موزے اتارتے ہی سب بےہوش ہو جاتے ہیں، پیروں کی بدبو دور کرنا چاہتے ہیں تو یہ آسان ٹوٹکے آزمائيں

image
 
دن بھر دفتر میں موزے پہنے رکھنے کے سبب یا اسکول کالج میں موزے پہنے رکھنے کے سبب کچھ افراد کو پیروں سے شدید بدبو آنے کی شکایت ہو جاتی ہے جس کی وجہ سے ایسے افراد کو کسی بھی محفل میں جاتے ہوئے شدید شرمندگی کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ لوگ ان کے ساتھ بیٹھنے کے لیے تیار نہیں ہوتے ہیں اور اگر بیٹھ بھی جائیں تو بار بار ناک پکڑ کر ناگواری کا احساس دلاتے ہیں جس سے شرمندگی میں اضافہ ہو جاتا ہے-
 
پیروں سے بدبو آنے کی بیماری
اگر موزے اتارنے کے بعد آپ کے پیروں سے بد بو آتی ہے تو یہ ایک بیماری ہے جس کو میڈیکل ٹرم کے مطابق بروموڈوسس کا نام دیا جاتا ہے- جس کا سبب یہ ہوتا ہے کہ پیروں میں آنے والے پسینے کے سبب پیروں میں ایسے بیکٹریا کی افزائش ہو جاتی ہے جو کہ بدبو پیدا کرنے کے باعث بنتے ہیں-
 
پیروں سے بدبو آنے کے اسباب
پیروں سے بدبو آنے کے اسباب کچھ اس طرح سے ہو سکتے ہیں پیروں میں زيادہ پسینہ آنا، ذہنی دباؤ، جوتوں کا ٹائٹ ہونا، ذیابیطس، یا تھائی رائڈ غدود کی خرابی اس کے اسباب ہو سکتے ہیں- اس کے علاوہ پیروں کی صفائی کا خیال نہ رکھنے والے افراد بھی اس مسئلے کا شکار ہو سکتے ہیں اور ان کے پیروں میں بیکٹیریا یا فنجائی کی افزائش شروع ہو جاتی ہے جو کہ اس بیماری کا سبب بن جاتے ہیں-
 
image
 
پیروں کی بدبو دور کرنے کے آسان طریقے
پیروں کی بدبو دور کرنے اور شرمندگی سے بچنے کے لیے کچھ اقدامات مفید ثابت ہو سکتے ہیں جن کو کرنا آسان اور عام گھریلو اشیا سے ہو سکتا ہے-
 
پیروں کی صفائی کا خیال رکھنے سے
پیروں کی صفائی ان کی بدبو دور کرنے میں اہم کردار ادا کر سکتی ہے جس کے لیے ان کو اینٹی بیکٹیریل صابن سے دھونا، پیروں کو خشک رکھنا روزانہ موزوں کو تبدیل کرنا ناخنوں کو باقاعدگی سے تراشنا ضروری ہوتا ہے- اس کے علاوہ پیروں کی ایڑھیوں وغیرہ کی مردہ کھال بھی بیکٹیریا کی افزائش کی ایک اہم جگہ ہوتی ہے اس وجہ سے ان کو صاف کرنا بھی ضروری ہوتا ہے-
 
موزوں اور جوتوں کی صفائی کا خیال رکھنا
اگر موزوں میں پسینہ آجائے تو اس کی وجہ سےبیکٹیریا کے بننے کے امکانات بڑھ جاتے ہیں اور ان میں بو پیدا ہو جاتی ہے- اس وجہ سے جن افراد کے پیروں میں سے بدبو آتی ہو ان افراد کو روزانہ موزے تبدیل کرنے ضروری ہیں-
 
اس کے علاوہ ان کو سوتی موزے استعمال کرنے چاہیے ہیں کیوں کہ سوتی موزے پسینے کو جزب کرتے ہیں کیوں کہ ایسے موزے پسینے کو جزب کر لیتے ہیں اور پیروں کے اندر پسینے کو بننے سے روکتے ہیں-
 
image
 
جوتوں کی صفائی بھی پیروں کی بدبو دور کرنے کا سبب بن سکتی ہے ایسے موسم میں جب کہ پیروں میں پسینہ آتا ہو ان دنوں میں جوتے اتارنے کے بعد ان کو کھلی ہوا میں رکھنا ضروری ہوتا ہے تاکہ جوتوں کے اندر سے بیکٹیریا ختم ہو سکیں-
 
پھٹکری کا استعمال
پھٹکری کو جراثیم کش ادویات کے طور پر استعمال کیا جاتا ہے اس وجہ سے جوتے اتارنے کے بعد پھٹکری سے پیر دھونے سے نہ صرف جراثيم سے پاک ہو سکتے ہیں بلکہ اس کے ساتھ ساتھ پیروں کی بد بو سے بھی نجات ملتی ہے- ان تمام اقدامات کے ذریعے پیروں کی بدبو کو دور کیا جا سکتا ہے-
YOU MAY ALSO LIKE: