قرآن کریم ایک ایسی مقدس کتاب ہے جو ہمیں اطاعت الہی اور
اتباع رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا حکم دیتی ہے
یہ وہ مقدس کتاب ہے جس کو دیکھنا عبادت، پڑھنا عبادت، سننا عبادت اور اس کی
تعلیمات پر عمل کرنا، عبادت ہی عبادت ہے
یہ وہ مقدس کتاب ہے جس میں دنیا جہاں کے تمام مسائل کا حل موجود ہے
رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے ارشاد فرمایا سب سے سچی بات کتاب
اللہ ہے
ایک اور جگہ ارشاد فرمایا بہترین بات کتاب اللہ ہے
افسوس یہ ہے کہ آج کا مسلمان اس بہترین اور مقدس کتاب سے منہ موڑے ہوئے نظر
آ رہا ہے
خوش نصیب ہیں وہ لوگ جو اس کی زیارت اور تلاوت کی برکتیں پا لیتے ہیں مگر
بہت سے لوگ ایسے بھی ہیں کہ اللہ پاک کی اس عظیم نعمت سے خود کو محروم رکھے
ہوئے ہیں
اس کی بنیادی وجہ یہی بنتی ہے کہ ایک تعداد کو قرآن کریم صحیح طرح سے پڑھنا
نہیں آتا اور وہ اسے سیکھنے کے لئے توجہ بھی نہیں کرتے
حیرت کی بات تو یہ ہے کہ موبائل بھی انسان کو چلانا نہیں آتا تھا لیکن یہ
تو دوسروں سے پوچھ پوچھ کر سیکھ لیا اور پوچھنے میں کوئی شرم بھی محسوس
نہیں ہوئی مگر افسوس کہ قرآن پاک کے بارے میں پوچھتے ہوئے بھی شرم محسوس
ہوتی ہے
اور جن کو قرآن پاک پڑھنا آتا ہے وہ اس کو سمجھنے اور اس پر عمل کرنے کی
کوشش نہیں کرتے
زرا سوچیئے! گھر میں گاڑی ہو اور گاڑی چلانا نہ آئے تو اس کے لیے باقاعدہ
ڈرائیونگ کورس کیا جاتا ہے بھاری فیسیں ادا کی جاتی ہیں اور جلدی ڈرائیونگ
سیکھنے کی کوشش کی جاتی ہے لیکن قرآن پاک سیکھنے اور سمجھنے کے لیے بندہ
کوئی کورس نہیں کرتا بلکہ قرآن پاک کا معاملہ ہو تو انسان کے پاس وقت ہی
نہیں ہے
افسوس! ہم نے بہت کچھ سیکھ لیا لیکن اگر نہیں سیکھا تو قرآن پاک درست پڑھنا
نہیں سیکھا،اگر نہیں سیکھا تو قرآن پاک کو سمجھنا اور اس پر عمل کرنا نہیں
سیکھا
رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے ارشاد فرمایا اللہ کی کتاب اللہ کی
رسی ہے، جس نے اس کی اتباع کی وہ ہدایت پر رہا اور جس نے اسے چھوڑ دیا وہ
گمراہ ہوگیا
دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ ہمیں قرآن پاک کی تلاوت کثرت سے کرنے، اسے سیکھنے،
سمجھنے اور اس پر عمل کرنے کی توفیق عطا فرمائے
محمد ثوبان انتاالوی
١٥- جون ٢٠٢١ بروز منگل
|