سعودی شاہی حکومت کی جانب سے حج کے موقع پر وسیع تر قابلِ تحسین انتظامات

 اﷲ کے مہمانوں کی مہمانِ نوازی کا شرف حاصل ہونا بڑی ہی سعادت مندی اور اﷲ سبحانہ تعالیٰ کے احسان عظیم کی بات ہے۔ ضیوف الرحمن کیلئے سعودی شاہی حکومت حتیٰ المقدور کوشش کرتی ہے کہ اﷲ کے ان مہمانوں کی بہتر سے بہتر خدمت کی جائے اور انہیں کسی قسم کی تکلیف نہ ہونے پائے۔ الحمد ﷲ شاہی حکومت نے کورونا وبا کے بعد اس سال 10لاکھ فرزندان توحید کو حج کی سعادت کیلئے موقع فراہم کرنے کی سعی کی ہے ۔ دنیا بھر سے آنے والے ان ضیوف الرحمن کی سہولت کے لئے سعودی وزارت حج کی جانب سے 14زبانوں میں ای گائیڈ بک کا اجراء عمل میں لایا گیا ہے۔ بتایا جاتا ہیکہ سعودی وزارت حج و عمرہ نے جنرل اتھارٹی برائے اوقاف کے تعاون سے اس سال عازمین حج کیلئے اردو سمیت 14 زبانوں میں 13 ای گائیڈ بک جاری کی ہیں۔بتایا جاتا ہیکہ اس گائیڈ بک میں آسان زبان میں مناسک حج بیان کیے گئے ہیں۔ای گائیڈ بک اردو، انگریزی، عربی، فرانسیسی، بنگالی، فارسی، انڈونیشی، ملاوی، ہوسا، امہری، اسپینی، ترکی،روسی اور سنھالی زبانوں میں مہیا ہیں۔ حج گائیڈ بک وزارت کی ویب سائٹ کے لنک https://guide.haj.gov.sa کے ذریعے حاصل کی جا سکتی ہیں۔ گائیڈ بک کے ذریعے حج سے متعلق مختلف سوالات کے جواب 14 سے زیادہ بین الاقوامی زبانوں میں دیے گئے ہیں۔ بتایا جاتا ہیکہ اس گائیڈ بک میں اسلامی ہدایات اور صحت سے آگہی بھی ہے۔ تصاویر اور خاکوں کی مدد سے مسائل کو سمجھانے کا اہتمام کیا گیاہے۔ا سمارٹ ڈیوائسزکے ذریعے کسی بھی وقت اور جگہ گائیڈ بک سے استفادہ کیا جاسکتا ہے۔

عازمین حج کیلئے 23زبانو ں میں خیر مقدم
شاہ سلمان بن عبدالعزیزخادم حرمین شریفین اور ولیعہد شہزادہ محمد بن سلمان نے عازمین حج کے خیر مقدم سے لے کر مقاماتِ مقدسہ سے واپسی تک کیلئے جو وسیع و بہترین انتظامات کئے ہیں اس کی مثال دنیا میں ملنا محال ہے۔ ہر قسم کی سہولت بہم پہنچانے اور کسی بھی ناگہانی آفت و مصبت سے بچنے یا بیمار حاجی کی فوراً دیکھ بھال اور علاج و معالجہ کیلئے ہر ممکنہ اعلیٰ قسم کی سہولت کے انتظامات کروائے ہیں۔عازمین کا خیر مقدم انکی مادری زبان میں کرنے کے انتظامات بھی اہمیت کے حامل ہیں۔سعودی عرب میں حرمین شریفین انتظامیہ کے سربراہ اعلیٰ ڈاکٹرعبدالرحمن السدیس نے3؍ جولائی کو عازمین حج کے خیر مقدم کے لیے ’آپ کی زبان میں آپ کا استقبال‘ کے عنوان سے استقبالیہ پروگرام کا افتتاح کیا ہے۔حرمین شریفین انتظامیہ کے ٹوئٹر بیان کے مطابق کہا گیا کہ ڈاکٹر عبدالرحمن السدیس نے بتایا کہ مسجد الحرام میں 100 گائیڈ 23 مختلف زبانوں میں آنے والے عازمین کے استقبال کیلئے 24 گھنٹے خدمات انجام دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا مقصد یہ ہے کہ مسجد الحرام آنے والے زائرین سے خود ان کی اپنی زبان میں مکالمہ ہو اور انہیں اپنے دل کی بات کرنے میں کوئی مشکل پیش نہ آئے۔انہوں نے کہا کہ ترجمے کے سلسلے میں کئی باتوں کا لحاظ رکھا جارہا ہے۔ ترجمہ رواں، آسان زبان میں اور پیچیدگی سے پاک ہو۔ ترجمہ کرنے والے کو عربی اور متعلقہ زبان پرعبور حاصل ہو اور وہ دونوں زبانوں کے مفردات سے خوب اچھی طرح واقف ہو۔

اس سال عرفات کے ’’خطیب ‘‘رابطہ عالم اسلامی کے سیکریٹری جنرل ہونگے
اس سال مسجد نمرہ ،عرفات میں خطبۂ حج دینے کا اعزازشاہی حکومت نے رابطہ عالم اسلامی کے سیکریٹری جنرل اور دانشور شیخ ڈاکٹر محمد بن عبدالکریم العیسی کو عطا کیا ہے۔یومِ عرفہ جمعہ کو ہے۔واضح رہے کہ حج کا خطبہ مسلمانان عالم کے ساتھ دنیا بھر کے انسانوں کیلئے اسلام کا انسانیت نواز پیغام ہوتا ہے۔ اس حوالے سے بتایا جاتا ہیکہ ڈاکٹر محمد بن عبدالکریم العیسی عالمی معاشرے کو درپیش مسائل کے اسلامی حل پیغامات کی صورت میں پیش کرینگے۔ شیخ ڈاکٹر محمد بن عبدالکریم العیسی رابطہ عالم اسلامی کی ویب سائٹ کے مطابق 12؍ اگست 2016 کو سیکریٹری جنرل تعینات کیے گئے تھے۔ وہ اسلامی فقہ کے تقابلی مطالعے میں گریجویشن کئے ۔ وہ آئینی قانون اور جنرل قانون کے مطالعات اور تقابلی عدالتی مطالعات میں ماسٹرز اور پی ایچ ڈی ہیں۔ اسلامی فقہ اور جدید قانون پر مملکت کے اندر اور باہر اہم علمی و فکری و تحقیقی اداروں میں لیکچرز دیتے رہتے ہیں۔ڈاکٹر العیسی متعدد کتابوں کے مصنف ہیں جبکہ فقہی، قانونی و فکری اور انسانی حقوق کے موضوعات پر مدلل علمی مقالات، معتبر مجلات میں شائع کرتے رہتے ہیں۔ ڈاکٹر العیسی عدلیہ میں بھی خدمات انجام دے چکے ہیں۔ وہ رابطہ عالم اسلامی کے سیکریٹری جنرل بننے سے قبل اعلیٰ عدالت کے سربراہ کے عہدے تک پہنچ چکے تھے۔ متعدد ممالک اور عالمی اداروں و تنظیموں سے ایوارڈز حاصل کیے ہیں۔ ملائیشیا وفاقی روس، سینیگال، سری لنکا، مصر، متحدہ عرب امارات، پاکستان، بلغراد وغیرہ ممالک سے اعزاز حاصل کیے ہیں۔ لاہور پاکستان کی مینجمنٹ اینڈ ٹیکنالوجی یونیورسٹی نے انہیں پی ایچ ڈی کی اعزازی ڈگری دی ہے۔

وزیر داخلہ کی جانب سے حج سیکیوریٹی کا جائزہ
لاکھوں ضیوف الرحمن کی حفاظت کیلئے سیکیوریٹی فورس پوری مستعدی کا مظاہرہ کرتے دکھائی دیتی ہے۔ایام حج کے موقع پر جگہ جگہ سیکیوریٹی کے وسیع تر انتظامات ہوتے ہیں۔حاجیوں کے ساتھ سیکیورٹی فورسز انتہائی ادب و احترام کا مظاہرہ کرتے ہوئے دکھائی دیتے ہیں۔ ایامِ حج سے قبل سیکیوریٹی فورسز کی تعنیاتی کا جائزہ لیا جاتا ہے ۔ اس سال 4؍ جولائی کو سعودی وزیر داخلہ اور حج کمیٹی کے سربراہ شہزادہ عبد العزیز بن سعودبن نایف نے حج سیکیورٹی فورس کی تیاریوں کا جائزہ لیا۔سعودی پریس ایجنسی کے مطابق وزیر داخلہ نے عازمین حج کی خدمت پر مامور تمام سیکیورٹی اداروں کی تیاریوں پر اطمینان کا اظہار کیا ہے۔حج کی امن کمیٹی کے سربراہ جنرل محمد البسامی نے خصوصی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے تمام اداروں کے حوالے سے مکمل بریفنگ دی ہے۔تقریب کے دوران ہر سیکیورٹی اداروں کے جوانوں نے وزیر داخلہ کو سلامی پیش کی اور متعدد فرضی آپریشن پیش کئے ۔خصوصی تقریب میں نائب گورنر مدینہ منورہ کے علاوہ اعلیٰ حکام اور عہدیداربشمول امن عامہ کے ڈائریکٹر اور حج سکیورٹی کمیٹی کے سربراہ لیفٹیننٹ جنرل محمد البسامی،ا سپیشل ایمرجنسی فورس کے کمانڈر میجر جنرل محمد العمری، سول ڈیفنس فورس کے کمانڈر میجر جنرل ڈاکٹر حمود الفرج، حج پاسپورٹ فورس کے کمانڈر میجر جنرل ڈاکٹر صالح المربع، شہری ہوابازی کے کمانڈر میجر جنرل عبدالعزیز الدریجان شریک ہوئے۔ انتظامات کے سلسلہ میں امن عامہ کے ڈائریکٹر اور حج سکیورٹی کمیٹی کے سربراہ لیفٹیننٹ جنرل محمد البسامی نے کہا ہے کہ حج سکیورٹی فورس عازمین حج کی امن و سلامتی کے تمام انتظامات مکمل کر چکی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ ’اعلیٰ قیادت کی ہدایت کے مطابق حج کیلئے وسیع تر انتظامات کیے گئے ہیں اور پوری طرح سے مستعد ہیں۔‘ محمد البسامی نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وزارت داخلہ حج سیزن میں تمام انتظامی اور سکیورٹی فرائض احسن طریقے سے انجام دیں گی۔ محمدالبسامی نے کہا کہ ’سکیورٹی فورسز کے تمام ادارے حج سیزن میں ایک ٹیم کے طور پر کام کریں گے۔ حج کے دوران جرائم کو وقوع پذیر ہونے سے روکنے، جیب تراشی کے انسداد، امن و سلامتی میں خلل کے سدباب، ٹریفک نظام کے تحفظ کے لیے تمام ا سکیمیں تیار کرچکے ہیں۔‘’مکہ مکرمہ اور مشاعر مقدسہ (منی، مزدلفہ اور عرفات) اور حج مقامات پر جانے والی شاہراہوں پر امن و امان کے انتظامات کر لیے گئے ہیں۔ گاڑیوں کو رواں دواں رکھنے، پیدل چلنے والوں کی سلامتی، شاہراہوں، چوراہوں اور پبلک ٹرانسپورٹ بسوں سے متعلق تمام امور کی تفصیلات طے کرلی گئی ہیں۔‘انہوں نے کہا کہ ’جمرات کی رمی، طواف افاضہ کے لیے مسجد الحرام آنے جانے اور الوداعی طواف کیلئے حجاج کو گروپوں کی شکل میں بھیجنے کی پابندی کرائی جائے گی۔‘

مسجد الحرام میں سینیٹائزنگ کیلئے اعلیٰ قسم کے روبوٹس
حرمین شریفین ہو یا مشاہیر مقدسہ ۰۰۰ سعودی شاہی حکومت ضیوف الرحمن کی صحت و تندرستی خصوصی اہمیت دیتی ہے اور صفائی و ستھرائی کیلئے بہترین انتظامات کئے جاتے ہیں جو قابلِ تحسین ہوتے ہیں۔ منیٰ ، مزدلفہ ، عرفات کے راستوں میں بھی اﷲ کے مہمانوں کیلئے ہر قسم کی سہولیات و انتظامات فراہم کئے جاتے ہیں۔ صفائی کے سلسلہ میں بتایا جاتا ہیکہ حرمین شریفین کے امور کی جنرل پریذیڈنسی کے زیر تحت خدمات، فیلڈ افیئرز اور ماحولیاتی تحفظ کی ایجنسی وبائی امراض کو قابو میں رکھنے اور صفائی کیلئے بھرپور اقدامات کر رہی ہے۔بتایا جاتا ہیکہ مکہ مکرمہ میں مسجد الحرام کے اندر وبائی امراض کے پیش نظر گیارہ اسمارٹ روبوٹ سینیٹائزنگ کا کام کر رہے ہیں۔یہ تمام روبوٹ مسجد الحرام کے اندر موجود عازمین اور نمازیوں کو ہر قسم کے وبائی جراثیم کے خطرات سے محفوظ رکھنے کیلئے ،صفائی کی ضروریات پوری کرنے کیلئے مسجد کے مختلف حصوں کو خود کار نظام کے تحت سینیٹائز کرتے ہیں۔ان جدید روبوٹ کے اندر بیک وقت لوکلائزیشن اور میپنگ ٹیکنالوجی کا استعمال کیا گیا ہے جس میں اعلیٰ کارکردگی والے ایٹمائزیشن یونٹ اور بیٹری چارجنگ کی سہولت اور خصوصیت موجود ہے۔ہر روبوٹ بغیر کسی انسانی مداخلت کے پانچ سے آٹھ گھنٹے کام کرتا ہے۔ ایک روبوٹ کے اندر سینیٹائزنگ کیلئے 23.8 لیٹرمحلول رکھنے کی گنجائش والا ٹینک ہے۔سینیٹائزنگ محلول 2 لیٹر فی گھنٹہ استعمال کیا جا رہا ہے اور یہ 600 مربع میٹر کے علاقے میں جراثیم کش محلول کا چھڑکاو کرسکتا ہے۔روبوٹ کسی انسانی مدد کے بغیر 3 کلومیٹر تک یومیہ سفر کرسکتے ہیں۔ اس خاص قسم کے روبوٹ میں رکاوٹوں سے بچنے کیلئے10 میٹر تک سامنے کا پتہ لگانے کا نظام موجود ہے۔ ہر روبوٹ کی ڈیوائس میں ایک کیمرہ نصب ہوتا ہے جس میں میپنگ کے تحت اعلیٰ معیار کا ریڈار موجود ہے۔حرم مکی کی صفائی مہم میں حصہ لینے والے اسمارٹ روبوٹ میں موجود ڈیوائسز یورپی سی ای کوالٹی اور اعتماد کے سرٹیفکیٹ کے علاوہ اعلی پیمانے کے بین الاقوامی سرٹیفکیٹ حاصل کیے ہوئے ہیں۔
****

 

Dr Muhammad Abdul Rasheed Junaid
About the Author: Dr Muhammad Abdul Rasheed Junaid Read More Articles by Dr Muhammad Abdul Rasheed Junaid: 352 Articles with 208911 viewsCurrently, no details found about the author. If you are the author of this Article, Please update or create your Profile here.