یہ کہنا غلط نہ ہوگا کہ رب کائنات نے دنیا کے ہر انسان کی
بہترین تخلیق کی ہے، اسے اس خوبصورت سانچے میں پیدا کیا جو بہترین اور
متوازن ہے۔اسی لئے تو انسان کو "اشرف المخلوقات" کا درجہ دیا گیا ہے، یعنی
تمام مخلوقات میں سب سے اعلیٰ اور سب سے بہتر،کہ اللّٰہ تعالیٰ نے انسان کو
اس طرح پیدا کیا کہ دنیا کی تمام مخلوقات پر اسے برتر قرار دے دیا۔
قرآن مجید میں ارشاد باری تعالیٰ ہے:
"اور ہم نے انسان کو بہترین ساخت پہ پیدا کیا"
(سورہ التین)
یہ تو ہوگئی انسان کی ظاہری ساخت کی دلیل کہ اس بات پہ کوئی شبہ نہیں کہ
دنیا کا ہر انسان بہترین اور متوازن طریقے سے تخلیق شدہ ہے۔اب آتے ہیں اس
کی باطنی خصوصیات پہ۔جن میں صف اول پہ ہے اس کا "اخلاق "
اخلاق لفظ "خلق" سے نکلا ہے جس کے معنی رویہ ،یا برتاؤ کے ہیں۔یعنی ہماری
زندگی میں ہمارے ار گرد لوگوں کے ساتھ ہمارا برتاؤ کیسا ہے،ہمارا ان سے بات
کرنے کا سلیقہ کیسا ہے،ان کی غلط باتوں کو برداشت کرنے کا حوصلہ کتنا
ہے،اپنے ساتھ کی گئی نا انصافیوں پہ ان کو معاف کرنے کا ظرف کتنا ہے؟
اخلاق ایک ایسی چیز ہے جو ایک انسان کو ایک کامل ایمان والا مسلمان اور ایک
اچھا انسان بنادیتی ہے۔
رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے حسن اخلاق والے مومنوں کو ایک عظیم
خوشخبری سنائی ہے،آپ علیہ السلام نے فرمایا:
"سب سے کامل ایمان اس شخص کا ہے جس کا اخلاق اچھا ہو"
سنن الترمذی
ایک اور جگہ آپ علیہ السلام نے فرمایا:
"دن بھر روزے رکھنے اور رات بھر قیام کرنے سے جو مقام حاصل ہوتا ہے وہ مقام
انسان اچھے اخلاق سے حاصل کرلیتا ہے"
مسند احمد
اخلاق کا حسن وہ حسن ہے جسے کبھی زوال نہیں۔آپ کی ظاہری خوبصورتی ایک دن
منوں مٹی تلے دفن ہوجائیگی لیکن اگر آپ اپنی زندگی میں لوگوں سے خوش اخلاقی
سے پیش آتے تھے تو آپ اس دنیا سے جانے کے بعد بھی لوگوں کے دلوں میں زندہ
رہینگے،اور وہ آپ کا ذکرِ خیر کرتے رہینگے ۔
حسن اخلاق نہ صرف ایک نعمت ہے،بلکہ یہ تو رسول صلی اللّٰہ علیہ وسلم کی
سنتوں میں سے ایک عظیم سنت ہے۔بڑے ہوں یا بچے،بادشاہ ہوں یا غلام،انسان ہوں
یا جانور،مسلمان ہوں یا کافر،ہمارے نبی صلی اللّٰہ علیہ وسلم نے اپنی حیات
مبارکہ میں ہر کسی کے ساتھ خوش اخلاقی والا معاملہ فرمایا،اسلئے تو اللہ
تعالیٰ نے اپنے محبوب پیغمبر کے اخلاق کا ذکر اپنی کتاب میں کرتے ہوئے
فرمایا:
"اور یقینا آپ(صہ) اخلاق کے اعلی درجے پر فائز ہیں"
سورہ القلم
مختصراً یہ کہ حسن اخلاق ایک ایسی خوبی ہے جو انسان کو انسان بناتی ہیے،جو
ایک مومن کا ایمان مکمل کرتی ہے،جو دلوں کو فتح کرلیتی ہے،عظیم نعمت ہے تو
بہترین سنت بھی،اور اس خوش اخلاقی کا مظاہرہ نہ صرف ہم نے والدین ،عزیز و
اقارب،دوست و احباب کے ساتھ کرنا ہے بلکہ ہر انسان کے ساتھ کرنا ہے جن سے
زندگی کے کسی میدان میں بھی ہم ملیں۔
اللہ تعالی سے دعا ہے وہ ہمیں حسن اخلاق کی دولت سے مالا مال فرمائے اور اس
خوبی کو ہمارے ایمان کے مکمل ہونے کا ذریعہ بنائے۔
آمین
از قلم🖋️ *:سعدیہ ناز*
|