|
|
پاکستان ایک ایسا ملک ہے جہاں نت نئی گاڑیوں کے شوقین
افراد کی ایک بڑی تعداد پائی جاتی ہے- لیکن اس کے باوجود بہت زیادہ مہنگی
اور انتہائی پرتعیش گاڑیاں ہمارے ملک میں کم ہی خریدی جاتی ہیں جس کی وجہ
ان کا بیش قیمت ہونا ہے- |
|
تاہم اب پاکستان میں ایک ایسی گاڑی رجسٹرڈ ہوئی ہے جو نہ
صرف ملکی تاریخ کی سب سے مہنگی گاڑی ہے بلکہ اس کا شمار دنیا کی مہنگی ترین
گاڑیوں میں ہوتا ہے- |
|
حال ہی میں محکمہ ایکسائز ٹیکسیشن اینڈ نارکوٹکس کنٹرول
ڈیپارٹمنٹ ریجن سی لاہور کی جانب سے پاکستان کی تاریخ کی سب سے مہنگی گاڑی
رجسٹرڈ کی گئی ہے۔ یہ گاڑی اس حد تک مہنگی ہے کہ اس گاڑی کی صرف رجسٹریشن
فیس ہی اتنی زیادہ ہے کہ جس میں باآسانی ایک پرتعیش گاڑی خریدی جاسکتی ہے- |
|
|
|
تفصیلات کے مطابق پاکستان کی تاریخ کی سب سے مہنگی گاڑی
2ہزار 501 سی سی انجن کی حامل مرسڈیز بینز اے ایم جی جی63 ہے جو کہ فرسٹ
حبیب مضاربہ کے نام پر رجسٹرڈ کی گئی ہے ۔ |
|
اس گاڑی کی قیمت 13 کروڑ 80 لاکھ روپے بتائی جارہی ہے
جبکہ پاکستان میں اس کی رجسٹریشن فیس 53 لاکھ 81 ہزار790 روپے وصول کی گئی
ہے جو کہ یقیناً ایک بہت بڑی رقم ہے- |
|
دلچسپ بات یہ ہے کہ مضاربہ کمپنی نے اتنی مہنگی گاڑی کے لیے کسی پرکشش نمبر
کے بجائے صرف ڈیڑھ ہزار روپے کے عوض گاڑی کے ماڈل کی مناسبت سے AEG 063
نمبر حاصل کرنے کو ترجیح دی ہے- |
|
پاکستان کی تاریخ کی مہنگی ترین گاڑی مرسڈیز بینز اے ایم جی جی 63 کا شمار
دنیا کی مہنگی ترین گاڑیوں میں ہوتا ہے- مرسڈیز کمپنی 1979 سے یہ گاڑی تیار
کر رہی ہے، تاہم اس گاڑی کے ڈیزائن میں کبھی بھی بہت زیادہ تبدیلیاں نہیں
کی گئیں۔ |
|
|
|
دوسری جانب ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر اس گاڑی کے ڈیزائن میں بڑی تبدیلیاں
کی جاتی ہیں تو قوی امکان ہے کہ صارفین اسے مسترد کر دیں گے- |
|
جی 63 جیسی مہنگی گاڑیاں عام طور پر دنیا کے مختلف ممالک کی سیکورٹی فورسز
زیرِ استعمال ہوتی ہیں یا پھر امیر ممالک کے شہری استعمال کرتے ہیں-
پاکستان جیسے ترقی پذیر ممالک میں ایسی جدید اور انتہائی پرتعیش گاڑیوں کا
استعمال کم ہی دیکھنے کو ملتا ہے- |