رائے ونڈ کا سالانہ تبلیغی اجتماع

امسال 2021ء میں رائے ونڈ سالانہ عالمی تبلیغی اجتماع کا پہلا مرحلہ 4نومبربروز جمعرات کی عصر سے شروع ہورہاہے اور اجتماعی دعا 7نومبر صبح بروز اتوار کو ہوگی۔ دوسرے مرحلے کا اجتماع 11نومبرکو شروع ہو گا اور14نومبر کواجتماعی دعا ہو گی۔الحمدﷲ!ا جتماع میں امت مسلمہ کی ہرسال بڑھتی ہوئی تعداد اور انتظامی وسائل ومسائل کو ملحوظ رکھتے ہوئے اجتماع کے اٹھارہ حلقو ں کوچار زون یعنی چار مرحلوں میں تقسیم کردیا گیا ہے۔ہر سال میں دوزون 2مرحلوں کا اجتماع ہوتا ہے پھر دوبارہ ان مرحلوں کا اجتماع ایک سال کے وقفے سے ہوتا ہے لیکن دین کی محنت اور دعوت والے کام کی ترتیب وتبلیغ کے لئے علاقائی اجتماعات اورجوڑ دوران سال ہوتے رہتے ہیں۔ہمارے علاقے تلہ گنگ /راولپنڈی کے حلقے کا اجتماع پہلے مرحلے 4نومبر کو ہوگا۔رائے ونڈ سالانہ اجتماع میں ہر سال پاکستان سمیت پوری دنیا سے لاکھوں مسلمان شریک ہوتے ہیں جن میں دعوت وتبلیغ اور حضور نبی پاک ﷺ کی سنت پر عمل پیرا ہونے کے حوالے سے اکابر بزرگ علمائے کرام کے قیمتی نصائح اور بیانات ہوتے ہیں جنہوں نے اپنی زندگیاں دین کی محنت وتبلیغ کے لئے راہ خدا میں وقف کردیں ہیں۔آخر میں اجتماعی دعا کے بعد پاکستان سمیت دنیا بھر میں دعوت الی اﷲ کے لئے جماعتوں کی تشکیل اور روانگی کی جاتی ہے جو انبیاء علیہم السلام وصحابہ کرام ؓ کے نقش قدم پر چل کر اپنا جان، مال،وقت لگا کر پوری دنیا میں اﷲ کا کلمہ بلند کرنے کے لئے اپنے وطن،چمن،بدن کی قربانی دے کرعالم انسانیت کو بڑی محبت و پیار سے ایک اﷲ،ایک رسول،ایک قرآن،ایک قبلہ اور ایک دین کی طرف دعوت دیتے ہیں۔ایسے اجتماعات اور بیانات ہدایت کے سر چشمے اور ہدایت کی منڈیاں ہیں۔جن سے لاکھوں لوگوں کی زندگیاں سیراب ہو کر تبدیل ہو جاتی ہیں اور پھر انکی وجہ سے علاقوں،محلوں،شہروں اور ملکوں میں لوگوں کی زندگیاں پلٹا کھا کر دین کو اور دین کی محنت کو اپنا اوڑھنا بچھونا بنا لیتی ہیں۔ایسے اجتماعات جن میں ہر رنگ،نسل،زبان،قوم،خاندان،بستی،علاقہ،شہر اور ملک کے لوگ صرف اﷲ اور اس کے پیارے حبیب حضرت محمدﷺکی محبت میں اور دین کی آبیاری کے لئے جمع ہوتے ہیں اﷲ تعالی کو بڑے محبوب ہیں اور بڑے اجر وثواب کا ذریعہ ہے جیسا کہ حدیث پاک میں آتا ہے کہ سات بندے قیامت کے دن اﷲ تعالی کے عرش کے سائے کے نیچے ہوں گے ان میں ایک قسم کے وہ دو آدمی بھی ہوں گے جن میں اﷲ کی محبت میں اجتماع ہوتا ہے اورجدائی بھی اﷲ کی محبت میں ہوتی ہے،اسی طرح ایک اور حدیث شریف میں آتا ہے کہ حضور انورر ﷺ نے فرمایا کہ قیامت کے دن اﷲ جل شانہ بعضی قوموں کا حشر اس طرح فرمائیں گے کہ ان کے چہروں میں نور چمکتا ہوگاوہ موتیوں کے منبروں پر ہوں گے،لوگ ان پر رشک کرتے ہوں گے وہ انبیا ء اور شہداء نہیں ہوں گے،کسی نے عرض کیا یارسول اﷲ ﷺ!ان کا حال بیان کر دیجیے کہ ہم ان کو پہچان لیں؟تو حضور ﷺ نے فرمایا! یہ وہ لوگ ہوں گے جو اﷲ کی محبت میں مختلف گھروں سے،مختلف خاندانوں سے،آکر ایک جگہ جمع ہوں گے اور اﷲ کے ذکر میں مشغول ہوں گے (کذافی الطبرانی والمشکوۃ) اس اجتماع کا آنکھوں دیکھا حال ایک عرب عالم‘‘الشیخ صالح بن علی‘‘ نے مفتی اعظم عبدا لعزیز بن عبداﷲ بن بازؒ کو رپورٹ کی صورت میں پیش کیا،اس کے خط کے چند الفاظ پیش خدمت ہیں ’’جب ہم رائے ونڈگئے جہاں سالانہ اجتماع منعقد کیا جاتا ہے وہ خوب صورت اجتماع جسے دیکھ کر دل میں خشوع پیدا ہوتا ہے اور آنکھیں ڈر،خوشی اور اﷲ تعالی کے خوف سے بارش کی طرح آنسو بہاتی ہیں۔