرت عیاض بن غنیم رضی ﷲ عنہ نے پتلا لباس پہنا تو انہیں معزول کر دیا اور کہا بکریاں لے جاؤ اور بکریاں چرایا کرو۔ فاتح ایران جلیل القدرصحابی رسول حضرت سعد بن ابی وقاض رضی ﷲ عنہ نے اپنے دفتر کے باہر پہرہ لگایا تو انہیں معزول کردیا۔ آپ رضی اللہ کے سالے قدامہ نے شراب نوشی کی تو 80کوڑے حدِ شراب قائم کی۔ سپہ سالار اعظم سیف ﷲ حضرت خالد بن ولید رضی اﷲ عنہ کی شان میں کسی نے قصیدہ پڑھا تو آپ رضی اللہ نے قصیدہ خوان کو انعام دیا تو محمد بن مسلمہ کو بھیجا اور معزولی کے احکام جاری فرمائے۔

آزادی تنقید کی عام اجازت فرمائی۔ حضرت سلمان فارسی رضی اﷲ عنہ نے دوران خطبہ سوال کیا کہ آپ رضی اللہ نے جو چادریں تقسیم کی ہیں آپ رضی اللہ نے ایک سے زیادہ چادر سے اپنا لباس تیار کر وایا ہے تو آپ رضی اللہ نے جواب دیا کہ میرے بیٹے عبد ﷲ بن عمر رضی اللہ نے اپنے حصے کی چادر مجھے دے دی تھی میں نے کوئی خیانت نہیں کی۔ ایک مرتبہ آپ رضی اللہ نے فرمایا:
اگر میں ﷲ تعالیٰ اور اس کے رسول کے احکام سے ہٹوں تو کیا کرو گے؟ ایک نوجوان نے تلوار سونتی اور کہا: ہم آپ رضی اللہ کی گردن کاٹ دیں گے تو آپ رضی ﷲ عنہ بہت خوش ہوئے۔ اور فرمایا: جب تک ایسے نوجوان موجود ہیں کوئی ﷲ تعالیٰ اور اس کے رسول ﷺ کے احکام سے روگردانی نہیں کر سکتا۔ نیز فرمایا: ’’اَحَبُّ النَّاسِ اِلیَّ مَنْ رَفَعَ اِلیَّ عُیُوبِیْ‘‘ ترجمہ: تمام لوگوں سے مجھے سب سے پیارا وہ ہے جو میرے عیوب ونقائص میرے سامنے رکھے۔

کاش! آج حکمران اور علماء ومشائخ اپنے ارد گرد سے خوشامدیوں کا گھیراختم کر کے کھرے اور صاف گو لوگوں کو اپنا مشیر بنائیں۔

دورِفاروقی میں بے شمار اصلاحات اور محکموں کا قیام:
آپ رضی اللہ نے فوج، ڈاک، بیت المال، پیمائش، پولیس اور دیگر محکمے قائم کیے، منزلیں اور سرائیں قائم کرائیں۔ 4000مساجد تعمیر کروائیں جن میں سے 900جامع تھیں، سن ہجری قائم فرمایا، نمازِ تراویح با جماعت ختم قرآن کے ساتھ شروع فرمائی، مساجد روشنی کا انتظام فرمایا، شہروں میں پہرے مقرر کیے، تاجر کیلئے تعلیم لازم فرمائی، مدارس قائم فرمائے، اساتذہ کے وظائف مقرر فرمائے۔ جب مدارس کی تعلیمی رپورٹ سے پتہ چلا کہ حضرت ابوالدرداء رضی اللہ کے مدرسہ جامع مسجد دمشق سے 10 ہزار سے زیادہ حفاظ تیار ہوئے ہیں تو بہت خوش ہوئے۔ اہل کتاب کی عورتوں سے سیاسی طور پر نکاح کرنے سے منع فرمادیا۔ مؤلفۃ القلوب کی بجائے مسلمانوں کو زکوۃ دینے کا حکم فرمایا۔ مسجد نبوی کی توسیع فرمائی اور سادگی برقرار رکھی۔ مسجد حرام کے ارد گرد پہلی بار چار دیواری قائم فرمائی۔ آپ رضی اللہ نے یہود کو حجاز مقدس سے نکال دیا اور تمام غیر مسلموں کو گھروں اور ان کی عبادت گاہوں میں مذہبی آزادی دی لیکن پبلک مقامات پر انہیں تبلیغ کا حق نہ دیا۔ آپ رضی اللہ نے صاحب احداث کے نام سے محکمہ پولیس بھی قائم کیا جس کی ذمہ داری عوام اور حکومتی اثاثوں کی حفاظت، امن وامان کا قیام اور تجاوزات پر کنٹرول کرنا ہوتا تھا۔ آپ رضی اللہ نے دریائے نیل سے بحیرہ قلزم تک 69میل لمبی نہر، نہر امیر المؤمنین کے نام سے کھدوائی جس میں کشتیاں چلتی تھیں اسی طرح متعدد دیگر نہریں بھی کھدوائیں جن سے ایک نہر ’’نہر ابی موسیٰ اشعری‘‘ کے نام سے مشہور ہوئی۔

صوبائی حکومتیں!!
آپ رضی اللہ نے مکہ مکرمہ ومدینہ منور ہ، شام، جزیرہ، مصر، فلسطین، کوفہ، بصرہ، خراساں، آزربائیجان، فارس اور دیگر مقامات پر صوبائی حکومتیں قائم فرمائیں ہر شہر میں ایک قاضی، ایک معلم، ایک خازن اور ایک حاکم مقرر کرنے کی ہدایات فرمائی گورنروں سے دروازے عوام پر بند نہ کرنے اور انتہائی سادہ طرز زندگی گزارنے اورجائید اد میں اضافہ نہ کرنے کا عہد لیتے اور انتہائی سخت احتساب فرماتے۔

دورفاروقی میں فوجی نظام!!
فوج کا نظام اعشاری تھا ہر دس پر امیر العشر، ایک سوپر قائد اور ایک ہزار پر امیر۔ فوج کا باقاعدہ محکمہ قائم کیا بصرہ، کوفہ، اردن، طرابلس الغرب میں فوجی چھاؤنیاں قائم کیں جہاں خوراک کا سٹاک ہوتا، گھوڑے اونٹ اور اسلحہ کے ذخائر ہوتے اور گھوڑوں اور اونٹوں پر ’’جیش فی سبیل اللّٰہ‘‘ داغاجاتا۔ آپ رضی اللہ نے مجاہدین کے وظائف مقرر فرمائے اور اس موقع پر اصحابِ بدر کا وظیفہ 5000اور اُن کی اولاد کا 2000مقرر کیا لیکن امام حسن وامام حسین رضی اﷲ عنہما اور حِبِّ رسول حضرت اسامہ رضی اﷲ عنہ کا وظیفہ اصحاب بدر کے برابر رکھا اور اپنے بیٹے عبد اﷲ بن عمر رضی اﷲ عنہ کا وظیفہ امام حسن وامام حسین رضی اﷲ عنہما اور حِبِّ رسول حضرت اسامہ رضی اﷲ عنہ سے کم 2000روپے رکھا۔ فوجی بھرتی کیلئے زیادہ تر مدینہ منورہ کو مرکز بنایا گیا اور ہر سال 30ہزار فوجی بھرتی کیے جاتے اگر دشمن کی تعداد 2لاکھ ہوتی تو چالیس ہزار مجاہدین سے زائد مقابلہ میں نہ بھیجتے۔

امیر المؤمنین خود پوری فوج کے کمانڈر انچیف تھے اور تمام بڑی جنگوں میں جنگ کا نقشہ خود بناتے اور اسکے ساتھ ہدایات بھیجتے رہتے۔ آپ رضی اللہ نے سپر طاقت ایران سے جنگ قادسیہ کے موقع پر خود جنگ میں قیادت کا اظہار کیا لیکن حضرت علی المرتضیٰ رضی اﷲ عنہ سمیت اکابر صحابہ نے آپ رضی اللہ کو مدینہ منورہ سے نہ جانے دیا تو آپ رضی اللہ نے حضرت سعد بن ابی وقاص کو سپہ سالار، حضرت زبیر رضی اللہ کو میمنہ، حضرت عبد الرحمن بن عوف رضی اللہ کو میسرہ اور حضرت طلحہ رضی اللہ کو مقدمۃ الجیش پر امیر مقرر کیا اور میدان ِجنگ کا نقشہ خود تیار کیا۔

آپ رضی اللہ کی سیرت طیبہ کی جھلک!!
2251030 مربع میل ریاست کے امیر ہونے کے باوجود آپ رضی اللہ فقیر صفت، دلق پوش اور بیت المال سے ایک مزدور کے برابر وظیفہ لینے والے حاکم تھے۔ ایک بار قیصرِ روم کا ایلچی آپ رضی اللہ کی خدمت میں حاضر ہوا اوریہ دیکھ کر کہ آپ رضی اللہ ایک مزدور کے لباس میں مسجد میں سرہانے اینٹ رکھ کر قیلولہ فرمارہے ہیں نہ کوئی سیکورٹی ہے نہ پہرے دار، ایسا متأثر ہوا کہ واپس جا کر پھر مدینہ منورہ آیا اور اسلام قبول کر لیا۔
جب بیت المقدس فتح ہوا تو آپ رضی اللہ بیت المقدس تشریف لے گئے قمیص پر 14 پیوند تھے خود پیدل اور خادم گھوڑے پر سوارتھا۔ صحابہ نے اچھا لباس پہننے پر اصرار کیا تو فرمایا ﷲ نے یہ عزت لباس کی وجہ سے نہیں بلکہ اسلام کی وجہ سے عطا فرمائی ہے۔

ایک بار رات کو گشت کے دوران ایک بچے کے رونے کی آواز سنی صبح اس بچے کے والد کو مسجد میں طلب کیا اور بچے کے رونے کی وجہ دریافت کی تو بچے کے والد نے بتایا امیر المؤمنین ہم نے بچے کا دودھ وقت سے پہلے چھڑا دیا ہے کیونکہ امیر المومنین بچے کا دودھ چھڑانے کے بعد بچوں کا وظیفہ مقررکرتے ہیں تو آپ رضی اللہ بہت روئے اورکہا: اے عمر! تجھ پر افسوس تیرے اس فیصلے کی وجہ سے کتنے بچوں کو وقت سے پہلے دودھ چھڑا دیا گیا ہوگا اسی وقت فیصلہ صادر فرمایا کہ آج کے بعد بچہ پیدا ہوتے ہی اس کا وظیفہ مقرر کر دیا جائیگا۔ آج برطانیہ اور بعض ممالک میں جو بچوں کو وظائف دیئے جاتے ہیں اسے برطانیہ میں ’’عمر لاء‘‘(Umar Law)کہا جاتا ہے۔ آپ رضی اللہ نے بچوں کے ساتھ اپاہجوں اور بے سہار لوگوں کے وظائف بھی مقرر فرمائے۔

ایک بار مدینہ منورہ میں رات کو گشت فرمارہے تھے کہ ایک مسافر کو پریشان حال دیکھا ساتھ ہی خیمہ سے ایک عورت کے کراہنے کی آواز آرہی تھی بڑا اصرار کیا تو مسافر نے بتایا امیر المؤمنین سے ملنے آئے ہیں رات ہو گئی اور میری بیوی کے ہاں بچہ ہونے والا ہے اور یہاں کوئی جاننے والا نہیں تو اسی وقت اپنی اہلیہ کو ضروری اشیاء وخوراک کے ساتھ لے کر آئے، خیمہ کے اندر سے آپ رضی اللہ کی اہلیہ نے آواز دی: اے امیر المؤمنین! آپ رضی اللہ اپنے ساتھی کو بیٹے کی خوشخبری دیں تو وہ مسافر یہ جان کر کہ امیر المؤمنین اپنی بیوی کے ہمراہ میرے اہل خانہ کی خدمت کر رہے ہیں انتہائی حیران رہ گیا۔

ایک بار ایک خاتوں اپنی بیٹی کو دودھ میں پانی ملا کر بیچنے کی ترغیب دے رہی تھی اور کہہ رہی تھی: امیر المؤمنین کو دودھ میں پانی ملانے کی خبر نہیں ہو گی یہ کام کر لو تو بیٹی نے کہا: اماں جی! امیر المؤمنین نہیں دیکھ رہے لیکن امیر المومنین کا اﷲ تو دیکھ رہا ہے۔ آپ رضی اللہ گشت کے دوران ماں بیٹی کا یہ مکالمہ سن رہے تھے، صبح اپنے بیٹے عاصم کو اس خدا خوف لڑکی سے نکاح کرنے کا مشورہ دیا، چنانچہ ان کے ہاں ایک بیٹی اُم عاصم نامی پیدا ہوئی جس کے بطن سے خلیفہ راشد حضرت عمر بن عبد العزیز پیدا ہوئے جنہوں نے بنو امیہ کے دورِ حکومت میں حضرت عمر فاروق اعظم رضی اﷲ عنہ کی درویشانہ صفت حکومت کی یادیں تازہ فرما دیں۔

