نفرت کا زہر انسانوں کو ۔۔۔۔۔احسن اقبال نے خود پر حملے کی تصویر شیئر کر کے سیاستدانوں کو کیا پیغام دیا؟

image
 
پاکستان مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنماء احسن اقبال نے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ سے ایک تصویر شیئر کی ہے جس کے ساتھ کیپشن میں انہوں نے نفرت کی سیاست کے بیج بونے والوں کا متنبہ کیا ہے کہ نفرت کا زہر کیسے انسانوں کو وحشی بنا دیتا ہے۔
 
احسن اقبال پر فائرنگ
پاکستان مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنماء ووفاقی وزیراحسن اقبال نے گزشتہ روز ٹویٹر پر اپنی ایک تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ آج کا دن مجھے یاد دلاتا ہے کہ نفرت کا زہر کیسے انسانوں کو وحشی بنا دیتا ہے۔
 
اللہ تعالیٰ نے اپنے خاص کرم سے مجھے نئی زندگی عطا کی۔ میری جان لینے کی کوشش میں ایک نوجوان جس کے دماغ میں نفرت بھری گئی تھی اپنی زندگی تباہ کر بیٹھا۔ آئیے عہد کریں ہم ذہنوں سے نفرت کی گولیوں کا خاتمہ کریں گے۔
 
اگر آپ کو یاد ہو تو 6 مئی 2018 کو اس وقت وزیرداخلہ کے منصب پر براجمان احسن اقبال پر مذہبی جماعت کے کارکن نے ختم نبوت کے معاملے پر فائرنگ کی تھی جس میں احسن اقبال شدید زخمی ہوئے تھے۔
 
شہباز گل پر حملہ
سعودی عرب میں حکومتی وفد کیخلاف نعرے بازی کے بعد پاکستان میں توہین مذہب کے حوالے سے مختلف شہروں میں سابق وزیراعظم عمران خان، فواد چوہدری، شیخ رشید، شہباز گل ودیگر کیخلاف مقدمات درج کرادیئے گئے ہیں تاہم ان ملزمان نے عدالتوں سے امتناع لے لیا ہے تاہم دو روز قبل پی ٹی آئی رہنماء شہباز گل کی گاڑی کو ایک حادثہ پیش آیا جس کو انہوں نے خود پر حملے سے تعبیر کیا۔
 
image
 
سیاستدانوں کو پیغام
پاکستان میں توہین مذہب انتہائی حساس معاملہ سمجھا جاتا ہے اور اب تک درجنوں افراد مذہب کی توہین کے الزامات کی وجہ سے موت کے گھاٹ اتر چکے ہیں۔ ابھی حال ہی میں سری لنکن شہری پریانتھا کمارا کو بھی مذہب کی توہین کے الزام کے تحت بہیمانہ طریقے سے قتل کیا گیا گوکہ وہ الزامات غلط ثابت ہوئے لیکن عوام میں اشتعال کا سبب توہین مذہب کا الزام ہی تھا۔
 
ممکنہ مشکلات
سیاست میں مذہب کی توہین جیسے سنگین الزامات کسی کیلئے بھی فائدہ مند نہیں ہوسکتے، ماضی میں احسن اقبال پر حملہ ہوچکا ہے اور اب پی ٹی آئی رہنماؤں پر الزامات کی وجہ سے ناصرف ان کی زندگیاں خطرے میں پڑسکتی ہیں بلکہ ملک میں امن و امان کی فضاء بھی سبوتاژ ہوسکتی ہے جس سے یقیناً دشمن قوتیں فائدہ اٹھاسکتی ہیں۔
 
image
YOU MAY ALSO LIKE: