اتحادی چھوڑ جائیں تب بھی شہباز شریف کو ہٹانا ناممکن۔۔ عمران خان اپنے جال میں خود کیسے پھنس گئے؟

image
 
عمران خان کیخلاف تحریک عدم اعتماد کے بعد پاکستان کی سیاست میں اتار چڑھاؤ کا سلسلہ جاری ہے اور پنجاب کا محاذ فتح کرنے کے بعد پی ٹی آئی نے مرکز میں دوبارہ حکومت بنانے کا ارادہ ظاہر کیا ہے اور اس حوالے سے حکومت کی اتحادی جماعتوں سے رابطے بھی شروع کردیئے گئے ہیں- تاہم پی ٹی آئی کیلئے اب دوبارہ موجودہ اسمبلی میں اکثریت حاصل کرکے حکومت بنانا آسان نہیں ہے۔
 
پارٹی پوزیشن
342 رکن قومی اسمبلی میں اس وقت اپوزیشن اتحاد میں شامل تحریک انصاف 143، مسلم لیگ (ق) 3، جی ڈی اے 3، بی اے پی ایک، ایم ایم اے ایک، عوامی مسلم لیگ کی ایک نشست کے ساتھ مجموعی طور پر 165 سیٹوں پر براجمان ہے جبکہ حکومتی اتحاد کے پاس مسلم لیگ (ن) کی 84، پیپلزپارٹی 56، ایم ایم اے 14، ایم کیو ایم 7 اور دیگر اتحادیوں کو ملا کر 177 سیٹوں پر برتری حاصل ہے۔
 
پارلیمانی لیڈر کا کردار
حال ہی میں ہونیوالے وزیراعلیٰ پنجاب کے انتخاب میں سپریم کورٹ آف پاکستان نے ایوان میں پارلیمانی لیڈر کو پارٹی لیڈر کے مقابلے میں زیادہ بااختیار قرار دیا ہے اور اس وقت قومی اسمبلی میں پاکستان تحریک انصاف کے 25 ارکان موجود ہیں جن کے پارلیمانی لیڈر راجہ ریاض ہیں اور یہ گروپ پارٹی لیڈر سے ناراضگی کی وجہ سے قومی اسمبلی میں موجود ہے جبکہ پی ٹی آئی کے باقی ارکان مستعفی ہوچکے ہیں۔
 
image
 
عدم اعتماد
پنجاب میں حکومت کی تبدیلی کے بعد پی ٹی آئی کے بعض رہنماؤں نے شہباز شریف کو وزیراعظم کے عہدے سے ہٹا کر ایک بار پھر عمران خان کو وزیراعظم بنانے کی خواہش کا اظہار کیا تھا اور اس کیلئے صدر مملکت کی ہدایت پر اسمبلی سے عدم اعتماد کا ووٹ لینے میں ناکامی پر شہباز شریف وزارت عظمیٰ سے ہاتھ دھو سکتے ہیں۔
 
کہانی میں نیا موڑ
ملکی سیاست میں پل پل بدلتی صورتحال کے دوران کہانی میں ایک اور نیا موڑ آگیا ہے وہ یہ کہ پی ٹی آئی عدم اعتماد کے وقت اسمبلی سے استعفے دیدیے تھے جو اس وقت کے ڈپٹی اسپیکر قاسم سوری نے منظور کرلئے تھے- تاہم بعد میں آنیوالے نئے اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے مسترد کردیئے تھے لیکن صورتحال کی نزاکت کو دیکھتے ہوئے اسپیکر راجہ پرویز اشرف نے پی ٹی آئی کے 11 ارکان کے استعفے قبول کرلئے ہیں۔
 
image
 
عمران خان کی کامیابی کا امکان
موجودہ اسمبلی میں پارٹی پوزیشن کو دیکھتے ہوئے عمران خان کا دوبارہ اقتدار سنبھالنا مشکل دکھائی دیتا ہے۔ حکومتی اتحاد کے پاس 177 سیٹیں ہیں جبکہ اپوزیشن اتحاد کے پاس 165 سیٹیں تھیں تاہم 11 استعفے منظور کرنے کے بعد یہ تعداد 154 ہوگئی ہے لیکن کہانی یہیں ختم نہیں ہوتی بلکہ قومی اسمبلی میں پی ٹی آئی کے 24منحرف ارکان اس وقت راجہ ریاض کے تابع ہیں اور وہ کسی صورت عمران خان کا ساتھ نہیں دینگے کیونکہ حال ہی میں سپریم کورٹ نے پارلیمانی لیڈر کو بااختیار قرار دیا تھا تو یوں پی ٹی آئی کے پاس کل ملاکر تقریباً 130 سیٹیں آسکتی ہیں اور اگر پرانے اتحادیوں کو بھی ملا لیا جائے تو پی ٹی آئی بمشکل 150 کا ہندسہ عبور کرسکتی ہے۔ اس لئے موجودہ اسمبلی میں عمران خان کی کامیابی کا امکان وزیراعلیٰ پنجاب کے انتخاب میں آئینی پیچیدگی وجہ سے ناممکن نظر آتا ہے۔
YOU MAY ALSO LIKE: