|
|
گزشتہ رات پاکستان پیپلز پارٹی کے سینیئر رہنما اور سابق
وزیر داخلہ سینیٹر رحمان ملک کووڈ 19 کے باعث 70 سال کی عمر میں اسلام آباد
کے ایک مقامی ہسپتال میں وفات پا گئے ہیں۔ اس انتقال کی اطلاع رحمان ملک کے
ترجمان ریاض علی طوری نے ان کے انتقال کی اطلاع نصف شب تین بجے ٹوئٹر کے
ذریعے دی- |
|
رحمان ملک سیاست میں آنے سے پہلے پاکستانی وزارت داخلہ
کے محکمہ امیگریشن میں کام کرتے تھے اور پھر یہاں سے ترقی کرتے ہوئے وہ
پاکستان پیپلز پارٹی کے دوسرے دور حکومت، سنہ 1993 سے سنہ 1996 تک، میں
وفاقی تحقیقاتی ادارے یعنی ایف آئی اے میں ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل کے عہدے
پر تعینات کیے گئے۔ |
|
رحمان ملک کے دور میں لوگوں کے دلوں میں ایف آئی اے کی
ایسی دھاک بیٹھی ہوئی تھی کہ لوگ بظاہر اس سے خوفزدہ تھے۔ |
|
|
|
صحافی یعقوب ملک کے مطابق اس وقت یہ صورتحال تھی کہ اگر
کوئی کسی شخص کے خلاف ایف آئی اے میں درخواست دیتا تو جس شخص کے خلاف
درخواست دی جاتی اس کی کوشش یہی ہوتی تھی کہ ایف آئی اے کے حکام اس درخواست
پر کارروائی کرنے سے پہلے درخواست گزار سے اپنے معاملات طے کر لیں۔ |
|
اس عرصے کے دوران کچھ بیوروکریٹس کو ایف آئی اے کا
سربراہ یعنی ڈائریکٹر جنرل بھی لگایا گیا لیکن لوگ ان کے نام سے واقف نہیں
ہوتے تھے بلکہ صرف رحمان ملک کو جانتے تھے۔ |
|
ایک دور میں برطانیہ میں پناہ لینے کے دوران رحمان ملک
نے وہاں اپنی پرائیویٹ سکیورٹی کمپنی بنا لی۔ |
|
سنہ 1999 میں سابق فوجی صدر پرویز مشرف کی طرف سے نواز
شریف کی حکومت کو برطرف کرنے کے بعد لگائی گئی ایمرجنسی کے بعد جب بےنظیر
بھٹو جلاوطنی میں تھیں تو اس وقت بھی انھوں نے بینظیر کی سکیورٹی کے
معاملات میں اُن کی معاونت کی۔ |
|
|
|
انھوں نے برطانیہ میں قیام کے دوران سابق وزیر اعظم
بےنظیر بھٹو اور سابق وزیر اعظم میاں نواز شریف کو سیاسی اختلافات بھلا کر
ایک دوسرے سے تعاون کرنے پر آمادہ کیا۔ |
|
بےنظیر بھٹو کو رحمان ملک پر اتنا اعتماد تھا کہ پاکستان
پیپلز پارٹی اور پاکستان مسلم لیگ نواز کے درمیان میثاق جمہوریت کا معاہدہ
بھی رحمان ملک کے گھر پر ہوا تھا جس پر دونوں سابق وزرائے اعظم نے دستخط
کیے تھے۔ |
|
انھیں پیپلز پارٹی کے دور میں سرکاری اعزاز ’ستارہ شجاعت‘
اور ’نشان امتیاز‘ سے نوازا گیا تھا جبکہ انھیں جامع کراچی نے پی ایچ ڈی
ڈاکٹر کی اعزازی ڈگری دی تھی۔ |
|
رحمان ملک کی وفات کو پیپلز پارٹی کے لیے ایک بڑا سانحہ
قرار دیا جارہا ہے کیونکہ انہوں نے پیپلز پارٹی کے لیے گرانقدر خدمات
سرانجام دیں-
|