موت سے چند لمحے قبل اور بعد میں انسان کی آنکھوں کے سامنے کیا ہوتا ہے، مرتے ہوئے انسان کے دماغ کے حیرت انگیز انکشافات

image
 
موت ایک حقیقت ہے مگر اس بات کو بھی تسلیم کرنا پڑے گا کہ اگرچہ ہر انسان نے مرنا ہے مگر اس کے باوجود اس کے لیے موت ایک ایسا راز ہے جس سے پردہ اسی وقت اٹھتا ہے جب کہ انسان خود اس راز سے پردہ اٹھانے کے قابل نہیں رہتا ہے-
 
مرنے سے قبل انسان کی آنکھوں کے سامنے کیا گھومتا ہے
کینیڈا میں کی جانے والی ایک ریسرچ ٹیم کے مطابق مرنے سے چند لمحے قبل انسان کی آنکھوں کے سامنے سے اس کی پوری زندگی گھومتی ہے- اس تحقیق کے مطابق ایک 87 سالہ مرگی کے مریض کی دل کا دورہ پڑنے کے سبب اچانک موت واقع ہو گئی-
 
لیکن مرنے سے قبل اس آدمی کے دماغ کے ساتھ منسلک مشینیں اس کی دماغ کی ساری کیفیات کو ریکارڈ کر رہی تھیں اور مرنے سے قبل اور مرنے کے بعد اس کے دماغ کے مطالعے سے جو نتائج سائنسدانوں نے اخذ کیے وہ حیرت انگیز تھے-
 
image
 
مرتے دماغ کا نیورولوجیکل مطالعہ
اس آدمی کے دماغ کے مرنے سے قبل اور مرنے کے 30 سیکنڈ بعد کی جانے والی ریکارڈنگ کے مطابق اس کا دماغ ویسے ہی کام کررہا تھا جیسے کہ عام طور پر کسی بھی بات کو یاد کرتے ہوئے دماغ کی حالت ہوتی ہے-
 
ڈاکٹر اجمل ضمیر جو اس تحقیق کے رائٹر تھے ان کا ہہ کہنا تھا کہ مریض کے مرنے سے 30 سیکنڈ قبل جب کہ اس کے دل نے جسم کو خون کی فراہمی بند کر دی تھی اس کے دماغ کی لہریں بالکل اسی طرح کی تھیں جیسے کہ انسان کسی خاص بات کو یاد کرنے کی کوشش کر رہا ہو یا پھر کسی بات پر دھیان لگانے کی کوشش کر رہا ہو-
 
اس بات کو مزید بڑھاتے ہوئے ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ یہ کیفیت دل کے رک جانے کے 30 سیکنڈ بعد تک جاری رہی تھی یہ وہ وقت تھا کہ جب انسان کو مردہ قرار دیا جا چکا ہوتا ہے مگر اس کا دماغ اس وقت تک کام کر رہا تھا-
 
دوسرے لفظوں میں کہا جا سکتا ہے کہ مرنے والے انسان کا دماغ اس کے جسم کے مرنے کے بعد بھی کام کرتا رہتا ہے یہاں تک کہ انسان کے دماغ میں اس کی زندگی کے سارے گزرے ہوئے پل یاد آتے ہیں-
 
image
 
تاہم ان تحقیقات کرنے والے افراد کا یہ بھی کہنا ہے کہ اس بات کو حتمی قرار نہیں دیا جا سکتا ہے کیوں کہ اس آدمی کا دماغ مرگی کے مرض کے سبب سوزش کا بھی شکار تھا- تاہم موت کے پردے کے چھپے رازوں میں سے اس تحقیق نے کسی حد تک پردہ اٹھا دیا ہے جو کہ ایک بڑی کامیابی قرار دیا جارہا ہے-
YOU MAY ALSO LIKE: