|
|
کراچی میں گزشتہ پچیس روز سے سندھ اسمبلی کے سامنے کراچی
کے بلدیاتی قانون کے خلاف جماعت اسلامی کا دھرنا جاری ہے ۔یہ دھرنا اس لحاظ
سے منفرد ہے کہ اس میں نہ گانے ہیں نا ڈانس ہیں، نا خواتین اور مرد حضرات
کی مکس گیدرنگز ہیں، بلکہ جس دن سے یہ دھرنا شروع ہوا ہے اس میں مختلف قسم
کی بڑی دلچسپ سرگرمیاں جاری ہیں، جس میں کھیلوں کے مقابلے، مشاعرے، نعت
خوانی کے مقابلے، تائی کوانڈو(کراٹے)، کرکٹ، باکسنگ اور ہفتے اور اتوار کو
ایک اور انوکھی سرگرمی سامنے آئی جو کہ فوڈ فیسٹیول کی تھی۔ |
|
یہ دھرنا اس لحاظ سے بہت منفرد حیثیت اختیار کر گیا ہے
کہ یہاں روزانہ سینکڑوں کی تعداد میں لوگ آ رہے ہیں اور بلدیاتی قانون کے
خلاف جماعت اسلامی سے اظہار یک جہتی کر رہے ہیں۔یہاں اسی دھرنے میں اعلان
کیا گیا تھا کہ اب فیملی فوڈ فیسٹیول رکھا جائے گا اس فوڈ فیسٹیول کے ہفتے
اور اتوار کی شام 6 بجے سے رات تین بجے تک کے اوقات تھے، اس میں فیملیز کے
لئے بیٹھنے کا انتظام بھی کیا گیا تھا۔ |
|
اس انوکھے دھرنے کے منفرد فوڈ فیسٹیول کو دیکھنے ہزاروں
لوگ امڈ آئے تھے جس میں میڈیا کے نمائندوں کی بھی بڑی تعداد شامل تھی۔یہاں
اس فوڈ فیسٹیول میں مزے مزے کے کھانے تھے جس میں پاکستانی، چائینیز، ساؤتھ
انڈین، کونٹینینٹل کھانے شامل تھے، اس کی ایک خاص بات تھی کہ یہ سب کھانے
بہت مناسب قیمت میں تھے جس سے ہر کوئی لطف اندوز ہو سکتا تھا۔ |
|
|
|
یہاں بہت سے ایسے اسٹال بھی دکھائی دئیے جو کہ گھر سے
کھانے بنا کر بیچتے ہیں یا مختلف دفاتر میں پہنچاتے ہیں،وہ بھی خوش تھے کہ
ان کا سارا سامان اتنی جلدی ختم ہو گیا تھا،وہاں بار بی کیو کا بھی انتظام
تھا،جہاں تکہ،ملائی بوٹی،بہاری بوٹی، سیخ کباب وغیرہ کی خوشبوئیں دل کو
لبھا رہی تھیں، پیزا، پاستا، رول، سموسے، وان ٹان، کیک، براؤنیز، مخلف قسم
کے سوپ،ان کے ساتھ کرسپی کریکرزوغیرہ بھی لذت کام و دہن کا سامان کر رہے
تھے۔ گھر کی چیزیں بنا کر بیچنے والوں میں خواتین بھی تھیں اور مرد حضرات
بھی۔ |
|
اس فیسٹیول میں فیملیز کے ساتھ لوگ آئے تھے تو یہاں کھلی
جگہ میں بچے بہت زیادہ مزے لے رہے تھے۔سخت سردی اور ہوائیں بھی کراچی والوں
کو گھروں میں روکنے میں کامیاب نہیں ہو سکی تھیں۔ایسے میں جماعت اسلامی کے
رہنما بھی ان کھانوں سے انصاف کرتے نظر آئے۔اس دھرنے کی انفرادیت یہ ہے کہ
جب سے یہ دھرنا شروع ہوا ہے،اس وقت سے کراچی کا موسم انتہائی سرد ہوگیا
ہے،اس کے درمیان میں بارشیں بھی ہوئیں،ٹھنڈ بھی بڑھی،گرد آلود ہواؤں کا
طوفان بھی آیا جس میں دھرنے کے سارے ٹینٹ اکھڑ گئے۔ |
|
لیکن ان سب کے باوجود یہاں ساری سرگرمیاں جاری و ساری
ہیں۔اور کراچی والوں کو تو سمجھیں ایک پکنک پوائنٹ مل گیا ہے۔جو لوگ جماعت
اسلامی سے اختلاف بھی رکھتے ہیں وہ بھی اس بلدیاتی قانون کے خلاف ان کی
حمایت کر رہے ہیں۔رات کو روزانہ وہاں مختلف سر گرمیوں کے ساتھ کھانے کھلانے
کا سلسلہ بھی جاری ہے،جس میں مختلف قسم کے سوپ،مختلف پھل
فروٹ،بھٹے،پاپڑ،مونگ پھلیاں اور بہت کچھ یہاں مل جاتا ہے- |
|
|
|
جب سے دھرنا شروع ہوا ہے مختلف ٹھیلے والے یہاں
پہنچ جاتے ہیں اور اپنا سارا سامان یہاں منٹوں میں بیچ کر چلے جاتے ہیں،
بعض اوقات تو کوئی بھی ایک شخص یہ سارا ٹھیلا یا سامان خرید لیتا ہے اور
پھر سب میں مفت بانٹ دیتا ہے۔گویا اس وقت یہاں جنگل میں منگل کا سماں
ہے۔میڈیا کو بھی وہاں سے روزانہ کوئی نہ کوئی نئی خبر مل جاتی ہے اس لئے
میڈیا کی بھی دلچسپی اب تک برقرار ہے۔ |