گھر کے کام بیٹی ہی کیوں کرے، بیٹوں سے بھی کروائیں۔۔۔ایسے کام جو آپ کے بیٹے کو لازمی آنے چاہئیں

image
 
ہمارے ہاں گھر کے کام عموماً خواتین ہی کرتی ہیں اس لئے بچیوں کو چھوٹی عمر سے ہی ان کاموں کی تربیت دی جاتی ہے تاکہ بڑے ہوتے ہوتے وہ گھر کے کاموں میں طاق ہوجائیں۔ لیکن گھر کے لڑکوں کو یہ سوچ کر گھر کے کام نہیں سکھائے جاتے کیونکہ ان کو تو مائیں، بہنیں سب کرکے دے ہی دیتی ہیں۔ اور یہی بات بڑے ہوکر لڑکوں کو نقصان پہنچاتی ہے کیونکہ وہ اپنے بنیادی کاموں کے لئے بھی کسی نا کسی کے محتاج بن کر رہ جاتے ہیں اور اگر کبھی ملک یا شہر سے دور جانا پڑے پر ان کو اچانک سب کچھ سیکھنا پڑتا ہے۔ اس کے لئے ضروری ہے کہ بچوں کی تربیت کرتے ہوئے بیٹیوں کے ساتھ ساتھ بیٹوں کو بھی گھر کے کام کاج سکھائیں تاکہ ان کی آنے والی زندگی میں آسانی ہو۔ اس آرٹیکل میں ہم آپ کو وہ چند بنیادی کام بتائیں گے جو آپ اپنے بیٹوں کو سکھا سکتے ہیں
 
1- سلائی
ضروری نہیں کہ لڑکوں کو باقاعدہ کپڑے سینا سکھایا جائے البتہ بنیادی کام جیسے سوئی میں دھاگہ ڈال کر گرہ لگانا، ادھڑے کپڑوں کی ترپائی اور کم سے کم بٹن ٹانکنا تو ہر لڑکے کو لازمی آنا چاہئیے تاکہ وہ ان کاموں کے لئے ماں، بہن یا بیوی کا محتاج نا رہے۔
 
image
 
2- کھانا پکانا
 لڑکوں کو بنیادی کام جیسے کہ انڈا یا آلو ابالنا، کباب فرائی کرنا وغیرہ سکھایا جاسکتا ہے تا کہ گھر کی خواتین کی غیر موجودگی میں انھیں بھوکا رہنے پر مجبور نا ہونا پڑے۔ البتہ کچھ لڑکوں کو کھانا پکانے میں زیادہ دلچسپی ہوتی ہے۔ اگر آپ ہوٹل یا ریسٹورنٹس میں دیکھیں تو وہاں مرد باورچی ہی ہوتے ہیں۔ اگر آپ کا بیٹا بھی کھانا پکانا سیکھنے کی خواہش ظاہر کرے تو اس کی مدد کریں۔ کیا پتا یہ اس کے لئے ایک بہترین ہنر ثابت ہوجائے
 
3- استری کرنا
لڑکوں کو استری کرنا لازمی آنا چاہئیے کیونکہ عام طور پر وہ کسی کی استری کرکے دیے گئے کپڑوں سے مطمئن نہیں ہوتے۔ خود استری کرتے ہوئے انھیں ایک تو دوسرے کی محنت کا بھی احساس ہوگا دوسرے اپنے کپڑے خود استری کرنے کی عادت بھی پڑ جائے گی
 
4- صفائی
لڑکا ہو یا لڑکی صفائی دونوں کے لئے ہی نصف ایمان ہے۔ اس لئے لڑکوں کو شروع سے عادت ڈالیں کہ وہ اپنے بستر کی چادر خود صحیح کریں، اپنی پلیٹیں خود دھو کر رکھیں اور کمرا بھی صاف کریں۔ اس کے علاوہ اگر گھر میں ڈائنینگ ٹیبل وغیرہ ہے تو اس کی صفائی کروانے میں بھی کوئی حرج نہیں بلکہ یہ ایک اچھی بات ثابت ہوگی
 
image
 
5- بلب لگانا
لڑکوں کی لمبائی عام طور پر لڑکیوں سے زیادہ ہوتی ہے اس لئے گھر میں بلب لگانا یا گھڑی کے سیل وغیرہ تبدیل کرنے کا کام انھیں سونپا جاتا ہے۔ اسی طرح بہت سے چھوٹے چھوٹے کام ہیں جو بیٹوں کو ان کی عمر کی مناسبت سے سکھائے جاسکتے ہیں جیسے کسی ٹوٹی ہوئی چیز کی مرمت کرنا یا انھیں جوڑنا وغیرہ
YOU MAY ALSO LIKE: