دو سالہ بچی سانپ سے کھیل رہی تھی مگر سانپ نے اس کو کاٹ لیا، جواب میں بچی نے ایسا کیا کر دیا کہ دنیا بھر میں مشہور ہو گئی

image
 
عام طور پر سانپ کا شمار ایسے رینگنے والے جانوروں میں ہوتا ہے جس کا نام سامنے آتے ہی بہادر سے بہادر انسان بھی ایک لمحے کے لیے کانپ سا جاتا ہے۔ اور اگر جیتا جاگتا سانپ آپ کے سامنے آجائے تو اس سے قبل کہ وہ آپ کو کاٹے آپ خوف کے مارے خود ہی بے ہوش ہو جاتے ہیں۔
 
سانپ کا مقابلہ کرنے والی معصوم بچی
مگر جس طرح سے بچوں کے بارے میں یہ کہا جاتا ہے کہ وہ اپنی لاعلمی کے سبب خطرات سے ناواقف ہوتے ہیں یہاں تک کہ بچے تو جلتے کوئلے کو بھی پکڑ لیتے ہیں- ایسی ہی ایک دو سالہ بچی ہے جس کی شناخت کے طور پر اس کے نام کے صرف پہلے دو حروف ایس ای ہی پتہ چل سکے ہیں، اس بچی کا تعلق ترکی سے ہے اس کے والد کا نام محمت ایکان بتایا جاتا ہے-
 
آج کل یہ بچی دنیا بھر میں اپنی بہادری کی وجہ سے وائرل ہو رہی ہے ۔ انڈیا ٹائمز کے مطابق یہ بچی اپنے گھر کے پچھلے حصے میں کھیل رہی تھی۔ اس کے والد اپنے کام پر گئے ہوئے تھے جب کہ والدہ گھر کے اندر کسی کام میں مصروف تھیں۔
 
image
 
پڑوسیوں کا کہنا ہے کہ بچی کے چیخنے کی آواز سن کر وہ اس کی طرف بھاگے اور جب وہاں پہنچے تو انہوں نے ایک حیرت انگیز منظر دیکھا۔ بچی اپنے ہاتھ میں ایک سانپ کو پکڑے بیٹھی تھی جس کا جسم نیچے تڑپ رہا تھا اور سانپ کا سر بچی کے ہاتھ میں تھا جس کو اس نے کاٹ کر سانپ کے جسم سے علیحدہ کر دیا تھا-
 
جب کہ بچی کے نچلے ہونٹ پر سانپ کے کاٹنے کا نشان تھا۔ پڑوسیوں کا کہنا تھا کہ بچی جب سانپ سے کھیل رہی تھی تو سانپ نے بچی کے نچلے ہونٹ پر کاٹ لیا جس پر بچی نے بدلہ لینے کے لیے سانپ کے سر کو ہی کاٹ کر اسکے جسم سے علیحدہ کر ڈالا-
 
بچی کے ساتھ اس کے بعد کیا ہوا؟
اس واقعے کے بعد بچی کو فوری طور پر قریبی بینگول میٹرنٹی اور چلڈرن ہسپتال لے جایا گیا جہاں پر سانپ کے کاٹنے کے سبب بچی کو 24 گھنٹوں کے لیے ڈاکٹروں نے نگہداشت میں رکھا- مگر اس کے بعد اس کی طبیعت ٹھیک رہنے پر اس کو ہسپتال سے فارغ کر دیا گیا- مگر بچی کے بدلہ لینے کے اس واقعے کی خبر دنیا بھر میں وائرل ہو گئی اور اس انتقام کو دنیا کا سب سے معصوم انتقام قرار دیا جا رہا ہے۔
 
image
 
والدین کے لیے ایک سبق
اس معصوم بچی کے زندہ بچ جانے پر اس کے والد نے ان الفاظ میں اللہ کا شکر ادا کیا- 'شکر الحمدللہ کہ اللہ نے میری بچی کو محفوظ رکھا ، میرے پڑوسیوں نے مجھے بتایا کہ بچی سانپ کے ساتھ کھیل رہی تھی اس دوران سانپ نے بچی کو کاٹا بدلے میں بچی نے بھی سانپ کو کاٹ کر ہلاک کر دیا- ' اس سارے واقعہ میں اگرچہ بچی خوش قسمتی سے محفوظ رہی مگر یہ واقعہ ان والدین کے لیے ایک سوالیہ نشان ہے جو کہ بچوں کو اس حد تک آزاد چھوڑ دیتے ہیں کہ وہ سانپ سے کھیل رہے ہوتے ہیں۔
YOU MAY ALSO LIKE: