قربانی

قربانی مالی عبادت ہے اور شعائر اسلام میں سے ہے۔ ہر وہ مسلمان جوصاحب نصاب ہو، اور چاہے دنیا کے کسی بھی حصے سے تعلق رکھتا ہو اُس پر قربانی فرض ہے۔ پوری دنیا کی طرح پاکستان میں بھی عید الاضحی مذہبی عقیدت و احترام سے منائی جاتی ہے۔ جس میں لاکھوں جانور اﷲ کی راہ میں قربان کیے جاتے ہیں اور اس کا گوشت ضرورت مندوں اور عزیزو اقارب میں تقسیم کیا جاتا ہے۔ گزشتہ کئی دہائیوں کے تجربے سے جو تلخ حقائق سامنے آئے،ہمارے ہی ملک میں بہت بڑی تعداد ایسے افراد کی ہے جنہیں سال میں صرف عید الاضحی کے مو قع پر ہی گوشت کھانا نصیب ہوتا ہے۔پاکستان میں بھی ہرسال مختلف فلاحی تنظیمیں قربانی فی سبیل اﷲ کا فریضہ سر انجام دیتی ہیں۔ بڑی فلاحی تنظیمیں جو قربانی کے موقع پر غریبوں کا خیال رکھتی ہیں ان میں الخدمت فاؤنڈیشن، شوکت خانم اور ایدھی فاؤنڈیشن شامل ہیں۔قربانیوں کا ایک بڑا حصہ بیرون ممالک مقیم پاکستانیوں اور تنظیموں کی بھیجی گئی قربانیوں پر مشتمل ہوتا ہے۔
پاکستا ن اور تیسری دنیا کے ممالک میں تو قربانی کے جانور کو خریدنے سے لے کر اس کی دیکھ بھال، قربانی کرنا اور اس کا گوشت تقسیم کرنے تک کے مرحلے میں خود شامل ہونا آسان بھی ہے اور یہاں کا معاشرہ اور حالات بھی اِن پہلوؤں کی اجازت دیتے ہیں۔ لیکن یورپ، امریکہ اور ایسے ممالک جہاں جانور خریدنا، اس کی دیکھ بھال کرنا،قربانی کرنا اور اس کا گوشت تقسیم کرنا قدرے مشکل ہے یا قربانی کی سہولیات میسر نہیں اور وہاں کے قوانین بھی اس حوالے سے سخت ہیں تو وہاں کے مسلمان قربانی کی رقم پاکستان یا دیگر ایسے ممالک میں بھجوا دیتے ہیں جہاں الخدمت جیسی تنظیمیں ان کی قربانی مستحقین تک پہنچانے کا اہتمام کرتی ہیں۔اور ایسے بہت سے افراد بھی ہیں جو انفرادی طور پر بھی ایک یا زیادہ قربانی انہی تنظیموں سے مل کر کرتے ہیں۔

اس حوالے سے الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان کے صدر محمد عبد الشکور سے بات ہوئی ۔ ان کا کہنا تھا کہ قربانی پراجیکٹ الخدمت فاؤنڈیشن کی سماجی خدمات کا ایک اہم حصہ ہے۔ جس میں الخدمت فاؤنڈیشن ہر سال پاکستان سمیت شام میں خانہ جنگی اورمیانمار میں حکومتی سرپرستی میں روہنگیا مسلمانوں پر مظالم سے لاکھوں کی تعداد میں مہاجرین ترکی اور بنگلہ دیش ہجرت کرنے پر مجبور ہوئے اور عارضی کیمپوں میں زندگی کے شب و روز گزارنے والے ہزاروں افراد کو بھی قربانی کا گوشت پہنچاتی ہے ۔ اس طرح فلسطین اور افغانستان میں مصیبت زدہ اور دور دراز پسماندہ علاقوں میں قربانی کا گوشت پہنچانے کا اہتمام کرتی ہے۔الخدمت فاؤنڈیشن پر اعتماد اور اس کے ملک بھر میں پھیلے رضاکاروں کے منظم نیٹ ورک کی بدولت نہ صرف ملک بھر سے بلکہ دیگر ممالک سے بھی مسلمان اور برادر تنظیمیں قربانی بھجواتی ہیں۔
الخدمت فاؤنڈیشن مرکزی، ریجنل اور ضلعی سطح پر جدید سافٹ وئیر کے ذریعے قربانی پراجیکٹ ڈیسکس کی مانیٹرنگ کرتی ہے۔ جس میں قربانی کے جانوروں کی خریداری سے لے کر ان کی دیکھ بھال اور قربانی کرنے سے لے کر گوشت کی تقسیم اور رپورٹنگ کا اہتمام کیا جاتا ہے۔قربانی کے گوشت کو موسمی اثرات سے بچانے اور حفظان صحت کے اصولوں کے مطابق مستحقین تک پہنچانے کے لیے الخدمت گزشتہ کئی سالوں سے قربانی کا اہتمام جدید سلاٹر ہاؤسز میں کر رہی ہے جہاں قربانی، گوشت کی کٹائی اور پیکنگ کا کام ہائی جینک ماحول میں تجربہ کار عملے کی زیر نگرانی جدید مشینوں پر سر انجام دیا جاتا ہے جس کے بعد چلر ٹرکوں کے ذریعے آفات ،سیلاب، زلزلے سے متاثرہ علاقوں سمیت فاٹا، تھرپارکر، چولستان، گلگت بلتستان، آزادکشمیر، خیبر پختونخوا،پنجاب، سندھ، بلوچستان کے دور دراز علاقوں تک پہنچایا جاتا ہے۔گزشتہ سال عید الاضحی پرالخدمت فاؤنڈیشن کے قربانی پراجیکٹ سے نے7,78,005 سے زائد افراد سے استفادہ کیا۔

عید الاضحی ہمیں قربانی اور بھائی چارے کا درس دیتی ہے۔اس عید الاضحی پر اپنی خوشیوں میں مصیبت زدہ اور ضرورت مند ہم وطنوں کو بھی شریک کیجئے۔
 

Shahzad Saleem Abbasi
About the Author: Shahzad Saleem Abbasi Read More Articles by Shahzad Saleem Abbasi: 156 Articles with 112646 viewsCurrently, no details found about the author. If you are the author of this Article, Please update or create your Profile here.