خوفِ خدا کایہ عالم تھا کہ آپ رضی اللہ نے ایک مرتبہ فرمایا: ’’اگر آسمان سے آواز آئے کہ ایک شخص کے سوا سب کو بخش دیا گیا ہے توپھر بھی میں روزِقیامت میں حساب وکتاب سے بے خوف نہیں رہوں گا۔‘‘ ایک بار کسی نے شہد پیش کی تو منہ کے قریب لا کر منہ سے ہٹا دی فرمایا: ’’اس کی مٹھاس وذائقہ تو ختم ہو جائیگا لیکن اس کا حساب ذمہ سے ختم نہیں ہو گا۔ لہذا کسی اور کو دے دو۔‘‘ ایک بار علاج کیلئے شہد کی ضرورت تھی تو مسجد آئے اور شوریٰ سے بیت المال سے تھوڑی سی شہد لینے کی اجازت حاصل کی۔ ایک بار آپ رضی اللہ کے پاس چادریں آئیں تو کسی نے کہا: اپنی اہلیہ ام کلثوم بنت علی المرتضیٰ رضی اﷲ عنہ کو ایک چادر بھیج دیں۔ تو فرمایا: اُم سلیط ایک مستحق عورت ہے وہ اس چادر کی زیادہ حقدار ہے۔ اتنی سادہ غذا کھاتے کہ چہرے پر لکیریں پڑ گئیں اور ایک بار قحط پڑا رتو گوشت گھی اور ترکاری سب کچھ بند کر دیا۔ زیتون سے روٹی کھاتے۔ ایک دفعہ ایک حاکم عتبہ بن فرقد نے نفیس حلوہ بھیجا تو واپس کر دیا اور فرمایا: یہ بیت المال کی امانت ہے جب سب لوگ حلوہ کھائیں گے تو پھر امیر المؤمنین کے لئے حلوہ مباح ہو گا۔

آپ رضی اللہ نے خلیفہ بنتے ہی اپنی پسندیدہ بیویوں کو طلاق دے دی تاکہ مجھ سے کوئی عورت سفارش نہ کرے۔ جب شاہ ایران یزد جرد کی بیٹی حضرت شہر بانو گرفتار ہو کر آئیں تو اُن کا نکاح اپنے بیٹے کی بجائے حضرت امام حسین رضی اﷲ عنہ سے کیا۔ حضرت عمر رضی اﷲ عنہ کے 9بیٹے تھے، کسی کو کسی جگہ گورنرتو کجا منشی بھی مقرر نہ فرمایا۔ بیت المال کا اونٹ گم ہوا تو سخت گرمی میں خود تلاش کرنے نکلے اور کہا اس کا حساب مجھ سے ہونا ہے۔

جنگ بدر میں اپنے ماموں عاص بن ہشام کو قتل کر کے غیرتِ اسلامی کا عظیم مظاہرہ فرمایا، جنگ بدر میں قیدیوں کے بارے میں آپ رضی اللہ ہی نے مشورہ دیا کہ ان اعداء اسلام کو قتل کر دیا جائے اور ہر مسلمان اپنے رشتہ دار قیدی کو خود قتل کرے۔
ایک بار کسی نے ’’وَاِذَا الصُّحُفُ نُشِرَت‘‘(تکویر: ۱۰) ترجمہ: جب نامہ اعمال کے رجسٹر کھولے جائیں گے، پڑھا تو بے ہوش ہوگئے۔ ایک بار فرمایا: کاش کہ میں پیدا نہ ہوتا۔ ایک بار فرمایا: کاش کہ میں انسان کی بجائے ایک تنکا پیدا کیا جاتا۔ کسی نے تلاوت کی: ’’اِنَّ عَذَابَ رَبِّکَ لَوَاقِعٌ‘‘ (طور:۷) ترجمہ: تیرے رب کا عذاب ضروروقوع پذیر ہونے والا ہے۔ یہ آیت سن کر سواری سے اترے اور کافی دیر انتہائی پریشان بیٹھے رہے۔ آپ بیوگان اور یتیموں کیلئے پانی خلافت سے پہلے اور بعد از خلافت اپنے کندھوں پر اٹھا کر گھروں میں پہنچاتے۔ ایک بار حضرت عباس رضی اللہ کے پرنالے سے ذبح شدہ مرغ کا خون بہہ رہا تھا تو اس پر نالے کو اکھاڑنے کا حکم دیا تاکہ گزرنے والوں کے کپڑے آلود نہ ہوں تو حضرت عباس رضی ﷲ نے فرمایا: یہ وہ پرنالہ ہے جسے رسول ﷲ ﷺ نے اپنے ہاتھوں سے نصب فرمایا تھا تو فوراً فرمایا: اے عباس! میرے کندھے پر کھڑے ہو کر یہ پر نالا اسی جگہ نصب کرو۔

کرامات!!
1﴾ مثالی ریاضت ومجاہدہ کی وجہ سے روحانیت کا یہ عالم تھا کہ ایک بار فارس کے دور دراز علاقے ’’نہاوند‘‘ میں مسلمان جہاد کر رہے تھے اور آپ رضی اللہ خطبہ جمعہ دے رہے تھے تو فرمایا: ’’یَاسَارِیَۃَ الْجَبَلَ‘‘ ترجمہ: اے ساریہ پہاڑ کے ساتھ ہو جاؤ۔ لوگوں نے کہا: شاید آپ رضی اللہ کا ذہن کام نہیں کر رہا تھا۔ آپ رضی اللہ نے دوران خطبہ کیا کہہ دیا تو فرمایا: کہ میں نے دیکھا کہ کفار لشکر اسلام کو گھیرے میں لے رہے ہیں تو میں نے فورًا کہا: پہاڑ کی پناہ لے لو تو ﷲ تعالیٰ نے کفار کی سازش ناکام بنادی اور مسلمانوں کو فتح سے ہمکنار فرما دیا ہے چنانچہ کچھ عرصہ کے بعد ایک شخص فتح کی خوشخبری لے کر آیا اس نے بتایا کہ ہم نے جہاد کے دوران حضرت عمر رضی اﷲ عنہ کی آواز سنی تھی اور اس پر عمل کیا تھا تو اﷲ نے فتح عطا فر ما دی۔
2﴾ حضرت عمرو بن العاص رضی اﷲ عنہ نے خط لکھا کہ مصرمیں لوگ ہر سال دریائے نیل میں ایک لڑکی کو بناؤ سنگھار کر کے ڈالتے ہیں اور یہ اعتقاد رکھتے ہیں کہ اس رسم کی ادائیگی کے بغیر دریائے نیل میں پانی نہیں چڑھتا۔ امیر المؤمنین حکم فرمائیں کہ کیا کیا جائے؟ تو آپ رضی اللہ نے اس کافرانہ رسم کو ختم کرنے کا حکم دیا اور ایک رقعہ لکھا:
’’ِمنْ عَبْدِ اللّٰہِ اَمِیْرِ الْمُؤْمِنِیْنَ عُمَرَ اِلَی نِیْلِ مِصْرَ فَاِنْ کنُْتَ تَجْرِیْ مِنْ عِنْدِ اللّٰہِ فَاِنَّا نَسْئَلُ اِجْرَاکَ مِنَ اللّٰہِ وَاِنْ کنُْتَ تَجْرِیْ مِنْ عِنْدِکَ فَلَاحَاجَۃَ لَنَا بِک۔‘‘
ترجمہ: ’’یہ خط ﷲ کی بندہ امیر المؤمنین عمر بن خطاب کی طرف سے دریائے نیل کے نام ہے اگر تو ﷲ کے حکم سے چلتا ہے تو ہم اﷲ سے سوال کرتے ہیں ﷲ تعالیٰ تجھے جاری کر دے اوراگرتو خود بہتا ہے تو ہمیں تیری کوئی حاجت نہیں۔‘‘
چنانچہ گورنر مصر بیشمار لوگوں کے ہمراہ امیر المؤمنین عمر رضی اللہ کا یہ رقعہ لے کر دریائے نیل پر پہنچے اور رقعہ دریا میں ڈالا تو دریا میں پہلے سے بہت زیادہ پانی آیا اور کافرانہ رسم ختم ہوئی۔
(تاریخ الخلفاء)
3﴾ ایک بار مدینہ شریف کے قریب ایک کنویں سے گیس نکلی تو جنگل میں آگ لگ گئی اور مدینہ منورہ کی طرف پھیلنے لگی تو امیر المومنین عمر فاروق رضی ﷲ عنہ اپنی چادر سے آگ کو دھتکارتے ہوئے کنویں تک لے گئے اور آگ بجھ گئی
4﴾ ایک بار زلزلہ آیا تو پاؤں زمین پر مارا اور فرمایا: ’’اے زمین تھم جا کیا میں تجھ پر عدل نہیں کررہا‘‘ تو اسی وقت زلزلہ ختم ہو گیا۔
5﴾ ایک بار حضرت علی المرتضیٰ رضی اﷲ عنہ نے خواب میں دیکھا کہ ایک عورت کجھور کی ٹوکری لے کر بارگاۂ ِ نبوی میں حاضر ہوئی اور آپ ﷺ نے حضرت علی رضی اللہ کو ایک کجھور عطا فرمائی ہے۔
صبح نماز ِفجر کیلئے حضرت علی رضی اﷲ عنہ مسجد میں آئے تو دیکھا کہ ایک عورت کجھور کی ایک ٹوکری لے کر حضرت عمر فاروق رضی اﷲ عنہ کی خدمت میں حاضر ہوئی اور حضرت عمر فاروق رضی اﷲ عنہ نے حضرت علی کو ایک کجھور دی تو حضرت علی رضی ﷲ عنہ نے کہا: اے امیر المؤمنین! مجھے ایک کجھوراور دیں تو فرمایا:
’’لَوْزَادَکَ رَسُوْلُ اللّٰہِ ﷺ لَزِدْنَاک۔‘‘
ترجمہ: اگر خواب میں رسول ﷲ ﷺ تمہیں زیادہ دیتے تو ہم بھی زیادہ دیتے۔

جس پر حضرت علی رضی ﷲ عنہ فرماتے ہیں کہ میں حیران رہ گیا کیونکہ میں نے اپناخواب کسی کو بتایا ہی نہ تھا۔

شہادت اور روضہ رسول میں تدفین:
حضرت سعد بن ابی وقاص رضی ﷲ عنہ سے روایت ہے کہ 26ذوالحج 23؁ ھ بروز بدھ آپ رضی اللہ مسجد نبوی مین نماز ِ فجر کی پہلی رکعت میں قراءت فرما رہے تھے کہ ایک مجوسی غلام ابو لؤلؤ لعین (فیروز (ابو لولو) نے آپ رضی اللہ کو دو دھاری خنجر سے شدید زخمی کیا۔ جس کے بعد یکم محرم الحرام کو آپ رضی اللہ نے جامِ شہادت نوش فرمایا اور روضہ رسول میں رسول ﷲ ﷺ اور حضرت ابو بکر صدیق رضی ﷲ عنہ کے پہلو میں رسول ﷲ ﷺ کے سر مبارک سے دو ہاتھ نیچے رکھ کر دفن کیے گئے۔ اِنَّا لِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْن!

سبحان ﷲ! حضرت ابو بکر وعمر رضی ﷲ عنہما کی تدفین میں بھی ادبِ نبوی کو ملحوظ رکھا رکھا گیا اور برابر تدفین نہ کی گئی۔ حضرت ابوبکر صدیق رضی ﷲ عنہ کو ایک ہاتھ اور حضرت عمر رضی اﷲ عنہ کو ان سے ایک ہاتھ نیچے دفن کیا گیا۔

آپ رضی اللہ نے شدید زخمی حالت میں چھ اشخاص حضرت عثمان رضی اللہ ، حضرت علی رضی اللہ ، حضرت طلحہ رضی اللہ ، حضرت زبیر رضی اللہ ، حضرت سعد ابی وقاص رضی اللہ اور حضرت عبد اﷲ الرحمن بن عوف رضی اللہ کے بارے میں فرمایا:
اِن چھ اشخاص سے رسول ﷲ ﷺ وفات کے وقت بہت خوش تھے اور میں خلافت کا معاملہ اِن کے سپر د کرتا ہوں۔ چنانچہ حضرت عبد الرحمن بن عوف رضی ﷲ عنہ نے کثرت رائے کی بنیاد پر حضرت عثمان رضی ﷲ عنہ کی خلافت کا اعلان کیا۔
حضرت عمر فاروق رضی ﷲ عنہ کو کسی نے مشورہ دیا کہ آپ رضی اللہ اپنے بیٹے عبد ﷲ بن عمر رضی ﷲ عنہ کو خلیفہ مقرر فرمادیں تو سخت ناراض ہوئے۔ اپنے بیٹے عبد ﷲ بن عمر رضی ﷲ عنہ سے فرمایا: میرے قرض کا حساب کرو حساب ہوا تو قرضہ 86000درھم تھا فرمایا میرا مکان بیچنا اور قرضہ ادا کرنا اگر مکان سے پورا نہ ہوتو میرے اہل وعیال قرضہ ادا کریں اور اگر نہ کر سکیں تومیرے خاندان بنو عدی کے لوگ وگرنہ پھر قبیلہ قریش قرضہ ادا کریگا۔ سبحان ﷲ! حکومت راشدہ کا کمال ہے کہ آج کے پچاس ملکوں کے برابر ریاست کا حاکم ہونے کے باوجود مقروض ہو کر
ﷲ تعالیٰ کی بارگاہ میں حاضر ہور ہے ہیں۔

اپنے بیٹے حضرت عبد ﷲ بن عمر رضی ﷲ عنہ سے زخمی حالت میں کہا: اُم المومنین حضرت عائشہ رضی ﷲ عنہا کے پاس جاؤ! اب امیر المؤمنین نہ کہنا بلکہ کہنا عمر عرض کرتا ہے کہ وہ اپنے ساتھیوں کیساتھ تدفین کی اجازت چاہتا ہے۔ حضرت اُم المومنین رضی اللہ نے فرمایا: یہ جگہ تو میں نے اپنے لئے سوچی تھی لیکن میں امیر المومنین حضر ت عمر رضی ﷲ عنہ کو اپنے آپ رضی اللہ پر ترجیح دیتی ہوں۔ جب ابن عمر رضی ﷲ عنہ واپس آئے تو فرمایا: مجھے اٹھاؤ پھر فرمایا: کیا خبر ہے: عرض کی اے امیر المومنین جو آپ پسند کرتے ہیں۔
تو آپ رضی اللہ نے کہا: ’’اَلْحَمْدُ ِللّٰہِ! مَاکَانَ شَیْءٌ اَھَمَّ مِنْ ذاَلِکَ اِلَیَّ‘‘ ترجمہ: الحمد ﷲ! کوئی شئی اس سے میرے نزدیک زیادہ اہم نہیں تھی۔ پھر فرمایا: میری شہادت کے بعد پھر اُم المؤمنین رضی اللہ سے پوچھنا اگر اجازت دیں تو فَبِھَا وگرنہ مسلمانوں کے قبرستان میں دفن کر دینا۔

حضرت عمر فاروق رضی ﷲ عنہ اکثر دعا کرتے تھے ’’اللّٰھُمَّ ارْزُقْنِیْ شَہَادَۃً فِیْ سَبِیْلِک وَاجْعَلْ مَوْتِیْ فِیْ بَلَدِ رَسُوْلِک‘‘ (بخاری) ترجمہ: اے ﷲ مجھے اپنے راستے میں شہادت کا رزق عطا فرما اور میری موت اپنے رسولﷺ کے شہر میں فرما۔ چنانچہ ﷲ تعالی نے آپ رضی اللہ کی دعا من وعن قبول فرمائی اور آپ رضی اللہ کی شدید خواہش کے مطابق آپ روضہ رسول میں آپ ﷺ کے پہلو میں دفن ہوئے۔

اللہ پاک کمی معاف فرماۓ اور ﺫریعہ نجات بناۓ..آمین
 

Babar Alyas
About the Author: Babar Alyas Read More Articles by Babar Alyas : 876 Articles with 567851 views استاد ہونے کے ناطے میرا مشن ہے کہ دائرہ اسلام کی حدود میں رہتے ہوۓ لکھو اور مقصد اپنی اصلاح ہو,
ایم اے مطالعہ پاکستان کرنے بعد کے درس نظامی کا کورس
.. View More