سورۃ زالزال کے بارے میں معلومات

صدیاں گزرجانے کے باوجود کلام مجید اپنی آب و تاب سے لفظ بہ لفظ موجود ہے اور اپنے فیوض و برکات سے اپنی برکتیں لوٹارہاہے ۔حفاظت کلام کے دو بنیادی طریقے ہیں الضبط ضبطان (نخبة الفکر) ایک حفظ (ازبر) کرنا دوسرا کتابت یعنی کسی چیز پر نقش کرنا اِن دونوں میں بھی اصل واہم حفظ ہے ان المعوّل علیہ وقتئذ کان ہو الحفظ والاستظہار (مناہل العرفان ۱/۲۵۳) اس لیے کہ مکتوب علیہ (جس پر کلام لکھا گیا ہے) کے پھٹنے یا جلنے، ڈوبنے یا چھن جانے سے نوشتہ کے ضائع ہونے کا اندیشہ لگا رہتا ہے جبکہ لوح قلب پر جو محفوظ ہوگیا وہ اِن تمام خدشات سے مامون ہوتا ہے اِلا یہ کہ تقدیر الٰہی کے ماتحت صفحہٴ دل سے محو کردیا جائے تو یہ امر آخر ہے۔

قادر مطلق نے اپنے کلام کی حفاظت کے لیے دونوں نظام چلائے ہیں چنانچہ سب سے پہلے عام کتب سماویہ کی طرح قرآن کو کتابی شکل میں نازل کرنے کے بجائے لوح محفوظ سے نبی كريم صلى الله عليه وسلم کے لوحِ قلب پر نازل کیا نزل بہ الروح الامین علی قلبک اور اس کی حفاظت کا وعدہ فرماکر دل سے محو ہوجانے کے اندیشہ کو زائل فرمایا انا نحن نزلنا الذکر وانا لہ لحٰفظون، ان علینا جمعہ وقرآنہ یعنی خدائے حافظ نے اپنے حبیب صلى الله عليه وسلم کو کلام کا حافظ بنادیا۔ اور ثانیاً ذلک الکتٰب کہہ کر کتابت کے ذریعہ محفوظ کرنے کا اشارہ فرمادیا۔
ٓآئیے اسی کلام مجید کی سورۃ زلزال کے بارے میں جانتے ہیں ۔
مقامِ نزول:
سورۂ زِلزال مکیہ ہے اور ایک قول یہ ہے کہ مدنیہ ہے۔( خازن، تفسیر سورۃ الزّلزلۃ، ۴ / ۴۰۰)
رکوع اور آیات کی تعداد: اس سورت میں 1رکوع اور 8آیتیں ہیں ۔
’’زِلزال ‘‘نام رکھنے کی وجہ : زِلزال کا معنی ہے ہلا دینا،اور اس سورت کی پہلی آیت میں یہ لفظ موجود ہے اس مناسبت سے اسے ’’سورۂ زِلزال ‘‘کہتے ہیں ۔

سورۂ زِلزال کے مضامین:
اس سورت کا مرکزی مضمون یہ ہے کہ اس میں قیامت کی ہَولْناکیوں اور سختیوں کے بارے میں خبر دی گئی ہے اور اس میں یہ مضامین بیان ہوئے ہیں ۔
(1) …اس سورت کی ابتداء میں قیامت قائم ہوتے وقت کی چند علامات بیان کرنے کے بعد بتایا گیا کہ قیامت کے دن زمین اللّٰہ تعالیٰ کے حکم سے مخلوق کا وہ سب کچھ بیان کردے گی جو اس پر انہوں نے کیا ہوگا۔
(2) …اس سورت کے آخر میں بتایا گیا کہ قیامت کے دن لوگ مختلف حالتوں میں اللّٰہ تعالیٰ کی بارگاہ میں حاضر ہوں گے اور جس نے ذرہ بھر نیکی یا گناہ کیا ہو گا تو وہ اسے دیکھے گا۔
اللہ پاک ہمیں کلام مجید کا فہم عطافرمائے اور تعلیمات خداوندی پر عمل کرنے کی توفیق عطافرمائے ۔آمین

 

DR ZAHOOR AHMED DANISH
About the Author: DR ZAHOOR AHMED DANISH Read More Articles by DR ZAHOOR AHMED DANISH: 383 Articles with 598029 views i am scholar.serve the humainbeing... View More