برتن دھو کر الٹے کیوں رکھے جاتے ہیں، کچھ ایسے کام جو عام استعمال کی بہت ساری چیزوں کو لمبی زندگی دیتے ہیں

image
 
سردی کے موسم میں سوئٹر دھلنے کے بعد اگر پہنیں اور وہ سکڑ چکا ہو تو جو تکلیف انسان کو ہوتی ہے اس کا اندازہ وہی لگا سکتا ہے جس کے ساتھ ایسا ہو چکا ہو۔ لیکن کچھ عقلمند اور سگھڑ افراد ایسے بھی ہوتے ہیں جو روزمرہ کے معاملات میں ایسے ٹوٹکے استعمال کرنے کے قائل ہوتے ہیں جو کہ ان کو اس مایوسی سے بچا سکتے ہیں-
 
گھریلو استعمال کی عام اشیا کو لمبی زندگی دینے والے آسان ٹوٹکے
عام گھریلو اشیا کو خریدتے ہوئے ہر انسان کی یہی خواہش ہوتی ہے کہ وہ اس کو مکمل طور پر استعمال کرے یا پھر اس کو جلد خراب نہ ہونے دے تاکہ بچت کر سکے ایسے ہی کچھ ٹوٹکے آج ہم آپ کو بتائيں گے-
 
پیپر ٹاول یا ٹوائلٹ رول کو پھٹنے اور ضائع ہونے سے بچائيں
ٹوائلٹ رول کا استعمال یا پیپر ٹاول کا استعمال ہر انسان روزمرہ کی زندگی کا حصہ بن چکا ہے۔ لیکن اگر ان کو نکالتے ہوئے پیپر ٹاول ایک دوسرے کے ساتھ چپک جائيں تو نکالتے ہوئے پھٹ جاتے ہیں- اس کے لیے اگر رول کو کھولنے سے پہلے تھوڑا سا دبا لیں تو اس کا فائدہ یہ ہوگا کہ ہر پیپر علیحدہ سے ہو جائے گا اور ان کو نکالتے ہوئے رول نہیں پھٹیں گے-
image
 
نان اسٹک برتنوں کی عمر بڑھائيں
اگر آپ نان اسٹک برتن استعمال کرتے ہیں اور اس بات کے خواہشمند ہیں کہ آپ کے برتنوں کی عمر طویل ہو تو اس کے لیے آپ یہ طریقہ استعمال کر سکتے ہیں- نان اسٹک برتن کو صابن سے اچھی طرح دھولیں برتن کے اوپر عام پکانے کا تیل اس کی سطح پر لگا دیں اور ہلکی آنچ پر 60 سیکنڈ تک گرم کر لیں۔ اس کے بعد برتن کو ٹھنڈا ہونے دیں اس کے بعد اس آئل کو کسی پیپر سے صاف کر کے اس کو استعمال کرلیں اس طرح سے نان اسٹک برتنوں کی عمر بھی طویل ہو جائے گی-
image
 
تولیے دیر تک نرم اور نئے رکھنے کا طریقہ
عام طور پر تولیے دھلنے کے بعد سخت اور بد رنگ ہو جاتے ہیں۔ ان کے جذب کرنے کی صلاحیت میں کمی واقع ہو جاتی ہے اس وجہ سے تولیے دھوتے ہوئے کچھ باتوں کا خیال رکھنا ضروری ہوتا ہے- مشین میں ایک وقت میں ایک یا دوسے زيادہ تولیے نہ ڈالیں۔ اس کے علاوہ ہمیشہ ایک جیسے رنگ کے تولیے مشین میں ڈالیں۔ زیادہ میلے تولیے علیحدہ سے دھوئيں۔ اس کے علاوہ تولیے اچھی طرح دھونے اور کھنگالنے کے بعد اس کو سوکھنے کے لیے تار پر ڈالنے سے قبل اچھی طرح سے جھاڑ لیں اس سے تولیے نرم ہو جائيں گے اور سوکھنے کے بعد ان کی جذب کرنے کی صلاحیت بھی بڑھ جاتی ہے-
image
 
میدے کو دیر تک تازہ رکھیں
میدے کا استعمال ہر گھر میں عام طور پر ہوتا ہے لیکن کچھ ہی عرصے میں یہ میدہ باسی ہو جاتا ہے اور اس میں گھٹلیاں سی بن جاتی ہیں جس کی وجہ سے اس کی لذت کم ہوتی جاتی ہے- اس وجہ سے اس کو محفوظ کرنے کے ان طریقوں کا استعمال کریں جس سے یہ دیر تک تازہ رہ سکتے ہیں- میدے کو ہمیشہ خشک اور ائير ٹائٹ برتن میں رکھیں اور اس برتن کو دو دن تک فریزر میں رکھ لیں اور اس کے بعد اس کو نکال کر فریج میں رکھ دیں- اس طرح سے اس میدے کو خراب کرنے والے تمام بیکٹیریا ہلاک ہو جاتے ہیں اور میدہ دیر تک ترو تازہ رہتا ہے-
image
 
برتن دھونے کے بعد الٹا رکھنا
برتن چاہے کانچ کے ہوں یا اسٹیل کے ان کو دھونے کے بعد ان کو الٹا کر کے رکھنا اس حوالے سے مفید ثابت ہو سکتا ہے کہ اس طرح سے ان کے اندر کا تمام پانی خشک ہو جاتا ہے اور ان کے اندر کسی قسم کا نشان یا دھبا نہیں بنتا ہے-
image
 
ڈبل روٹی کو کئی مہینوں تک تازہ رکھیں
ڈبل روٹی کو تازہ رکھنے کے لیے اکثر افراد فریج میں رکھ دیتے ہیں مگر ڈبل روٹی ایک ایسی چیز ہے جس میں کچھ ہی دنوں میں پھپھوندی لگ کر اس کی تازگی کو خراب کر دیتی ہے- اس وجہ سے اس ڈبل روٹی کو فریج میں رکھنے سے پہلے کسی ائير ٹائٹ برتن میں بند کر کے اس کو فریج میں رکھ دیں- اس طرح سے یہ ڈبل روٹی مہینوں تک تازہ رہ سکتی ہے اس کے علاوہ اس میں پھپھوندی بھی نہیں لگتی ہے-
image
YOU MAY ALSO LIKE: