|
|
اس وقت پاکستانی عوام کو جو دو بڑے مسائل درپیش ہیں وہ
مہنگائی اور بھاری بھرکم بجلی کے بلوں کے ہیں- ایک جانب جہاں مہنگائی نے
عوام کا جینا مشکل کر رکھا تھا وہیں رہی سہی کثر بجلی کے بھاری بھاری بلوں
نے پوری کردی- یہ بل بھاری ہوئے فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں وصول کیے جانے
والے چارجز کی وجہ سے جو کہ گزشتہ مہینوں کے وصول کیے گئے- ان چارجز نے صرف
3 ہزار والے بل کو 13 ہزار تک پہنچا دیا- |
|
تاہم حال ہی میں حکومت نے 300 یونٹس تک کی بجلی استعمال
کرنے والے صارفین کو فیول ایڈجسٹمنٹ چارجز سے مستثنیٰ قرار دے دیا اور ساتھ
ہی عوام سے یہ بھی کہا گیا کہ جنہوں نے بل ادا نہیں کیے وہ پہلے بل ٹھیک
کروا کر پھر ادا کریں اور جو عوام بجلی کے بل بھر چکے ہیں ان کے آئندہ بلوں
میں ایڈجسٹمنٹ کر دی جائے گی- |
|
حکومتی اعلان کے بعد عوام کی بڑی تعداد نے بجلی کے دفاتر
کا رخ کیا تاکہ وہ اپنے بل درست کروا کر بھر سکیں- ان حالات کو دیکھتے ہوئے
ہماری ویب نے بھی ان دفاتر پر موجود عوام تک رسائی حاصل کی تاکہ اس حکومتی
فیصلے اور بجلی کے بلِوں سے متعلق دیگر مسائل کے حوالے سے عوام کی رائے
جانی جاسکے- |
|
اس موقع پر ہماری ویب کے نمائندے نے نہ صرف دفتر پر
موجود مختلف صارفین سے بات چیت کی اور بلکہ کے الیکٹرک کے نمائندے سے فیول
ایڈجسٹمنٹ چارجز کے حذف کرنے کے طریقہ کار سے متعلق معلومات بھی حاصل کی- |
|
|
|
اپنے بل درست کروانے کے لیے آنے والے صارفین کا کہنا تھا
کہ درستگی کے باوجود بھی بِل زیادہ ہے جسے اس مہنگائی کے دور میں ادا کرنا
تقریباً ناممکن ہوچکا ہے- یہی وجہ ہے کہ اکثر صارفین بل درست ہوجانے کے
باوجود حکومت سے ناخوش ہی دکھائی دیے- |
|
ایسے میں ایک صارف کا ہماری ویب کے نمائندے کو اپنے گھر
کے دونوں میٹروں کے بل دکھاتے ہوئے کہنا تھا کہ “ میں 120 گز کے گھر میں
رہتا ہوں اور میرے گھر میں 2 میٹر نصب ہیں- دلچسپ بات یہ ہے کہ ایک ہی گھر
ہونے کے باوجود دونوں بل میں یونٹس کے ریٹس مختلف لگائے گئے جبکہ یونٹس کی
تعداد میں بھی زیادہ فرق نہیں- ریٹس مختلف ہونے کی وجہ سے دونوں بلوں کی
رقم میں بھی زمین آسمان کا فرق ہے“- |
|
“ میں نے کے الیکٹرک کے نمائندے سے اس فرق سے متعلق سوال
کیا تو وہ بھی تسلی بخش جواب دینے سے قاصر ہیں- میرے نزدیک یہ صرف عوام کی
جیب پر ڈاکہ مارنے کا ایک طریقہ ہے اور اس ظلم کے خلاف اب عوام کو کھڑا
ہونا پڑے گا “- |
|
|
|
دوسری جانب جب ہماری ویب کے نمائندے نے کے
الیکٹرک کے ایک اہلکار سے حکومتی فیصلے پر عملدرآمد کے طریقے کار سے متعلق
بات چیت کی تو ان کا کہنا تھا کہ فی الحال 300 یا اس سے کم یونٹس والے
صارفین کے بلوں میں سے صرف مئی کی فیول ایڈجسٹمنٹ ختم کی جارہی ہے اور ان
کے بل درست کیے جارہے ہیں جبکہ ایسے صارفین جو بل پہلے ہی ادا کرچکے ہیں ان
کا آئندہ ماہ کا بل خود ہی درست ہو کر آجائے گا- |
|
اس کے علاوہ کے الیکٹرک کے نمائندے کا یہ بھی
کہنا تھا کہ ان کے پاس جون کی فیول ایڈجسٹمنٹ ختم کرنے سے متعلق کوئی
حکومتی نوٹیفیکیشن نہیں آیا-اگر کوئی ایسا نوٹیفیکیشن آیا تو اس پر بھی
ضرور عمل کیا جائے گا- |