یہ اس عورت کی قبر ہے جس کو دو بار دفن کیا گیا ہے، موت تو ایک بار آتی ہے مگر اس عورت کے ساتھ ایسا کیا ہوا جو اس کو دو بار دفن کیا گیا

image
 
دو سال قبل جب کرونا وائرس نے وبائی صورت اختیار کر لی تھی تو ابتدائی مرحلے میں اس وائرس کے حوالے سے معلومات کی کمی کے سبب اس مرض سے ہلاک ہونے والے افراد کی تدفین علیحدہ قبرستانوں میں بہت محدود تعداد میں لوگوں نے کی- یہاں تک کہ ابتدا میں تو لواحقین کے حوالے میت تک نہ کی گئی اور اس سب کا مقصد صرف اور صرف مرض کے پھیلاؤ کو روکنا تھا-
 
ایک بار مرنے اور دو بار دفن ہونے والی عورت کی کہانی
تاریخ گواہ ہے کہ اس دنیا کو ہر سو سال کے بعد کسی نہ کسی وبا نے اپنی لپیٹ میں لیا ہے یہ وبا شدت کے اعتبار سے سنگین نوعیت کی ہوتی تھی اور اس سے بڑی تعداد میں نہ صرف لوگ متاثر ہوتے بلکہ اپنی جان سے بھی ہاتھ دھو بیٹھتے تھے-
 
ایسا ہی ایک واقعہ `1695 میں مارگوری میک کال نامی عورت کے ساتھ پیش آیا جو ایک وبائی مرض میں مبتلا ہونے کے سبب بخار کی وجہ سے ہلاک ہو گئی۔ اس عورت کی موت چونکہ وبا کے سبب ہوئی تھی اس وجہ سے جراثیموں کے پھیلاؤ کو روکنے کے خیال سے ڈاکٹروں نے اس عورت کی فوری تدفین کا مشورہ دیا ۔ جس پر اس کے شوہر نے فوری عمل کیا-
 
قیمتی انگوٹھی کے ساتھ تدفین
موت کے وقت مارگوری کے ہاتھ میں اس کی شادی کی قیمتی انگوٹھی تھی جو کہ بخار اور بیماری کے سبب انگلی پر آجانے والی سوزش کی وجہ سے اس کا شوہر نہیں اتار سکا اور اس نے اپنی بیوی کو اس انگوٹھی سمیت ہی دفن کر دیا-
 
image
 
قیمتی انگوٹھی کی چوری
قبر میں سے چوری کی تاریخ کتنی پرانی ہے اس کا اندازہ اس واقعہ سے لگایا جا سکتا ہے مارگوری کی انگوٹھی کے ساتھ تدفین کی خبر جب کچھ جرائم پیشہ افراد تک پہنچی تو انہوں نے اس کی چوری کا ارادہ کیا اور قبر کی کھدائی کر کے مارگوری کی انگلی سے انگوٹھی چوری کرنے کی کوشش کی- مگر اس کوشش میں کامیاب نہ ہونے کے سبب انگلی کو ہی کاٹ دینے کا فیصلہ کیا-
 
انہوں نے جب مارگوری کی انگلی کاٹ کر نکالنے کی کوشش کی جس سے مارگوری کی انگلی سے نکلنے والا خون ان چوروں پر گرا- مگر اس سے زيادہ حیرت انگیز واقعہ یہ ہوا کہ مارگوری خون نکلتے ہی زندہ ہو گئی اور اٹھ کر بیٹھ گئی-
 
جس کو دیکھ کر کچھ افراد کا یہ کہنا ہے کہ چور ڈر کے مارے یہ منظر دیکھ کر دل کا دورہ پڑنے سے ہلاک ہو گئے- جب کہ کچھ افراد کا یہ کہنا ہے کہ چوروں نے اس منظر کو دیکھنے کے بعد ہمیشہ کے لیے چوری سے توبہ کر لی- تاہم اس کے بارے میں کچھ حتمی طور پر نہیں کہا جا سکتا-
 
کفن میں لپٹی لاش گھر پہنچ گئی
مارگوری کو دفن کرنے کے بعد اس کا غمزدہ شوہر اپنے بچوں کے ساتھ گھر پر تھا کہ اچانک اس کو دروازے پر ایک مانوس دستک سنائی دی۔ جس کو سن کر اس نے اپنے بچوں سے کہا کہ اگر وہ مارگوری کو اپنے ہاتھوں سے دفن کر کے نہ آیا ہوتا تو یہی سمجھتا کہ ان کی ماں آگئی ہے-
 
image
 
مگر جب اس نے دروازہ کھولا تو مٹی اور خون سے بھرے کفن میں مارگوری کو اس حال میں دیکھ کر کہ اس کے پورے جسم پر مٹی کے نشانات موجود تھے دیکھ کر خوفزدہ ہو گیا اور گر کر وہیں بے ہوش ہو گیا-
 
اس واقعے کے حوالے سے کچھ لوگوں کا یہ بھی کہنا تھا کہ مارگوری کا شوہر اتنا خوفزدہ ہوا کہ ایک ہی رات میں اس کے سارے بال سفید ہو گئے- اس کے بعد مارگوری کئی سالوں تک زندہ رہی اور اس کا ایک بچہ بھی پیدا ہوا-
 
یہاں وہ عورت دفن ہے جس کو دو بار دفن کیا گیا
مارگوری کے مرنے کے بعد اس کو جب دوبارہ دفن کیا گیا تو اس کی قبر پر اس کے گھر والوں نے ایک ایسا پیغام لکھوایا جو کہ کسی اور کی قبر پر نہیں لکھا ہوا- یہاں وہ عورت دفن ہے جو مری تو ایک بار مگر دفن دو بار کی گئی-
 
مارگوری کا یہ واقعہ پڑھ کر خدا کی قدرت پر یقین اور بھی کامل ہو جاتا ہے کہ بے شک زندگی اور موت اللہ کے ہاتھ میں ہے-
YOU MAY ALSO LIKE: