کسی نے بالکل بجا فرمایا ہے کہ" ہر آنے والا دور
اپنے ساتھ خیر و شر ساتھ لاتا ہے" بالکل اسی طرح ٢٠٢٠ اپنے ساتھ مسائل،
دشواری اور بربادی کے ساتھ کہیں نہ کہیں خیر کا باعث بھی رہا۔ ٢٠٢٠ ہر
انسان کی زندگی میں اچھے برے اثرات چھوڑ گیا۔ ٢٠٢٠ کو آگر میں اپنی زندگی
کے کچھ بہترین سالوں میں سے کہوں تو کچھ غلط نہیں ہوگا۔ کیونکہ اس نے مجھے
ایک نئی راہ دکھائی۔ اس سال کا آغاز و اختتام نہایت دلچسپ تھا۔
٢٠٢٠ کا سب سے بڑا فائدہ جو میری زندگی کو بدل گیا وہ اپنے مقصد حیات کو
پہچاننا اور خودشناسی تھی۔ ہر انسان اس روئے زمین پر کسی نہ کسی مقصد کے
حصول کے لیے بھیجا گیا ہے۔ ٢٠٢٠ میں سال بھر کچھ ایسے ذاتی حالات و واقعات
پیش آئے جن کے بدولت اپنی دھکی چھپی صلاحیتوں کو جانچنے کا موقع ملا اور
انہی حالات نے مجھے میرے مقصد کی طرف گامزن کیا جو کہ دوسروں کی ذات سے
جڑنا ہے، جو دوسروں کی زندگی میں بھی اجالا کر دے، ایسا کچھ کرنا جو مرنے
کے بعد بھی اپنے نام اور کام کی خھاپ چھوڑ جائے، اور یہی میری زندگی کا
نقطہ انقلاب (Turning point) ثابت ہوا۔
روزمرہ کی افراتفری اور بھاگ ڈور میں جہاں گھر والوں کو وقت دینا مشکل ہو
گیا تھا وہی ٢٠٢٠ میں لاک ڈاؤن کی وجہ سے گھر والوں کے ساتھ اچھا اور
خوشگوار وقت گزارنے کا موقع ملا۔ اس سے آئندہ آنے والے سالوں کیلئے یہ
سیکھنے کو ملا کہ فیملی زندگی کا اہم جز ہے ہمیں انکے لئے بھی وقت نکالنا
چاہیے۔
٢٠٢٠ کے لاک ڈاؤن میں جہاں تعلیمی نظام بند تھا وہیں یہ وقت میرے لئے کار
آمد ثابت ہوا۔ آنلائن سرگرمیاں جاری ہونے کی وجہ سے تکنیکی استعمال پر عبور
حاصل ہوا۔ کچھ معلوماتی آنلائن کورسز کرنے کا موقع ملا۔ ٢٠٢٠ کے فارغ وقت
میں مختلف کتابوں کا مطالعہ کرنے سے نہ صرف میری معیارِ سوچ کو تبدیل کیا
بلکہ اس سے مجھ میں مطالعہ کا شوق بھی مزید بڑھ گیا۔ کسی نے بالکل بجا
فرمایا ہے کہ " کتابیں انسان کی بہترین دوست ہوتی ہیں"۔ کتابوں کے مطالعے
سے خود میں بہت واضح تبدیلی محسوس کی۔
٢٠٢٠ کورونا کی وجہ سے جہاں ہر طرف موت کا رقص تھا۔ اس وبائی مرض نے دنیا
بھر میں تباہی پھیلا کر رکھی تھی لوگ اپنے گھروں میں محصور ہو کر رہ گئے
تھے وہی ٢٠٢٠ کا ہر گزرتا لمحہ ہمیں ربِ کائنات کے قریب کرتا رہا۔
صفائی ستھرائی کا جو خیال اس کورونا وائرس کی وجہ سے رکھا گیا اس سے نہ صرف
اس وائرس اور دوسری قسم کی بیماریوں کے حملہ آور ہونے سے محفوظ رہیں۔ اس سے
ہمیں یہ سیکھنے کو ملا کہ ہمیں آگے بھی اپنی صحت و صفائی کا ایسی ہی خیال
رکھنا چاہیے۔
٢٠٢٠ کا اختتام ایک مثبت طریقے سے ہوا۔ اس میں ایک نئی راہ اور آگے کی سوچ
ملی اور کچھ نئے حالات و واقعات چند حقائق سے آشکار کر گئے۔ سب سے عمدہ بات
جو اس سال سیکھنے کو ملی کہ ہر برے حالات و واقعات میں بھی خیر کا پہلو
موجود ہوتا ہے، بس انسان کو صبر وتحمل کا مظاہرہ کرتے ہوئے اس میں سے اچھا
پہلو تلاش کرنا چاہیے۔
|