|
|
رات کی تاریکی ہو، ٹھنڈی ہوا چل رہی ہو سنسان اور اجنبی
علاقہ ہو تو عام طور پر لوگ ایسے حالات میں تنہا سفر کرنے سے اجتناب ہی
کرتے ہیں اور ان کی کوشش ہوتی ہے کہ ایسے حالات میں وہ تنہا سفر کرنے کے
بجائے کسی ہم سفرکو ساتھ رکھ لیں یا پھر سفر کو دن کی روشنی تک ملتوی کر
دیں ۔ اور اگر یہ علاقہ شمالی علاقہ جات میں سے کوئی علاقہ ہو تو لوگوں کے
خوف میں مزید اضافہ ہو جاتا ہے کیوں کہ وہاں دل دہلانے کے لیے اونچے پہاڑ
تاریکی میں مزید ہیبت ناک لگنے لگتے ہیں ایسے میں بہتے دریا کی لہروں کی
آوازیں اور اونچے درختوں کی سر سراہٹ ماحول کو مزید خوفناک بنا دیتے ہیں-
ایسے ہی کچھ واقعات ہم آپ کو آج بتائيں گے جن کا سامنا شمالی علاقہ جات میں
لوگوں کو کرنا پڑا- |
|
سوات میں ایک فوجی کے
ساتھ پیش آنے والا پراسرار واقعہ |
یہ واقعہ ایک جوان فوجی کے ساتھ پیش آیا جس کا تعلق سوات
سے تھا اور وہ اپنے آبائی شہر جا رہا تھا ۔ گھر تک پہنچنے سے قبل ہی راستے
میں تاریکی چھا گئی وہ جلد از جلد گھر پہنچنے کے لیے اونچے نیچے راستوں سے
گزرتے ہوئے گھر کی جانب رواں دواں تھا کہ اچانک اس کو محسوس ہوا کہ اس کے
پیچھے کوئی اور بھی ہے جب اس نے مڑ کر دیکھا تو وہاں ایک تنہا عورت اس کے
پیچھے پیچھے چل رہی تھی ۔ اس علاقے میں اس وقت میں کسی تنہا عورت کا اس طرح
سفر کرنا قرین قیاس تھا اس وجہ سے اس عورت کو دیکھ کر نوجوان فوجی خوفزدہ
ہو گیا۔ مگر اس نے حوصلہ کر کے اس عورت کو مخاطب کیا اور اس سے دریافت کیا
کہ وہ رات کے اس وقت تنہا کہاں جا رہی ہے- جس کے جواب میں اس عورت نے کہا
کہ وہ اس فوجی کو لینے کے لیے آئی ہے۔ |
|
عورت کے جواب سے اس نوجوان فوجی کو حواس باختہ کر دیا
اور اس نے تیزی سے بھاگنا شروع کر دیا یہاں تک کہ وہ ایک قبرستان میں داخل
ہو گیا وہ فوجی اتنا خوفزدہ تھا کہ ایک قبر کے کتبے کے پیچھے چھپ کر جتنی
قرآنی آیات زبانی یاد تھیں دل ہی دل میں پڑھنی شروع کر دیں کچھ لمحوں کے
بعد اس کو سلام کی آواز آئی جب اس نے مڑ کر دیکھا تو وہاں ایک باریش مرد
موجود تھا جس نے اس نوجوان فوجی کو سلام کیا تھا۔ اس کو دیکھ کر نوجوان
فوجی کی جان میں جان آئی اور اس نے اس آدمی سے درخواست کی کہ وہ راستہ بھول
گیا ہے کیا وہ اس کو فجر کی نماز کے لیے مسجد تک پہنچا سکتا ہے- اس آدمی نے
فوجی کو اپنے ساتھ چلنے کا اشارہ کیا اور اس کو لے کر مسجد تک پہنچا جہاں
نماز فجر تیار تھی ۔ نوجوان فوجی نے جلدی جلدی وضو کیا اور نماز میں شامل
ہو گیا سلام پھیرنے کے بعد اس نے اس نیک آدمی کی تلاش شروع کی مگر وہ کہیں
بھی موجود نہ تھا۔ فوجی نے جب اس حوالے سے مسجد کے مؤذن سے دریافت کیا تو
موذن نے ایسے کسی بھی آدمی کی موجودگی سے انکار کیا- موذن نے نوجوان فوجی
کو یہ کہہ کر اور بھی حیران کر دیا کہ فوجی مسجد میں اکیلا ہی آیا تھا اور
اس نے اس کے ساتھ کسی اور کو مسجد میں داخل ہوتے نہیں دیکھا تھا۔ جب اس
حوالے سے مزید تحقیق کی تو اس پر یہ انکشاف ہوا کہ اس عورت سے بچ کر اس نے
جس قبر کے کتبے کے پیچھے پناہ لی تھی وہ قبر بھی ایک فوجی کی ہی تھی جو کہ
1965 کی جنگ میں شہید ہوا تھا ۔ اور اس سے قبل بھی وہ کئی پریشان مسافروں
کی مدد کر چکا تھا- |
|
|
|
ناران میں پراسرار
گھنگھرؤں کی آواز |
ناران میں تفریح کے غرض سے جانے والے ایک گروپ کا یہ
کہنا ہے کہ انہوں نے رہائش کے لیے جس گھر کا انتخاب کیا وہاں پر ان کا ایک
ساتھی جس کی طبیعت ٹھیک نہ تھی- رات میں جلدی سونے کے لیے لیٹ گیا جب کہ
باقی افراد گھومنے کے لیے نکل گئے- اس بیمار فرد کا یہ کہنا تھا کہ جب اس
نے سونے کی کوشش کی تو اس کو کمرے میں گھنگھرؤں کے بجنے کی آواز آئی اس کے
ساتھ ساتھ اس کو ایسا محسوس ہوا کہ جیسے کوئی چہل قدمی کر رہا ہے ۔ جب اس
نے کمرے سے باہر آکر دیکھا تو اس کو ایسی آوازیں آئیں جیسے کہ کوئی بارات
آرہی ہو۔ اس نے باہر جا کر دیکھا تو ہر طرف سناٹا تھا ۔ جس نے اسے بری طرح
خوفزدہ کر دیا اور وہ اپنے ساتھیوں کی طرف بھاگا-اگلے دن جب انہوں نے اس
حوالے سے تحقیق کی تو اس کو بتایا گیا کہ اس طرح کی آواز صرف اس نے ہی نہیں
سنی ہے بلکہ اس گھر میں قیام کرنے والے اکثر افراد نے ایسی آوازیں سنی اور
محسوس کی ہیں لیکن جب بھی انہوں نے باہر آکر دیکھا ان کو کوئی نظر نہیں آیا- |
|
|
|
شمالی علاقوں کا سفر تو اکثر لوگوں نے کیا ہو گا اگر
انہیں بھی ایسی ہی کسی صورتحال کا سامنا کرنا پڑا تو اس کو شئير کریں |