معاشی بحران : پاکستان کس چیز کی امپورٹ پر کتنا پیسہ خرچ کرتا ہے؟

image
 
پاکستان اس وقت تاریخ کے بدترین معاشی بحران سے دوچار ہے اور حکومت کے پاس زرمبادلہ کے ذخائر تیزی سے ختم ہورہے ہیں تاہم اس کے باوجود ملک میں درآمد کی جانے والی اشیاء میں کسی صورت کمی دکھائی نہیں دیتی۔ حکومت نے پرتعیش اشیاء کی درآمد پر پابندی کا فیصلہ کیا ہے لیکن ایک نظر دیکھتے ہیں کہ رواں مالی سال پاکستان میں کیا کیا سامان امپورٹ کیا گیا اور اس پر کتنا پیسہ خرچ ہوا۔ رواں مالی سال کے 10ماہ کے دوران پاکستان کا درآمدی حجم 65 ارب 53 کروڑ 72 لاکھ ڈالرز رہا، جو گزشتہ سال کے اسی دورانیے سے 46 اعشاریہ51 فیصد زائد ہے۔
 
1۔ پیٹرولیم مصنوعات
پاکستان کو اپنے زرمبادلہ کے ذخائر کا سب سے بڑا حصہ پیٹرولیم مصنوعات کی امپورٹ پر خرچ کرنا پڑتا ہے اور رواں مالی سال یعنی جولائی تا اپریل تک پیٹرولیم مصنوعات کی درآمدات پر 17 ارب 3 کروڑ 35 لاکھ ڈالرز کی خطیر رقم خرچ کی گئی۔
 
2۔ کیمیکلز کی امپورٹ
پاکستان میں مختلف اشیاء کی تیاری میں استعمال ہونے والے کیمیکلز بھی بیرون ممالک سے منگوائی جاتے ہیں جس پر بھاری زرمبادلہ خرچ ہوتا ہے اور رواں مالی سال ملک میں 12 ارب 11 کروڑ 53 لاکھ ڈالرز کے کیمیکل درآمد کیے گئے۔
 
3۔ مشینری کی درآمدات
پاکستان میں گزشتہ سال کے مقابلے مشینری کی درآمدات 20 اعشاریہ 49 فیصد زائد رہی اور 10 ماہ میں 9 ارب 55 کروڑ 18 لاکھ ڈالرز کی مشینری درآمد کی گئی۔
 
image
 
4۔ خوردنی اشیاء
زرعی ملک ہونے کے باوجود پاکستان میں بیشتر خوردنی اشیاء بیرون ممالک سے منگوائی جاتی ہیں اور گزشتہ سال کے مقابلے رواں سال کھانے پینے کی اشیاء کی درآمدات میں 12 اعشاریہ 30 فیصد اضافہ ہوا اور 10 ماہ میں 7 ارب 74 کروڑ 76 لاکھ ڈالرز کی کھانے پینےکی اشیا درآمد کی گئیں۔
 
5۔ پام آئل
پاکستان میں خوردنی تیل پر بھی سالانہ اربوں ڈالر خرچ کئے جاتے ہیں اور جولائی 2021 تا اپریل 2022ء کے دوران 3 ارب ڈالرز سے زائد کا پام آئل درآمد کیا گیا۔
 
 
6۔ ادویات
پاکستان ادویات کی درآمدات پر بھی سالانہ بھاری زرمبادلہ خرچ کرتا ہے اورجولائی 2021ء تا اپریل 2022ء کے دوران 3 ارب 86 کروڑ 96 لاکھ ڈالرز کی میڈیسن مصنوعات درآمد کی گئی۔
 
7۔ موبائل فونز
پاکستان جیسے غریب اور ترقی پذیر ملک کے لوگوں کیلئے سالانہ اربوں ڈالر خرچ کردیئے جاتے ہیں اور رواں مالی سال بھی پاکستانیوں کے شوق کو پورا کرنے کیلئے 1ارب 81 کروڑ ڈالرز کے موبائل درآمد کئے گئے۔
 
image
 
8۔ ٹیکسٹائل اور سونا
پاکستان کو ٹیکسٹائل کی صنعت کیلئے مختلف اشیاء اور سونا بھی باہر سے منگوانا پڑتا ہے اور رواں مالی سال میں ٹیکسٹائل درآمدات کا حجم 3 ارب 93 کروڑ ڈالرز اور سونا درآمد کرنے کیلئے 1کروڑ 80 لاکھ ڈالرز ادا کرنا پڑے۔
 
9۔ ٹرانسپورٹ اور پاور مشینری
پاکستان کو لگژری گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں کی امپورٹ اور پاور مشینری کیلئے بھی اربوں ڈالر سالانہ بیرون ممالک کو ادا کرنے پڑتے ہیں اور رواں مالی سال ملک میں ٹرانسپورٹ کے شعبے میں 3 ارب 73 کروڑ 78 لاکھ ڈالرز کی درآمدات ہوئیں جبکہ ایک ارب 30 کروڑ ڈالرز کی پاور مشینری درآمد کی گئی۔
 
10۔ آئرن اور اسٹیل
ملک میں آئرن اور اسٹیل کی طلب کو پورا کرنے کیلئے بیرون ممالک سے منگوائے جانے والے آئرن اور اسٹیل کا بل 2 ارب 37 کروڑ 72 لاکھ ڈالرز رہا۔
YOU MAY ALSO LIKE: