|
|
آج کل مار خور سوشل میڈیا پر اسی طرح وائرل ہوتا ہوا
نظر آرہا ہے جیسے کچھ عرصہ قبل ویگو (ٹویوٹا برانڈ کا معروف منی ٹرک) کے
چرچے سوشل میڈیا پر نظر آرہے تھے اور وقت کے ساتھ ساتھ سوشل میڈیا پر قومی
اداروں پر تنقید کا سلسلہ دراز ہوتا جارہا ہے۔ تنقید کی وجہ کچھ بھی ہو اس
سے قطع نظر ہم آپ کو صرف یہ بتاتے چلیں کہ مار خور اور پاک فوج کے معروف
خفیہ ادارے آئی ایس آئی میں براہ راست کیا تعلق ہے ۔ تو چلئے اس گہرے
تعلق کی تفصیل جانتے ہیں۔ |
|
یہ تو آپ جانتے ہوں گے کہ مارخور پاکستان کا قومی جانور
ہے اور پاکستان کی خفیہ ایجنسی آئی ایس آئی کا مونوگرام بھی مارخور کی
تصویر کے ساتھ سجا ہوا ہے۔ لیکن نوجوان نسل میں سے بہت کم لوگ جانتے ہوں گے
کہ مارخور کا لفظی معنی کیا ہے۔ |
|
اگر آپ نہیں جانتے تو ہم آپ کو بتائیں گے۔ لفظ مار کا
مطلب سانپ اور خور کا مطلب کھانے والا ہے اور قدیم داستانوں کے مطابق
مارخور سانپ کو مار کر چباتا ہے اور کاٹنے سے اس کے منہ سے جھاگ نکلتا ہے
جو نیچے گر کر خشک اور سخت ہو جاتا ہے۔ لوگ اس خشک جھاگ کو تلاش کرتے ہیں
اور اسے سانپ کے کاٹنے کے علاج کے لیے استعمال کرتے ہیں۔ |
|
اب آپ سوچیں گے کہ مارخور کے منہ میں سانپ آئی ایس
آئی کی سرکاری علامت کیوں بن گیا تو اس کا جواب یہ ہے کہ مارخور پاکستان
کا قومی جانور ہے اور سانپ کی بھارت میں پوجا کی جاتی ہے، آئی ایس آئی کی
سرکاری علامت میں پاکستان کا قومی جانور مارخور بھارت کے رینگنے والے قومی
جانور سانپ کو کھا رہا ہے جو پاکستان کی بھارت پر فتح کی علامت ہے۔ |
|
|
|
سانپ کو بدقسمتی، دشمنی اور مخصوص دیگر منفی صفات کی
علامت سمجھا جاتا ہے اور مارخور سانپ کھاتا ہے، ویسے تو یہ ایک شریف النفس
جانور کہلاتا ہے لیکن جہاں دشمن کی بات ہو تو انتہائی خطرناک ثابت ہوتا ہے
اور اسی طرح اگر ہم آئی ایس آئی کی بات کریں تو انتہائی خاموشی اور تندہی
سے کام کرنے والے آئی ایس آئی کے جوان ہمیں مار خور کی طرح ہی دشمن کے
خطرے سے بچائے رکھتے ہیں اور ملک کی سلامتی اور دفاع کا تحفظ کرتے ہیں۔ |
|
مارخور پہاڑی خطوں سے اچھی طرح مطابقت رکھتا ہے اور
ہزاروں میٹر کی بلندی کے درمیان پایا جا سکتا ہے اور پہاڑی کناروں کے قریب
رہتا ہے۔ اسی طرح پاکستان کے دفاع کیلئے شب و روز کوشاں آئی ایس آئی کے
جوان بھی دشوار گزار پہاڑوں اور سرد ترین علاقوں میں بھی ہماری خاطر
زندگیاں گزارتے ہیں۔ |
|
آئی ایس آئی پاکستان کی طاقتور ترین ایجنسی ہے اور
شاید دنیا کی طاقتور ترین ایجنسیوں میں سے ایک ہے اور جس طرح مار خور بل
میں چھپے سانپوں کی تاک میں رہتا اور ان ڈھونڈ ڈھونڈ کر ختم کرتا ہے ،
بالکل اسی طرح پاکستان کی قابل فخر انٹیلی جنس ایجنسی پاکستان میں چھپے ملک
دشمنوں کو پکڑ پکڑ کا خاتمہ کرتی ہے۔ |
|
مار خور صرف سانپ جیسے دشمنوں کا سر کچلتا ہے اسی لئے
اردگرد رہنے والے اکثر اس شریف النفس اور بہادر جانور کے خلاف سازش کے جال
بھی بنُتے رہتے ہیں لیکن یہ اپنا کام کرتا رہتا ہے۔ اسی طرح آئی ایس آئی
کے خلاف اندرون اور بیرون ملک کئی سازشیں بُنی جاتی ہیں لیکن آئی ایس آئی
تنازعات میں الجھنے کے بجائے اپنے لوگوں کا تحفظ یقینی بناتی ہے اور سازش
کرنے والوں کو بھی خطرات سے محفوظ رکھتی ہے۔ |
|
|
|
اپنی زندگی پہاڑوں پر سر مارتے ہوئے گزارنے
والا مار خور کبھی انسانوں سے بدلے کی امید نہیں رکھتا بالکل اسی طرح آئی
ایس آئی کے بہادر اور خوبصورت جوان اپنی زندگیاں گمنامی کے اندھیروں میں
گزار دیتے ہیں لیکن کبھی شہرت اور انعام کے لالچ میں نہیں آتے اور ملک و
قوم کی خاطر اپنی زندگیاں داؤ پر لگا دیتے ہیں۔ |
|
فوج ہو یا خفیہ ادارے عوام میں ان کی ساکھ
مضبوط ہونا بہت ضروری ہے لیکن بدقسمتی سے ان دنوں پاکستان میں قومی اداروں
کے حوالے سے نوجوان نسل میں ناراضگی کا عنصر بڑھتا جارہا ہے جو ہماری قومی
سلامتی کیلئے کسی صورت ٹھیک نہیں۔ |
|
ضرورت اس امر کی ہے کہ ادارے نیوٹرل رہنے کے
ساتھ عوام میں اپنی ساکھ بہتر بنانے کیلئے بھی اقدامات اٹھائیں تاکہ عوام
میں ان کی جڑیں مزید مضبوط ہوسکیں۔ |