ہم تو کھانا لینے گئے تھے... سرحدی محافظوں کی پناہ گزینوں کے ساتھ مویشیوں جیسے سلوک کی ’ہولناک‘ تصاویر، ہنگامہ کھڑا ہوگیا

image
 
امریکہ میں گھوڑوں پر سوار سرحدی ایجنٹس کی تارکین وطن کو مویشیوں کی طرح دریا میں واپس لے جانے کی تصاویر کے سامنے آنے کے بعد اس واقعے کی تحقیقات کی جا رہی ہیں۔
 
بی بی سی کے مطابق وائٹ ہاؤس نے ان مناظر کو ’ہولناک‘ قرار دیا ہے۔
 
ٹیکساس میں ریو گرانڈے ندی کے نزدیک ہاتھ میں چابک لیے پناہ گزیوں کو دوڑاتے ہوئِے گھڑ سوار امریکی سرحدی ایجنٹس کی ان ویڈیوز اور تصاویر نے ملک بھر میں ہنگامہ برپا کر دیا ہے۔
 
یہ مناظر ایک ایسے وقت میں سامنے آئے ہیں جب امریکہ اور میکسیکو کی سرحد پر پناہ گزینوں کا نیا بحران جاری ہے جہاں گزشتہ ہفتے تقریباً بارہ ہزار پناہ گزین کو، جن میں زیادہ تر کا تعلق ہیٹی سے ہے اور یہ زلزلے کے سبب یہاں ہیں، ایک پُل کے نیچے عارضی کیمپ میں رکھا گیا۔ یہ پُل ٹیکساس کے شہر ڈیل ریو کو میکسیکو کے شہر سیودا ایکونہ سے جوڑتا ہے۔
 
پناہ گزینوں کی حالتِ زار پر شدید تنقید کا نشانہ بننے کے بعد حکام نے گزشتہ ہفتے ایک بیان میں کہا تھا کہ شدید گرمی سے بچاؤ کے لیے ان پناہ گزینوں کو ڈیال ریو انٹرنیشنل پل کے نیچے روکا گیا ہے جہاں وہ امریکی سرحدی محافظوں کی جانب سے گرفتاری کے منتظر ہیں۔
 
امریکی حکومت نے اتوار کے روز سینکڑوں پناہ گزینوں کو واپس بھیجنا شروع کر دیا اور ڈیل ریو بارڈر کراسِنگ کو بند کر دیا جس کے سبب سینکڑوں پناہ گزین میکسیکو کی جانب واپس چلے گئے۔
 
image
 
آخر ہوا کیا؟
چونکہ یہ پناہ گزین پل کے نیچے ٹھہرے ہوئے ہیں اور امریکی سرحد پر پانی اور خوراک کی قلت تھی اس لیے ان میں سے کچھ پناہ گزین عارضی کیمپ میں جانے سے پہلے اپنے اور اپنے افرادِ خانہ کے لیے کھانا اور پانی خریدنے کے مقصد سے میکسیکو میں داخل ہو گئے۔
 
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے فوٹو گرافر پال رتجے نے دریا پار کرنے والی جگہ پر اس وقت یہ تصاویر لیں جب یہ پناہ گزین واپس امریکہ میں داخل ہونے کی کوشش کر رہے تھے۔
 
فوٹو گرافر نے واشنگٹن پوسٹ سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ’میں موقع پر پہنچا تو لوگ سرحد پار کر رہے تھے کہ اچانک وہاں کچھ پولیس والے پہنچ گئے اور لوگوں کو واپس بھگانے لگے اس کے بعد سرحدی ایجنٹ گھوڑوں پر سوار وہاں پہنچے اور انھوں نے لوگوں کو بھگانا شروع کر دیا۔‘
 
ان تصاویر میں سرحدی ایجنٹس کے ہاتھ میں ’چابک‘ دیکھے جا سکتے ہیں جبکہ حکام کا کہنا ہے کہ یہ لگام ہے جس کا استعمال یہ محافظ گھوڑوں کو قابو کرنے کے لیے کرتے ہیں۔
 
پال رتجے کا کہنا تھا کہ علاقے میں پناہ گزینوں کا تانتا بندھا ہوا ہے جہاں ایجنٹ کہتے ہیں کہ ’تم اندر نہیں آ سکتے واپس میکسیکو جاؤ‘ جبکہ پناہ گزین کہتے ہیں کہ ’ہمارے گھر والے اُس پار ہیں۔‘
 
image
 
اسی دوران ایک افسر نے ایک شخص کو پکڑ لیا جو ایک تھیلی میں بظاہر کھانا لیکر جا رہا تھا۔
 
امریکی میڈیا کے مطابق روکنے کے باوجود بھی یہ پناہ گزین دریا پار کر کے کیمپ تک پہنچ جاتے ہیں۔
 
واشنِگٹن پوسٹ کے نامہ نگار جو پناہ گزینوں کے مسئلے پر رپورٹنگ کرتے ہیں، کا کہنا ہے کہ یہاں کے جغرافیائی حالات کے سبب سرحدی محافظوں کا گھوڑوں پر سوار ہو کر گشت کرنا معمول کی بات ہے۔ وہ بتاتے ہیں کہ عموماً محافظ پناہ گزینوں سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ میکسیکو واپس چلے جائیں۔
 
اس معاملے میں پناہ گزین کھانا لے کر واپس آ رہے تھے۔
 
تنازع
پیر کے روز امریکی پریس سیکرٹری جین پساکی کا کہنا تھا کہ ’مجھے نہیں لگتا کہ ان تصاویر کو دیکھ کر کوئی بھی یہ کہے گا کہ یہ مناسب یا قابلِ قبول رویہ ہے۔‘
 
image
 
انھوں نے مزید کہا ’مجھے پوری بات کا علم نہیں اور کسی بھی صورت میں میرے خیال میں یہ مناسب نہیں۔ یہ تصاویر ہولناک ہیں اور یقیناً انھیں دوبارہ ایسا نہیں کرنا چاہیے۔‘
 
ہوم لینڈ سکیورٹی کے سیکرٹری الیجینڈرو میورکاس کا کہنا ہے کہ ان کا محکمہ واقعے کی تحقیقات کرے گا۔ ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ ’پناہ گزینوں کا معاملہ چیلنجِنگ اور دل دکھا دینے والا ہے۔‘
 
تاہم انھوں نے خبردار کیا کہ ’اگر آپ غیر قانونی طور پر امریکہ آ رہے ہیں تو آپ کو واپس بھیج دیا جائے گا۔ اس طرح آپ اپنی اور اپنے افرادِ خانہ کی زندگی کو خطرے میں ڈال رہے ہیں۔‘
 
پیر کی دوپہر امریکی محکمہ برائے داخلی سکیورٹی نے ایک بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ وہ پناہ گزینوں کے ساتھ بدسلوکی کو برداشت نہیں کرے گا۔
 
محکمے کا کہنا تھا کہ یہ تصاویر اور ویڈیوز تشویشناک ہیں جس کی جلد از جلد تحقیقات کروائی جائیں گی اور اس کے مطابق سخت کارروائی کی جائے گی۔‘
YOU MAY ALSO LIKE: