ڈاکٹر نے بتایا کہ وہ کبھی ماں نہیں بن سکتی، اولاد کی کمی دور کرنے کے لیے اسٹیج اداکارہ کا ایسا قدم جس نے اسے جیل پہنچا دیا، کوئی ایسا بھی کرسکتا ہے؟

image
 
عورت کی فطرت میں ماں بننے کی خواہش اس کی پیدائش کے ساتھ ہی تخلیق ہوجاتی ہے ۔ یہی وجہ ہے کہ بغیر اولاد کے عورت خود کو ادھورا محسوس کرتی ہے اور اس کی یہی خواہش ہوتی ہے کہ کوئی تو ہو جو اس کو ماں کہہ کر پکارے اور اس کے آنچل میں چھپ جائے-
 
اس خواہش کی تکمیل کے لیے وہ بڑی سے بڑی قربانی دینے کے لیے بھی تیار ہو جاتی ہے اور جب اس کو یہ خبر ملتی ہے کہ اس کی کوکھ اس قابل نہیں ہے جس میں کوئی بچہ پل سکے یا وہ ماں بننے کی صلاحیت سے محروم ہے تو وہ اپنی اس کمی کو دوسروں کے بچوں سے پورا کرنے کے لیے بے تاب ہو جاتی ہے-
 
جس طرح ہر خواہش کو پورا کرنے کے دو راستے ہوتے ہیں ایک راستہ جائز ہوتا ہے جو مشکل ضرور ہوتا ہے مگر اس میں دل کا سکون ہوتا ہے اور دوسرا راستہ نا جائز ہوتا ہے جو فوری ضرور ہوتا ہے مگر اس کے نتائج انسان کو بند گلی تک لے جاتے ہیں-
 
ایسا ہی ایک واقعہ گزشتہ دنوں پیش آیا جب پولیس نے ملتان سے تعلق رکھنے والی معروف اسٹیج اداکارہ آئمہ خان کو ان کے شوہر اور دیور کے ساتھ حراست میں لے لیا ان لوگوں پر دہلی گیٹ ملتان سے ایک بچے کو اغوا کرنے کا الزام عائد کیا گیا ہے-
 
image
 
واقعہ کی تفصیلات
واقعہ کی تفصیلات کے مطابق میاں گل نامی ایک شخص نے رپورٹ درج کروائی کہ ان کا ڈھائی سالہ بیٹے نفیب اللہ فاروق ٹاؤن دہلی گیٹ ملتان سے لاپتہ ہو گیا ہے- ان کے مطابق ان کا بیٹا قریبی دکان پر سامان لینے گیا تھا جہاں سے دو نامعلوم موٹر سائیکل سواروں نے اس بچے کو اغوا کر لیا ہے جس کے بعد پولیس نے تحقیقات کا آغاز کر دیا-
 
آئمہ خان کے ملوث ہونے کے ثبوت
اس حوالے سے پولیس نے جب تحقیقات کیں تو سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے وہ اس موٹر سائيکل کے مالکان تک پہنچ گئے جو کہ آئمہ خان تک لے کر چلے گئے اور پولیس نے جب ان کے گھر پر چھاپہ مارا تو اس کے نتیجے میں نہ صرف نقیب اللہ کو بازیاب کروا لیا بلکہ ان کو ان کے شوہر اور دیور سمیت گرفتار بھی کر لیا-
 
بچے کے اغوا کی وجوہات
تفصیلات کے مطابق آئمہ خان کی شادی کو چار سال کا عرصہ گزر چکا تھا اور وہ اس دوران ہر ممکن کوشش کے باوجود ماں نہیں بن سکی تھیں- ان کو ان کے ڈاکٹرز نے بھی بتا دیا تھا کہ وہ بچہ پیدا کرنے کی صلاحیت سے محروم ہیں اور ابھی ماں نہیں بن سکیں گی-
 
image
 
مگر اپنی ماں بننے کی اس خواہش نے ان کو بہت پریشان کر دیا تھا اس وجہ سے انہوں نے اپنے دیور کو پانچ لاکھ روپے دینے کی لالچ دی تاکہ وہ ان کو ایک بچہ لا کر دے سکے جس کو پال کر وہ اپنی ماں بننے کی خواہش کو پورا کر سکیں-
 
ان کے شوہر اور دیور نے ان کی خواہش اور پیسے کی لالچ میں مجبور ہو کر نفیب اللہ کا اغوا کیا تاکہ آئمہ خان کی ماں بننے کی خواہش کو پورا کر سکیں مگر پولیس کی فعال کارکردگی کے سبب ان کی یہ خواہش ادھوری ہی رہ گئی اور وہ تینوں جیل کی کال کوٹھری تک جا پہنچے-
 
سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ کیا کوئی خاتون اولاد کی خواہش کو پورا کرنے کے لیے اس حد تک بھی جاسکتی ہے- یقیناً کسی ماں کی گود اجاڑ کر یہ ممکن نہیں تھا کہ اس خاتون کی جھولی خوشیوں سے بھر جاتی- لیکن سوچنے کی بات یہ بھی اب معاشرہ کس جانب جارہا ہے کہ اپنی خواہش کو پورا کرنے کے لیے ہر جائر و ناجائز راستہ اختیار کرنے سے دریغ نہیں کیا جارہا-
YOU MAY ALSO LIKE: