اب سگنل بند بھی ہوں تو فون چلتا رہے گا... آئی فون 13 کے فیچرز سے متعلق دلچسپ افواہیں

image
 
آئی فون کے صارفین کو اس وقت بےصبری سے آئی فون کے نئے ماڈل کا انتظار ہے اور وہ دیکھنا چاہتے ہیں کہ کمپنی اس بار کونسا نیا اور جدید فیچر متعارف کروانے جارہی ہے-
 
اگرچہ ایپل کمپنی کی جانب سے تو ابھی تک آئی فون 13 کے فیچرز کے حوالے سے کوئی مصدقہ اطلاعات سامنے نہیں آئیں جو کہ ممکنہ طور پر ستمبر میں متعارف کروایا جاسکتا ہے- لیکن ٹیکنالوجی کی دنیا میں تیزی سے گردش کرتی افواہوں کے مطابق آئی فون 13 ایسے دلچسپ اور جدید فیچرز سے آراستہ ہوگا جن کے بارے میں جان کر آئی فون صارفین کے انتظار میں یقیناً شدت پیدا ہوجائے گی-
 
موبائل ٹیکنالوجی سے متعلق باخبر رکھنے والی مختلف ویب سائٹس کے مطابق امکان یہ ہے کہ آئی فون 13 کے 4 ماڈل متعارف کروائے جائیں گے جن میں آئی فون 13 منی کا اسکرین سائز 5.4 انچ، آئی فون 13 کا اسکرین سائز 6.1 انچ، آئی فون 13 پرو کا اسکرین سائز بھی 6.1 انچ جبکہ آئی فون 13 پرو میکس کا اسکرین سائز 6.7 انچ ہوگا۔
 
image
 
آئی فون 13 کے فیچرز سے متعلق افواہوں پر مبنی ان رپورٹس میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ آئی فون 13 میں مٹی دھول اور پانی سے محفوظ رہنے کی صلاحیت بھی موجود ہوگی-
 
اس کے علاوہ آئی فون 13 میں چہروں کی شناخت کے نظام میں مزید بہتری بھی ممکن ہے تاکہ آئی فون اپنے صارف کی رسائی فون کے سسٹم تک اس وقت بھی ممکن بنا سکے جب وہ فیس ماسک لگائے ہوئے ہو- یقیناً اگر افواہ کے طور پر سنا جانے والا یہ فیچر واقعی آئی فون 13 میں موجود ہوتا ہے تو یہ ٹیکنالوجی کی دنیا میں انقلاب برپا کرنے کے مترادف ہوگا-
 
 
امکان یہ بھی ظاہر کیا جارہا ہے کہ ایسے صارفین جو بیٹری کی ٹائمنگ کے حوالے سے پریشان دکھائی دیتے ہیں ان کی یہ پریشانی اب ختم ہوجائے گی کیونکہ افواہوں کے مطابق آئی فون اپنے نئے ماڈلز میں انتہائی طاقتور بیٹریاں نصب کرنے جارہا ہے جس میں آئی فون 13 منی 2,406-mAh کی طاقت کی حامل بیٹری اور آئی فون 13 پرو 4,325 mAh کی طاقت کی مالک بیٹری پر مشتمل ہوگا۔
 
اور اب ہم بات کریں گے آئی فون 13 میں متوقع اس اہم فیچر کے بارے میں جو اکیلا ہی آئی فون صارفین کے ہوش اڑا دینے کے لیے کافی ہے-
 
image
 
جی ہاں ایپل کی سرگرمیوں پر گہری نظر رکھنے والے ماہرین کا دعویٰ ہے کہ کمپنی کی جانب سے آئی فون 13 میں پہلی بار سیٹیلائٹ کمیونکیشین سسٹم متعارف کروایا جاسکتا ہے- اور اگر واقعی ماہرین کا یہ حیرت انگیز دعویٰ سچ ثابت ہوتا ہے تو یہ اسمارٹ فون کی دنیا میں ایک تہلکہ ہوگا-
 
سیٹیلائٹ کمیونکیشین سسٹم کے تحت آئی فون 13 کا رابطہ براہ راست سیٹیلائٹ سے ہوگا جس کے ذریعے صارف کو سیٹیلائٹ سسٹم کی مدد سے فون کالز٬ میسجز اور انٹرنیٹ کی سہولت میسر ہوگی- جبکہ صارف کو اس تمام سہولیات سے فائدہ اٹھانے کے لیے روایتی سگنل کی بندش یا کمی کا سامنا بھی نہیں کرنا پڑے گا-
 
تاہم ابھی تک آئی فون 13 کی قیمتوں سے متعلق کوئی خاص افواہ سامنے نہیں آسکی البتہ یہ ضرور کہا جارہا ہے کہ اس نئے آئی فون کی قیمت آئی فون 12 سے زیادہ ہی ہوگی جس کا انحصار فون میں نصب چپ سیٹ پر آنے والی لاگت پر ہوگا-
YOU MAY ALSO LIKE: