خواتین کیلئے بہترین کاروبار - جو گھر سے باآسانی چلائے جاسکتے ہیں

image
 
پاکستان میں خواتین کی تعداد مردوں سے زیادہ مانی جاتی ہے لیکن افسوس کی بات تو یہ ہے کہ مجموعی آبادی کا تقریباً باون فیصد یعنی اکثریت ہونے کے باوجود خواتین معاشی سرگرمیوں سے دور دکھائی دیتی ہیں۔پاکستان کی اکثریت مڈل یا لوئر مڈل کلاس طبقے سے تعلق رکھتی ہے تاہم اس کے باوجود خواتین گھریلو مسائل اور باہر کے ماحول کی وجہ سے نوکری یا کاروبار سے گریز کرتی ہیں آج ہم آپ کیلئے کچھ ایسے آئیڈیاز لے کر آئے ہیں جن کی بدولت آپ کم سرمائے اور مختصر وقت میں ایک اچھی آمدنی حاصل کرسکتی ہیں۔
 
کھانا بنائیں اور ڈلیور کریں
کورونا وائرس نے جہاں پوری دنیا میں معاشی سرگرمیاں ماند کی وہیں گھر سے کام کرنے کے رجحان میں اضافہ دیکھنے میں آیا اور ہوٹلوں کی بندش کی وجہ سے لوگوں نے آن لائن فوڈ ڈلیوری کی طرف توجہ مرکوز کرلی اور یہ رجحان اب بھی جاری ہے۔ اگر آپ اچھا کھانا بنانا جانتی ہیں تو آپ آن لائن فوڈ ڈلیوری سروس میں خود کو رجسٹرڈ کروا کر اور دفاتر، دکانوں کارخانوں اور مختلف جگہوں پر گھر کا صاف پکا ہوا کھانا ٹفن کے ذریعے بھی سپلائی کر کے اچھا منافع حاصل کرسکتی ہیں۔
 
کپڑوں کی فروخت
گرمی ہو یا سردی کپڑا ہر انسان کی بنیادی ضرورت ہے اور وہ خواتین جو اپنے گھریلو معاشی حالات کو بدلنا چاہتی ہیں وہ گھر میں بیٹھ کر کپڑے کا کاروبار کرکے اپنی آمدنی بڑھا سکتی ہیں اور اس کام کیلئے کراچی۔ لاہور۔ فیصل آباد۔ کمالیہ اور دیگر شہروں میں آپ کو انتہائی کم قیمت میں سلے اور ان سلے کپڑے مل سکتے ہیں۔
 
میک اپ اور جیولری کا سامان بھی بیچا جاسکتا ہے
بناؤ سنگھار کو ہر عورت کی کمزوری کہا جاسکتا ہے تو گھریلو خواتین میک اور جیولری کا کاروبار بھی کرسکتی ہیں اور اس حوالے سے اہم بات یہ ہے کہ کراچی میں باہر سے امپورٹ کیا گیا میک اپ کا سامان انتہاِئی سستے داموں مل جاتا ہے جسے فروخت کر کے خواتین کو بہت زیادہ فائدہ ہوسکتا ہے۔
 
image
 
سرف بنانا
سرف ہر گھر کی ضرورت سمجھا جاتا ہے اور آپ کو بتاتے چلیں کہ سرف جتنا استعمال میں آسان ہے اتنا ہی بنانے میں بھی کوئی مشکل نہیں ہے۔ آپ کو سرف بنانے کیلئے درکار اشیاء بہت آسانی سے بازار سے سستے داموں میں مل سکتی ہیں اور آپ گھر میں بیٹھ کر سرف کا کاروبار کر کے بھی اپنی خوشیوں پر چھائی میل کو دھو سکتی ہیں۔
 
دستکاری
وہ گھریلو خواتین جن کے پاس وقت بھی کم ہو اور آمدن میں اضافہ بھی ناگزیر تو وہ خواتین دستکاری کے ذریعے بھی معقول رقم کماسکتی ہیں۔ کپڑوں پر لگانے کے دیدہ زیب بٹن بنانا بھی نہایت آسان اور سستا کام کہا جاسکتا ہے جس سے آپ کو معاشی مسائل سے نمٹنے میں کافی مدد مل سکتی ہے۔
 
مصالحوں کی پیکنگ
اگر آپ کے پاس کاروبار کیلئے سرمایہ نہیں ہے اور آپ اپنی آمدن بھی بڑھانا چاہتی ہیں تو ایک اور کاروبار آپ کی مدد کرسکتا ہے وہ ہے مصالحہ جات کا کاروبار۔ جی ہاں آپ ہول سیل سے کھلے مصالحے خرید کر انہیں چھوٹے چھوٹے پیکٹس میں فروخت کرکے معقول آمدن کا ذریعہ بناسکتی ہیں۔
 
image
 
کونٹینٹ رائٹنگ
آج انٹرنیٹ کے دور میں زندگی کے بیشتر شعبے آن لائن کام کی طرف مائل ہوچکے ہیں اور اگر آپ تعلیم یافتہ ہیں اور بہتر نوکری نہ ملنے کی وجہ سے پریشان ہیں تو آپ آن لائن کونٹینٹ رائٹنگ بھی اچھا معاوضہ حاصل کرسکتی ہیں۔
 
آن لائن فروخت
آج کل پوری دنیا میں آن لائن خریدوفروخت رجحان تیزی سے بڑھتا جارہا ہے اور گھریلو خواتین بھی مختلف ویب سائٹس پر اشیاء کی خرید و فروخت کے ذریعے پیسے کما سکتی ہیں۔ اس کیلئے آپ کو مختلف اشیاء ویب سائٹس پر رجسٹرڈ کروانا ہونگی اور اس کے بعد وہ کمپنیاں خود آپ کا سامان فروخت کریں گی جس سے آپ کو بھرپور فائدہ مل سکتا ہے۔
 
آسان قرضے
حکومت پاکستان اور مختلف چھوٹے فنانسنگ اداروں کی جانب سے خواتین کو کاروبارمیں آسانی دینے کیلئے قرضوں کے پروگرامز بھی جاری رہتے ہیں جن کے ذریعے آپ قرض لے کر آسانی سے اپنے لئے ایک بہتر روزگار اور خوابوں کی تکمیل یقینی بناسکتی ہیں۔
YOU MAY ALSO LIKE: