اس ہوٹل میں آج تک ایک بھی مہمان نہیں آیا... اربوں ڈالر سے بننے والے دنیا کے بے کار منصوبے

image
 
آج آپ دنیا کے چند ایسے حیران کن پراجیکٹس کے بارے میں جانیں گے جن کو بنانے کیلئے تو اربوں ڈالرز خرچ کیے گئے لیکن آج وہ بالکل بے کار پڑے ہیں۔ کوئی ان کو استعمال تک نہیں کرتا۔ چلئے، اس کا آغاز کرتے ہیں۔
 
نیپیداو، میانمار
میانمار کا سابق دارالحکومت نیپیداو سرکاری طور پر Nay Pyi Taw دنیا کے بڑے بیکار منصوبوں میں دوسرے نمبر پر ہے۔ نیپیداو میانمار کا سابق دارالحکومت اور تیسرا سب سے بڑا شہر ہے۔ باگو یوما اور شان یوما پہاڑی سلسلوں کے درمیان واقع نیپیداو شہر میانمار حکومت نے باقاعدہ منصوبہ بندی سے بنایا تھا اس سے پہلے اس کو پائینمانا ضلع کے نام سے جانا جاتا تھا۔ نیپیداو میں مرکزی پارلیمنٹ، سپریم کورٹ، صدارتی محل، کابینہ کی سرکاری رہائش گاہیں، حکومتی وزارتوں اور فوج کا صدر دفتر بھی بنایا گیا۔ اس شہر نے 24ویں اور 25ویں آسیان سمٹ، تیسری BIMSTEC سمٹ، نویں ایسٹ ایشیا سمٹ اور 2013 کے جنوب مشرقی ایشیائی کھیلوں کی میزبانی کی۔ نیپیدوا کی خوبصورتی میں اضافہ کرنے کیلئے حکومت نے 4 بلین ڈالرز خرچ کیے۔ شہر میں سیاحوں کو متوجہ کرنے کی ساری چیزیں تھیں 20 lane ہائی وے،100 پرتعیش ہوٹلز، گالف کورسز، میوزیمز اور یہاں تک کہ یانگان میں تاریخی مقام بھی ہے۔
 
مگر اس شہر میں ایک بہت بڑی خامی ہے آبادی کی۔ یہاں پر زیادہ تر لوگ جھونپڑیوں میں رہتے ہیں اور مجموعی آبادی نہ ہونے کے برابر ہے مگر سوال پیدا ہوتا ہے کہ لوگ یہاں کیوں نہیں رہتے؟اس کی وجہ یہ ہے کہ یہاں پر زندگی کی بنیادی سہولیات نہ ہونے کے برابر ہیں۔ شہر میں نہ تو اچھے تعلیمی ادارے ہیں اور نہ ہی اچھی جابز جس کی وجہ سے یہ شہر کبھی بھی کسی کی مستقل رہائش گاہ نہیں بنا۔ شہر میں اتنا سناٹا ہوگیا کہ اس کو گھوسٹ ٹاؤن سے تشبیہ دے دی گئی۔
 
image
 
برازیل کا خالی اسٹیڈیم
دنیا بھر میں فٹ بال کے کھیل سے مشہور ملک برازیل کے بارے میں کیا آپ جانتے ہیں کہ یہاں پر 300 ملین ڈالرز کا اسٹیڈیم بالکل خالی ہے۔ ارینہ دا ایمازونیا اسٹیڈیم برازیل کے شہر میناس میں واقع ہے۔ شہر کے بیچوں بیچ واقع اس اسٹیڈیم کیلئے سفر کرنا انتہائی مشکل ہے۔ یہ پراجیکٹ اتنا آسان نہیں تھا کیونکہ اسٹیڈیم میناس کے جنگلات کے بیچوں بیچ واقع ہے جس کی وجہ سے اسٹیڈیم کیلئے سامان پہنچانے میں انتہائی مشکل آئی اور زیادہ تر سامان کو پرتگال سے ایمازون کے بحری راستے کے ذریعے سے منگوایا گیا۔ اس اسٹیڈیم کو بننے میں چار سال لگے جس کی لاگت میں 300 ملین ڈالرز خرچ ہوئے۔ اسٹیڈیم میں تقریبا 40,000 شائقین کے بیٹھنے کی گنجائش ہے۔ مگر جنگلات میں ہونے کی وجہ سے ملک کے لوکل میچز میں بھی بمشکل 1000 شائقین میچ دیکھنے کیلئے آتے ہیں۔ یاد رہے کہ یہ ان اسٹیڈیمز میں سے ایک ہے جس کو فیفا ورلڈکپ 2014 کیلئے تیار کیا گیا تھا۔
 
مگر حیران کن طور پر اس اسٹیڈیم میں صرف چار میچز کھیلے گئے جبکہ بعد میں اس اسٹیڈیم میں 2016 کے اولمپکس کے بھی کچھ میچز ہوئے۔ اب یہ اسٹیڈیم بالکل خالی ہے کیونکہ یہ آبادی سے اتنا دور ہے کہ لوگ اس میں جانا ہی پسند نہیں کرتے۔ یہاں پر یہ بات جان لیں کہ اس اسٹیڈیم کے خالی رہنے کی بڑی وجہ یہ بھی ہے کہ مقامی لوگ اس کے ٹکٹ کا خرچہ بھی برداشت نہیں کرپاتے۔ جبکہ اب تو اس اسٹیڈیم میں میچز کے بجائے شادیاں بھی ہوتی ہیں۔ اسٹیڈیم کے مالکان کی جانب سے یہ بھی کوشش کی جارہی ہے کہ کسی طرح سے یہ اسٹیڈیم فروخت ہو جائے لیکن ابھی تک یہ ممکن نہیں ہوسکا۔
 
image
 
سری لنکا کا خالی ایئرپورٹ
2009 میں سری لنکا کی سول وار ختم ہوئی جس کے بعد سری لنکا کے صدر مہندا راجاپسکا نے ایسی پلاننگ کرنا شروع کردی کہ جس کے ذریعے ملک کی معیشت کو فروغ دیا جاسکے۔ اس وقت ملک میں صرف کولمبو انٹرنیشنل ہی واحد ایئرپورٹ تھا۔ مگر یہ سب کچھ بدلنے والا تھا کیونکہ صدر نے دارالحکومت سے 250 کلومیٹر دور ہمبنٹوٹا کے علاقے میں ایک دوسرے تجارتی مرکز کا تصور تخلیق کیا۔ اس دوران وہاں پر بڑے پیمانے پر تعمیراتی کام جاری تھا۔ چین کی مدد سے وہاں پر ایک نئی سمندری بندرگاہ بھی تعمیر کی جارہی تھی۔ دوسرا پلان ہمبنٹوٹا شہر کے علاقے مٹالہ میں دوسرے انٹرنیشنل ایئرپورٹ کو تعمیر کرنا تھا۔ اس پراجیکٹ کی تعمیر کیلئے 210 ملین کی لاگت آئی۔ جس میں سے 190 ملین ڈالرز چین سے ادھار لیے گئے۔ لیکن جب ایئرپورٹ میں فلائٹ کا آغاز ہوگیا تو کچھ جغرافیائی مسائل کا سامنا کرنا پڑا کیونکہ ایئرپورٹ ایک ایسے شہر میں تعمیر کیا گیا تھا جس کی کل آبادی 20,000 لوگوں کی تھی جن میں سے اکثریت غریب لوگوں کی تھی۔ 2014 میں ایئرپورٹ کو 3000 فلائٹس کیلئے استعمال کیا گیا جس میں 50,000 مسافروں نے سفر کیا جبکہ ایئرپورٹ کے پلان میں یہ شامل تھا کہ 10 لاکھ مسافر سفر کریں گے لیکن نتیجہ بہت برا ملا اور اس کے بعد تو اور بھی برا ہوا جب مسافروں کی کم تعداد کی وجہ سے ایئرلائنز کی جانب سے آپریشنز منسوخ کیے جانے لگے اور ایک سال کے اندر مالکان کو 18 ملین ڈالرز کا نقصان برداشت کرنا پڑا۔
 
یہاں تک کہ 2015 کے الیکشن میں سری لنکا کی مقامی ایئرلائن کے فلائٹ آپریشنز بھی اس ایئرپورٹ سے بند کردیے گئے۔ ایئرپورٹ پر چھائے سناٹے کی وجہ سے اردگرد موجود جنگلی جانور ایئرپورٹ آنے والے مسافروں کو پریشان کرتے تھے جس کیلئے حکومت نے 300 افرادپر مبنی فوجی اہلکار وںکو ایئرپورٹ کی حدود سے جنگلی جانوروں کو نکالنے کیلئے تعینات کیا ۔ بعد میں ایئرپورٹ کی وسیع حدود کو چاولوں کے گودام کے طور بھی استعمال کیا گیا۔ مٹالہ راجاپسکا ایئرپورٹ کی خبریں پریشانی کا باعث بنیں اور پھر 2016 میں عالمی جریدے فوربز کی جانب سے اسے دنیا کے ویران ایئرپورٹ کا خطاب دیا گیا۔ 2018 میں ایئرپورٹ کو مکمل بند کردیا گیا جب فلائی دبئی نامی ایئرلائن جو کہ اس وقت تک ایئرپورٹ کو استعمال کررہی تھی اس نے بھی اپنے آپریشنز بند کردیے۔
 
image
 
دنیا کا سب سے بے کار ہوٹل
آپ حیران رہ جائیں گے کہ آسمانوں کو چھوتی ہوئی یہ عمارت اپنے اردگرد موجود تمام عمارتوں سے منفرد لگتی ہے لیکن اس کی حقیقت جاننے والوں کو بہت افسوس ہوتا ہے۔ یہ ایک سو پانچ منزلہ عمارت روگونگ ہوٹل کے نام سے جانی جاتی ہے جو کہ نارتھ کوریا کے دارالحکومت پیانگینگ میں پچھلے تیس سالوں سے بالکل خالی کھڑی ہے۔1080 فٹ اونچی اپنی اردگرد موجود عمارتوں سے 10 فٹ لمبی یہ عمارت ایک پیرامڈ جیسی لگتی ہے۔ لیکن آپ یہ جان کر حیران رہ جائیں گے کہ یہ اصل میں ایک ہوٹل ہے جو کہ ایفل ٹاور سے بھی اونچا ہے۔
 
ہوٹل میں رقبے کے حساب سے 39 لاکھ مربع فٹ کی جگہ اور 3000 کمرے موجود ہیں جس کی وجہ سے یہ ہوٹل دنیا کے کسی بھی مشہورومعروف فائیو اسٹار ہوٹل سے باآسانی مقابلہ کرسکتا ہے۔ اس ہوٹل کی خاص بات یہ ہے کہ دبئی کی برج خلیفہ کی طرح رات میں اس ہوٹل پر بھی لائٹ شوز اور فائر ورکس ہوتے ہیں جو کہ پورے شہر میں رنگین روشنیوں کی وجہ بنتے ہیں۔مگر حیرت کی بات یہ نہیں ہے کہ یہ ہوٹل کتنا خوبصورت ہے یا ہوٹل میں کیا کیا لگژری سہولیات موجود ہیں بلکہ اصل حیرانگی کی بات تو یہ ہے کہ اس عالیشان اور خوبصورت ہوٹل میں آج تک کوئی بھی مہمان داخل نہیں ہوا۔
 
image
YOU MAY ALSO LIKE: