شان رحمت اللعالمین

مصطفی جان رحمت پہ لاکھوں سلام ۔شمع بزم ہدایت پہ لاکھوں سلام بزدار حکومت نے پنجاب میں یکم ربیع الاول سے 12 ربیع الاول تک عشرہ شان رحمت اللعالمینؓ منانے کا اعلان کیا ہے پنجاب کے 36 اضلاع میں عشرہ شان رحمت اللعالمین کے تحت تقریبات ہوں گی شان رحمت اللعالمین بیان کرنے کا حق ادا کرنے کیلئے نہ کوئی قلم ہے اورنہ کوئی زبان۔ نبی آخرالزماں حضرت محمد کی تعریف وتوصیف بیان کرنابہت بڑا اعزاز اور انعام ہے انسان تو انسان، فرشتے بھی نبی کریم پردرودوسلام بھیجتے ہیں اور تا ابد بھیجتے رہیں گے ہر مسلمان حضرت محمدکی شان بیان کرنا اپنے لئے سعادت سمجھتا ہے۔شان رحمت اللعالمین منانے کا مقصد دنیا کوپیغام دینا ہے کہ ہم دل و جان سے حضرت محمد پر فدا ہیں اوران کی عظمت کسی بھی دنیاوی امر سے بالاتر ہے حضرت محمدکی عظمت انسانی سوچ اورخیال سے بالاتر ہے حضرت محمد خاتم الالنبین ہیں اور آپ کی شان پر دنیا جہان قربان ہیں اس بار پنجاب حکومت نے 12روزہ تقریبات کا اعلان ہے اس طرح نہ صرف ہمیں اپنے نبی کی سیرت کا علم ہوگا بلکہ بہت سی باتوں کو سیکھنے کا موقعہ بھی ملے گا جن پر عمل کرکے ہم اپنی زندگی کو اسلام کے بتائے ہوئے اصولوں کے مطابق گذار سکتے ہیں حکومت عشرہ شان رحمت اللعالمین کو بھر پور طریقے سے منانے کا مکمل انتظام کرلیا ہے اسی سلسلہ میں پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اسٹاف کو اعلی کارکردگی پر رحمت اللعالمین سے منسوب میڈل اور جیلوں میں عشرہ شان رحمت اللعالمین کے دوران قیدیوں اور ملازمین کیلئے پریزن پیکیج کے تحت انعامات بھی دیے جائیں گے یہ دونوں محکمے اگر ٹھیک ہوجائیں تو ہمارا ملک ٹھیک ہوسکتا ہے اس لیے یہاں پر سیرت النبی کی تعلیم پورا سال ہوتی رہنی چاہیے مرکزی رحمت اللعالمین کانفرنس، عالمی مشائخ علما کانفرنس، انٹرنیشنل میلاد مصطفی کا انعقادبھی کیا جائے گا صوبہ بھر میں تحصیل، ضلع، ڈویژن اور صوبائی سطح پر شان رحمت اللعالمین کے حوالے سے نعتیہ مشاعرہ ، مقابلہ حسن نعت، خطاطی کی نمائشیں اور مقابلے منعقد ہوں گی حکومت اور مخیر حضرات کی طرف سے پناہ گاہوں، ہسپتالوں، یتیم خانوں اور اولڈ ہاسز میں خصوصی کھانے پیش کئے جائیں گے عشرہ شان رحمت اللعالمین کے دوران سیرت طیبہ کے حوالہ سے خصوصی ڈاکومینٹری بھی آن ائر ہونگی۔ حکومت نے صوبہ بھر میں رحمت اللعالمین اسکالرشپ اسکیم بھی جاری کی ہیں اور اب تک ذہین اورنادار طلبا کو 27 کروڑ38 لاکھ روپے کے 10574 رحمت اللعالمین سکالر شپ دیئے جاچکے ہیں رواں برس مزید 83 کروڑ40لاکھ روپے کے 29142 رحمت اللعالمین اسکالر شپ دے گی رحمت اللعالمین اسکالرشپ کیلئے گزشتہ برس 50 کروڑرکھے گئے۔ روا ں برس رحمت اللعالمین اسکالرشپ کو بڑھا کر ایک ارب روپے کر دیا گیا ہے۔ بہاوالدین زکریا یونیورسٹی ملتان، اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور،غازی یونیورسٹی ڈیرہ غازی خان، گورنمنٹ کالج یونیورسٹی فیصل آباد، یونیورسٹی آف چکوال اور اوکاڑہ یونیورسٹی میں سیرت چیئر قائم ہوچکی ہے اور حکومت پنجاب کی طرف سے سیرت چیئر کے تحت محققین کو ریسرچ کے لئے معاونت فراہم کی جائے گی ان سب باتوں کا مقصد یہ ہے کہ ہم سیرت النبی کو اپنی زندگی کا حصہ بنا لیں اگر ایسا ہو جائے تو ہم دنیا کو پیچھے چھوڑ سکتے ہیں ہمارے اخلاق ،پیار ،محبت اور بھائی چارے کو دیکھ کر غیر مسلم بھی دائرہ اسلام میں داخل ہوجائیں گے مگر اس کے لیے ہمیں اپنے پیارے نبی کی پیاری پیاری باتوں پر عمل کرنا پڑے گا ہمیں اس بات پر بھی ڈٹ جانا چاہیے کہ رازق اور الرزاق صرف اور صرف اﷲ تعالی کی ذات ہے جو سمندر کی تہہ ،آسمانوں کی وسعتوں اور پتھر کے اندر جانداروں کو بلا تعطل رزق فراہم کررہا ہے ہمیں ایک دوسرے کے لیے آسانیاں پیدا کرنی اور بانٹنی چاہیے کسی سے ہنس کر دو میٹھے بول بولنا بھی آسانی ہے اسکے علاوہ کسی اداس اور مایوس انسان کے کندھے پر ہاتھ رکھ کر پیشانی پر کوئی شکن لائے بغیر اسکی لمبی اور بے مقصد بات سننا ،صبح اپنے بچوں کے ساتھ کسی غریب کے بچے کو بھی سکول چھوڑدینا ،غصے میں بپھرے ہوئے انسان کی کڑوی اور کسیلی باتوں کو برداشت کرنا ،کسی ہوٹل میں کام کرنے والے یا دفتر ،فیکٹری اور کم آمدن والے ملازم کو چھوٹا سمجھنے کی بجائے بھائی اور بیٹا سمجھنا ،ہسپتال میں انجان مریض کے پاس بیٹھ کر اسکا حال پوچھنا اور تسلی دینا ،ٹریفک کے اشارے پر رکنا اور ہارن نہ بجانا، بہن کی ضرورت اسکے تقاضہ کرنے سے پہلے پوری کردینا،سالن اچھا نہ لگے تو دستر خوان پر شکایت بلند نہ کرنابھی آسانیاں ہے بلا شبہ یہ چھوٹی چھوٹی باتیں ہیں مگر ابتدا انہی سے ہے آجکل ہم ماں باپ کی عزت بھی نہیں کرتے حالانکہ ہمیں باپ کی ڈانٹ ایسے سننا جیسے موبائل پر گانے سنتے ہیں اور ماں کی پہلی آواز پر لبیک کہناچاہیے تاکہ دوسری آواز کی نوبت نہ آئے اسکے علاوہ ہمارے پیارے آقا نے صفائی کو نصف ایمان قرار دیا ہے جس پر ہم نے بہت کم عمل کیا ہم تو اپنے گھر کا کوڑا دوسرے کے دروازے پر پھینک دیتے ہیں پارکوں میں جوس کے ڈبے اور شاپر پھینکنا ہم نے اپنی عادت بنا لی ہے زندگی صرف ایک بار ملتی ہے آپکی جائیداداوردولت کو آپکے بعد مال غنیمت کی طرح تقسیم کرلیا جائیگا دنیا میں مرنے کے بعد آپ زندہ رہ سکتے ہیں تو اپنے نیک اعمال کی وجہ سے ایک اور بات یاد رکھنے کی ہے کہ زندگی ہماری محتاج نہیں بلکہ ہم اسکے محتاج ہیں منزل کی فکر چھوڑ کر ہمیں اپنا اور دوسروں کا راستہ آسان بنانا چاہیے ایک دوسرے کے لیے آسانیاں پیداکریں یہی سیرت النبی کا تقاضا ہے اور اسی سے ہماری نجات ہوگی ۔

 

rohailakbar
About the Author: rohailakbar Read More Articles by rohailakbar: 835 Articles with 639034 views Currently, no details found about the author. If you are the author of this Article, Please update or create your Profile here.