مولانا اشرفی کی علماء کے عمومی طرز عمل کی بہترین نمائندگی
(Athar Masood Wani, Rawalpindi)
|
اطہر مسعود وانی
وزیر اعظم عمران خان کے خصوصی نمائندے برائے مذہبی ہم آہنگی ، آل پاکستان علماء کونسل کے سربراہ مولانا طاہر اشرفی وائس آف امریکہ (VOA)کے ٹوئٹر سپیس پہ بات کرتے ہوئے غصے میں آگئے اور انہوں نے جاوید احمد غامدی اور ان کے ساتھیوں پر سخت الزامات لگا دیئے۔پروگرام میں جاوید غامدی کے ادارہ سے منسلک محمد حسن الیاس نے شرکت کی۔علمی سطح کی بات چیت میں دلائل کے بغیر غصے اور اشتعال انگیز روئیے کا مظاہرہ کرتے ہوئے مولانا طاہر اشرفی نے عمومی طور پر مذہبی جماعتوں اور علماء کے اس طرز عمل کی بہترین نمائندگی کی جس کا مظاہرہ آئے روز دیکھنے میں آتا ہے۔
(https://twitter.com/URDUVOA/status/1493274105428258831)وائس آف امریکہ کی ٹوئٹر سپیس کی ریکارڈنگ کا لنک
وائس آف امریکہ (VOA)کے ٹوئٹر سپیس پہ'' توہین مذہب کے الزام میں ہجوم کے ہاتھوں ہلاکت کے بڑہتے ہوئے واقعات''کے موضوع پر پہلے مقرر کے طور پر میں نے صورتحال پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں اس طرح کے واقعات کا تسلسل نظر آتا ہے،اس طرح کے واقعات پر حکومت کی طرف سے سخت کاروائی نظر نہیں آتی، گرفتاریوں اور چھاپوں کی بات تو کی جاتی ہے لیکن کے خلاف سخت کاروائی ہوتے نظر نہیں آتی۔اس طرح کے واقعات میں ایک مشتعل گروپ ہوتا ہے جو الزام لگا رہا ہو، پولیس ' ایف آئی آر' کے اندراج پہ مجبور ہو جاتی ہے اور جس شخص پر الزام لگایا جاتا ہے ، اس کا پورا خاندان تباہ ہو جاتا ہے۔اس سے معاشرے میں دہشت پھیلی ہوئی ہے اور حکومت کی طرف سے یوں معلوم ہوتا ہے کہ پاکستان عوام کو '' بلیک میل '' کیا جا رہا ہے کہ کسی بھی معاملے میں عوام کو، ان کی سیاسی خواہش کو دبانے کے لئے حکومت کی طرف سے ایک '' سیاسی کارڈ'' کے طور پرآشیر باد کی صورتحال نظر آتی ہے۔ایسے واقعات پر حکومت کی طرف سے جب سخت کاروائی نظر نہیں آتی، ذمہ داران کے خلاف سخت اقدامات نظر نہیں آتے تو عام لوگ جنہیں علم نہیں ہے اور جو مذہبی رجحانات سے'' موٹی ویٹ'' ہو جاتے ہیں، وہ سمجھنے لگتے ہیں کہ درپردہ حکومت کی بھی حمایت حاصل ہے ۔ جو ایسے واقعات کی مذمت کرتے ہیںان میں بھی بڑی تعداد ایسی نظر آتی ہے مذہبی جماعتوں کی ،جو کہتے ہیں کہ غلط ہوا لیکن، لیکن کے ساتھ اس کو جواز دیتے ہیں۔ سول سوسائٹی کی طرف سے ایسے واقعات کے خلاف آواز اٹھ رہی ہے ورنہ حکومت، مذہبی و دینی جماعتیں ایک دوسرا انداز اپنائے نظر آتی ہیں۔
وائس آف امریکہ کے اسد حسن نے مجھ سے سوال کیا کہ اس کی وجہ کیا ہے،کیا ریاست کا روئیہ بہت کمپرو مائیزنگ ہے اور معذرت خواہانہ ہے،سٹینڈ نہیں لے سکتے یا پھر یہ مذہبی گروپس اتنے طاقتور ہو گئے ہیں کہ اب وہ ریاست سے بھی طاقتور ہو چکے ہیں کہ ان کو سمجھنا مشکل ہے،لیکن اگر ہم دوسری طر ف دیکھتے ہیں تو انہی شدت پسند گروپوں کے ساتھ جو مذہب کا نام استعمال کرتے ہیں، جب ان کے خلاف کاروائی کا معاملہ آیا تو ریاست نے پوری طاقت کے ساتھ کاروائی کی تو وہ کمزور ہوتے ہوئے نظر آئے، تو یہاں کس طرح کی ' ول' کمٹمنٹ'یا سیاسی عزم کی ضرورت ہے؟
میں نے وائس آف امریکہ کے اس استفسار کے جواب میں اپنی رائے پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ دیکھا اور محسوس کیا جارہا ہے کہ اس طرح کے عناصر ہماری اسٹیبلشمنٹ نے خود ان کو پیدا کیا ہے،ان کو پروموٹ کیا ہے ، ان کو پروان چڑھایا ہے،ان کو مختلف حوالوں سے استعمال کرتے ہیں،یہ اس طرح کے کردار کا ایک منطقی نتیجہ ہوتا ہے کہ ایک ناخواندہ قسم کے معاشرے میں جہاں مذہبی رجحانات کا غلبہ ہے،وہاں ریاست اس طرح کے عناصر کو اپنے سیاسی اہداف کے لئے استعمال کرتی ہے تو اس طرح کے نتائج سامنے آتے رہتے ہیں۔
عالمی شہرت یافتہ ممتاز و مقبول جاوید احمد غامدی کے ادارہ سے منسلک محمد حسن الیاس نے کہا کہ اصل معاملے پہ ہمت، حوصلے، ادب و احترام کے ساتھ ہم بات کریں اور ہمیں آگے بڑہنا چاہئے ،یہ وقت ہے ،اگر آگے نہیں بڑہیں گے تو ہماری نسلیں ہمیںمعاف نہیں کریں گی،یہ علماء سے پوچھا جانا چاہئے کہ یہ جو قانون ہمارے ملک میں موجود ہے ، کیا کہ اسلامی فقہ کے مطابق ہے؟انہوں نے کہا کہ زیادہ لوگوں کی موجودگی کسی بات کا جواز نہیں ہو سکتی۔
مولانا طاہر اشرفی نے کہا کہ ایک طرف مذہبی انتہا پسندی ہے اور دوسری طرف لبرل انتہا پسندی ہے اور درمیان میں قوم پس رہی ہے۔ اس قانون سے ہم نے بہت سی جانوں کو بچایا ہے، علماء بورڈ پنجاب نے 188کیسوں کا پچھلے تین سالوں میں فیصلہ کیا ہے جو لوگ اس قانون کی وجہ سے بچے ہیں اور ان کی تعداد سینکڑوں میں ہے،لوگوں کو ریلیف ملا ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ چالیس سال سے پودا لگا ہوا ہے اور سب نے اس پودے کوپانی دیا ہے،اس میں خالی علماء نہیں ہیں، سیاسی جماعتیں سب سے پہلے ہیں،انہوں نے سب سے پہلے اس میں حصہ ڈالا ہے اور آج بھی ڈال رہی ہیں،اب جبکہ ریاست نے ایک بیانیہ دے دیا ہے،ریاست ایک جگہ آ کر کھڑی ہو گئی،جب ایک چھوٹا سا طبقہ جس کی فالونگ ہی نہیں ہے وہ آ کر کھڑا ہو جاتا ہے،باہر بیٹھ کر باتیں کرنا بہت آسان ہے۔
مولانا طاہر اشرفی نے کہا کہ اس قانون کے تحت کسی ایک شخص کو بھی سزا تکمیل تک نہیں پہنچی،میں علماء کے ساتھ چیف جسٹس صاحب سے یہ مطالبہ کر چکا ہوں کہ اس قانون کے تحت جو بے گناہ ہیں انہیں رہا کیا جا ئے اور جو گناہ گار ہیںانہیں سزا دی جائے، جب وہ بکواس کرنے لگتے ہیںتو انہیں بھی خیال آنا چاہئے کہ اس کے نتیجے میں جو فساد آئے گا،یہاں جو قتل و قتال ہو گا،اس کا ذمہ دار کون ہو گا۔ہم وکالت ضرور کریںلیکن حقائق کی روشنی میں کریں،ہمارا عام آدمی اسی خوف میں مبتلا ہے کہ عدالت میں جائے گا اور رہا ہو جائے گا،تھانے میں جائے گا تو پیچھے سے پریشر آ جائے گا،اگرچہ اس کا یہ نظرئیہ قطعی غلط ہے،اس بارے میں قانون موجود ہے اس قانون کے مطابق کاروائی ہونی چاہئے، گزشتہ ایک،سوا سال میںآپ ایک کیس ایسا نہیںبتا سکتے جو غلط درج ہوا ہو۔ضرور ایسے سو، ڈیڑھ سو ،دو سو ایسے لوگ ہوں گے کہ جن پر اگر کسی نے الزام لگایاہے یا جن کے بارے میںاجتماع پیدا ہوا ہے یا جن کے بارے میں شک پیدا ہوا ہے۔وہاں جا کر ،آپس میں بیٹھ کر مسائل کو حل کیا گیا ہے۔جس نے توہین کی ہے اس کو تو نہیںچھوڑا جا سکتا ہے۔
محمد حسن الیاس نے کہا کہ ہمارے ہاں جو کچھ ہو رہا ہے اس وقت عدم برداشت کے نام پر یہ ایک دن میں نہیں ہوا،ہمارے ہاں ہزاروں مساجد،لاکھوں علماء جب جلسوںمیں بیٹھ کر لوگوں کوبتائیںگے کہ جس نے گستاخی کی تم نے سمجھا اس نے گستاخی کی ،جائو اس کی گردن اڑا دو،جن جن نے اڑائی تھی،انہیں خوابوں میں بشارت ہوئی ، جنت کی سرفرازی عطا ہوئی ، جن لوگوں کو نماز ،کلمہ نہیں آتا وہ کیسے یہاں تک پہنچے کہ توہین مذہب کا الزام لگا کر کسی کو مار دیں، اس کے پیچھے ایک فکر ہے،وہ فکر ہمارے علماء بیان کرتے ہیںشب و روز بیان کرتے ہیں۔
مولانا طاہر اشرفی نے کہا کہ حسن صاحب امریکہ میں بیٹھ کر بڑا اچھا لیکچر دے لیتے ہیں،اس قانون کے حوالے سے یہ اپنے استاد محترم کو جہاں مرضی لے آئیں،ٹی وی پر ہم لائیو مناظرہ کر لیں گے کہ یہ قانون کتنا ضروری تھا اور اس قانون کی وجہ سے کیا مثبت تبدیلی ہے اور کیا منفی تبدیلی ہے۔علمائے اسلام نے بہت کام کیا ہے،حسن صاحب کو اگر امریکہ میں بیٹھ کر یہ بات اچھی نہیں لگ رہی کہ پاکستان کے اندر اگرتوہین کا الزام لگنے والے لوگ علماء کی تحقیق اور علماء کے تعاون سے وہ اپنے گھروں کو چلے گئے ہیںتواس کا علاج میرے پاس نہیں ہے،میں تو یہی کروں گا کہ میں مظلوم کے ساتھ کھڑا ہوںاور جو ظالم ہے اس کو ظالم کہوں،لیکن میں یہ نہیں کر سکتا ہوں کہ میں ظالم کو ظالم کہنے کے بجائے اس کے لئے راستے تیار کروں ۔ بعض لوگوں کی مجبوری ہے کہ وہ توہین کے قانون کے خلاف بات کرنا ان کی مجبوری ہے۔
مولان اشرفی نے کہا کہ جن لوگوں نے یہ قانون بنایا تھا، ایک سو غامدی صاحب پیدا ہو جائیں ،ان کے علم کے قریب نہیں جا سکتے،یہ اس وقت کے بہت قابل علماء تھے جنہوں نے یہ قانون بنایا۔ان (محمد حسن الیاس )کی گفتگو کا خلاصہ یہ ہے کہ علماء بہت برے ہیں، یہ سو ڈیڑھ سو لوگ ہیں جو اس قانون کے خلاف بات کرتے ہیں،جب آپ اس قانون کے خلاف بات کرتے ہیںتو لوگ سمجھتے ہیں کہ یہ اوپر سے مسلط ہونے آ رہے ہیں تو اس کے نتیجے میں ایک خوف پیدا ہوتا ہے کہ اسمبلی میں اس قانون کے خلاف کام ہو جائے۔
محمد حسن الیاس نے کہا کہ قانون کے خلاف کوئی نہیں ہے قانون میںایسی ترمیم کی بات کی جار ہی ہے جو اسلامی فکر کے مطابق ہے جس پر ہمارے فقہاکا اتفاق ہے۔وہ توجہ کی گنجائش مانتے ہیںجو اس قانون میں نہیں ہے،اس کو کرنے سے جو کاوشیںطاہر اشرفی صاحب کر رہے ہیں، اس کو فائدہ پہنچے گا،لوگوں کو حوصلہ ملے گا،ججوں کو بھی حوصلہ ملے گا ،قانون کی سطح پر بھی حوصلہ ملے گا،اس ماحول کی حوصلہ شکنی ہو گی،ہم پاکستانی ہیں ،آپس میں بھائی ہیں، اس ملک کی بہتری چاہتے ہیں،یہ نفاق کی فضا کہ بلا لیں کسی کو مناظرے کے لئے،ہم اس کو ثابت کر دیں گے۔
اس موقع پر مولانا طاہر اشرفی نے ان کی بات کاٹتے ہوئے کہا کہ آپ اور آپ کے استاد محترم سو لوگ پاکستان میں جمع نہیں کر سکتے،پاکستان میں آپ کے سو فالوور نہیں ہیں،آپ کے استاد محترم یہاں سے بھاگے کیوں تھے،مذہب کے نام پر آپ جیسے لوگوں کی وجہ سے ملک میںخوف ہے ،آپ جیسے لوگوں نے مذہب کو ٹول بنا کے اپنے مقاصد کے لئے اس قوم کو تباہ کیا ہے،اب میں بتائوں کے آپ کاس استاد یہاں سے کیوں بھاگا تھا؟ آپ مجھے مجبور کر رہے ہیں( اس موقع پر حسن نے کہا جی فرمائیے، لیکن مولانا اشرفی نے بتانے سے اجتناب کیا)مولانا طاہر اشرفی نے کہا کہ آپ نے پہلے بھی بہت سخت گفتگو کی اور میں نے کوشش کی کہ اس سخت گفتگو کو کسی طریقے سے برداشت کیا جائے، آپ کی روٹی روزی اس پر لگی ہوئی ہے کہ آپ مسلمانوں کے جو متفقہ مسائل ہیں ان کے خلاف آپ ، ( اس موقع پر وائس آف امریکہ کے میزبان نے مداخلت کرتے ہوئے اختتامی گفتگو شروع کر دی)
اطہر مسعود وانی 03335176429 https://twitter.com/Kashmirstate https://www.facebook.com/Humanworld
|