یہ اجتماع اہل جنت کے اجتماع سے مشابہ ہے جہاں نہ کوئی شوروغل تھا اور نہ کوئی تکلیف،نہ کوئی فضول بات،نہ لاقانونیت اور نہ جھوٹ،نہ کوئی بدبو نہ کوئی گندگی ہر چیز ذہانت وسلیقہ سے ترتیب دی ہوئی تھی صاف ستھرا ماحول تھا۔نہ ٹریفک پولیس نہ عام پولیس اور نہ کوئی چوکیدار،ایک فطری اورپاکیزہ زندگی ہے جہاں ہر سمت اﷲ کی ذکر کی فضا پھیلی ہوئی ہے۔۔۔اﷲ کی قسم یہ ایک ایسا اجتماع ہے جس سے دل زندہ اور ایمان چمکتا اور اس میں اضافہ ہو تا ہے۔کتنا بارعب اور کتنا خوب صورت اجتماع ہے جو آپ کے سامنے صحابہ کرامؓ،تابعینؒ اور تبع تابعین ؒکی بولتی ہوئی تصویر پیش کرتا ہے۔ہر طرف آپ کو محنت،علم،ذکر،میٹھی گفتگو،خوب صورت اعمال،ایمان اور علم سے چمکتے ہوئے چہرے ملیں گے۔آپ کی نگاہ ایسی چیزوں پر پڑے گی جن سے آپ کو خوشی ہو گی اور دل باغ باغ ہو جائے گا ایسے عظیم الشان اجتماع کو دیکھ کر میرے دل میں یہ آرزو پیدا ہوئی کہ کاش اس طرح کا
اجتماع مملکت سعودیہ میں بھی منعقد ہو‘‘۔ قارئین کرام!اﷲ پاک نے ہمیں ہمارے ملک میں یہ نعمت عطا فرمائی ہے اس کی قدر کریں، بیرون ملک سے لاکھوں روپے لگا کر آنے والوں سے پوچھوکہ اس کام اور اجتماع کی کیا قدر ہے جو ہم سے زیادہ اپنی مصرو ف اور مادی زندگی کے کام ترک کرکے اجتماع میں بڑے تزک و احتشام کے ساتھ شامل ہوتے ہیں،ہمیں تو قریب میں یہ نعمت میسر ہے،نہ مال کا اتنا خرچ ہے کہ استطاعت میں نہ ہو اور نہ اتنالمبا وقت کہ نکالنا مشکل ہوجائے،فقط تین دن کی بات ہے جو بخار وزکام میں چارپائی پر بھی گزر سکتا ہے۔اگر اﷲ کی نیک بندوں کی صحبت اور اجتماعی اعمال میں جڑنے میں گزرے گا توہیرے اور سونے سے زیادہ قیمتی بن جائے گا۔ اس لیے تمام احباب اجتماع میں شرکت کیجیے۔جتنی ہدایت اس اجتماع سے پھیلے گی،شریک ہونے والوں کو بھی اس میں سے ضرور حصہ ملے گا۔حضور سرور کائنات ﷺکا دین ہر کچے اورپکے گھر میں پہنچ کر رہے گا اور پہنچ رہاہے۔اﷲ تعالی ہمیں امت بن کر سارے عالم میں ہدایت پھیلانے کے لئے قبول فرمالے،اپنے محبوب بندوں میں شامل فرمالے،
رائیونڈ سالانہ عالمی تبلیغی اجتماع 2021 کے دومرحلوں میں شریک حلقہ جات اور علاقہ جات
حصہ اول: 4 نومبر2021 عصر کی نماز سے 7 نومبر2021 کی صبح تک
برائے حلقہ نمبر: 3، 5، 8، 12، 13
(لکی مروت، بنوں، کرک، دیر، باجوڑ، تیمرگرہ، چترال، پنڈی، جہلم، اٹک، تلہ گنگ، چکوال، سرگودھا، خوشاب، بھکر، میانوالی، کشمیر(مکمل)، صوبہ سندھ علاوہ کراچی)
حصہ دوم: 11نومبر2021 عصر کی نماز سے14نومبر2021 کی صبح تک
برائے حلقہ نمبر: 2، 9، 14، 16، 17
(کوہاٹ، ہنگو، کرم و اورکزئی ایجنسی، تیراہ، صدہ، درہ آدم خیل،، مردان، ملاکنڈ، درگئی، صوابی، غاذی، تربیلا، بشام، بٹگرام، مانسہرہ، چلاس، ایبٹ آباد، کوہستان، تورغر، ہری پور، بہاولنگر، بہاولپور، رحیم یار خان، لودھراں، گوجرانوالہ، گجرات، شیخوپورہ، حافظ آباد، سیالکوٹ، نارووال، منڈی بہاؤ الدین

Mufti Tanvir Ahmed
About the Author: Mufti Tanvir Ahmed Read More Articles by Mufti Tanvir Ahmed: 21 Articles with 24018 viewsCurrently, no details found about the author. If you are the author of this Article, Please update or create your Profile here.