کیا کوئی انسانیت باقی نہیں رہی؟ طیارے سے گرنے والے افغانیوں کا مذاق اڑانے والی ٹی شرٹس کی آن لائن فروخت، سوشل میڈیا صارفین پھٹ پڑے

image
 
بے گناہ افغانوں کی ہلاکت کا مذاق اڑاتے ہوئے، بعض آن لائن شاپنگ کی ویب سائٹس نے کچھ ایسی ٹی شرٹس فروخت کے لیے رکھی ہیں جن میں افغانی باشندوں کو امریکی انخلا کے طیارے سے گرتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔
 
طالبان کے افغانستان پر قبضہ کرتے ہی کابل کے بین الاقوامی ہوائی اڈے پر مایوس کن مناظر دیکھنے کو ملے۔ ملک سے فرار ہونے کی کوشش کے نتیجے میں کابل ہوائی اڈے پر افراتفری کے مناظر پیدا ہوئے جہاں لوگوں کی بڑی تعداد جمع ہوئی۔
 
ملک سے نکلنے کی کوشش کے دوران کابل میں ایک طیارے سے دو افراد المناک طور پر گر گئے۔ ان افراد نے خود کو طیارے کے پہیوں میں چھپا لیا تھا- سوشل میڈیا پر موجود ایک خوفناک ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ دو افراد سی -17 طیارے سے اُڑنے کے فوراً بعد گر رہے ہیں۔ امریکی فوج نے تصدیق کی ہے کہ طیارے کے پہیے میں انسانی باقیات ملی ہیں۔
 
 
افغانی باشندوں کے المیے کا فائدہ اٹھانے کی کوشش میں، بعض آن لائن شاپنگ کی ویب سائٹس نے ایسے ملبوسات آن لائن فروخت کے لیے رکھے ہیں جن کے ڈیزائن میں طیارے سے گر کر مرنے والوں کو مضحکہ خیز انداز میں پیش کیا جارہا ہے۔ یہ ٹی شرٹس مردوں اور عورتوں دونوں کے لیے مختلف رنگوں میں فروخت کے لیے پیش کی گئی ہیں۔
 
دوسری جانب جب سوشل میڈیا صارفین نے ویب سائٹ کو جارحانہ اقدام پر مبنی یہ شرٹس فروخت کرتے ہوئے پایا تو انتہائی غصے کا اظہار کرتے ہوئے ان سائٹس کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا-
 
سوشل میڈیا صارفین کا کہنا ہے تھا کہ ان سائٹس کو کس نے اجازت دی کہ یہ ایک انسانی المیے سے منافع کمائیں؟
 
ایک صارف نے لکھا کہ “ کیا کوئی انسانیت باقی نہیں رہی؟ افغانی شہریوں کے نکلنے کی کوشش کے دوران رونما ہونے والے دل دہلا دینے والا اور تکلیف دہ واقعے کو امریکی کمپنیاں پیسے کمانے کے لیے اپنے مفاد میں استعمال کر رہی ہیں“-
 
 
تنقید کے بعد شرٹس تو سائٹ سے ہٹا لیں لیکن کمپنی کی جانب سے اپنے وضاحتی بیان میں یہ مؤقف اپنایا گیا کہ یہ شرٹس “ افغانستان کے لیے دعا “ کے طور پر تھیں اسی لیے ان میں غیر حساس تصویر کی جگہ افغانیوں کو جہاز سے گرتے ہوئے دکھایا گیا ہے“-
 
تاہم اب بھی ٹی شرٹس بہت سی دوسری ویب سائٹس پر "سستی قیمت" پر دستیاب ہیں۔ اس کے علاوہ گرافک ڈیزائن ٹیمپلیٹ اب بھی کئی آن لائن کپڑوں کی دکانوں پر دستیاب ہے۔
 
واضح رہے کہ طیارے سے گرنے والے دونوں افراد کی شناخت کر لی گئی تھی جن میں سے ایک ڈاکٹر جبکہ دوسرے کم عمر فٹبالر تھے-
YOU MAY ALSO LIKE: