کیلے جلدی خراب ہوجاتے ہیں تو... سستے کیلوں کو مہینوں محفوظ بنانے کے طریقے جو انہیں کبھی کالا نہیں ہونے دیں گے

image
 
عام طور پر کیلے کا شمار ان پھلوں میں ہوتا ہے جو مارکیٹ میں سال کے بارہ مہینے دستیاب ہوتے ہیں۔ بچوں کی ابتدائی خوراک سے لے کر جوان سے بوڑھوں تک ہر کوئی مختلف طریقوں سے اس کو استعمال کرتے ہیں- زود ہضم ہونے کے سبب اگر شیر خوار بچوں کے لیے کیلے کا استعمال مفید ہوتا ہے تو باڈی بلڈنگ اور وزن بڑھانے کے شوقین جوانوں کے لیے کیلے کھانا ضروری ہوتا ہے۔ بزرگ افراد بھی ہاضمے کے لیے اس کے فوائد کا سبب اس کا استعمال باقاعدگی سے کرتے ہیں-
 
کیلا ہوا سستا
آج کل ہر دوسری ریڑھی اور پھلوں کی دکان میں کیلا وافر مقدار میں نظر آرہا ہے اور اس کا ریٹ کافی سستا ہے جلد خراب ہوجانے کے سبب ہر دکاندار کی یہی کوشش ہوتی ہے کہ دن کے اختتام سے قبل اپنی ریڑھی خالی کر دے کیوں کہ اگلے دن تک یہ کیلے گل جاتے ہیں- اس وجہ سے کافی سستے مل سکتے ہیں مگر ہر فرد ایک حد سے زيادہ کیلے خریدنے سے ڈرتا ہے کیوں کہ یہ جلد خراب ہو جاتے ہیں- مگر آج ہم آپ کو یہ مشورہ دیں گے کہ موقع سے فائدہ اٹھائيں اور اس وقت سستے کیلے خرید کر اس طریقے سے محفوظ کریں اور اگلے کئی مہینوں تک اس سے فائدہ اٹھائيں-
 
کیلے محفوظ کرنے کے طریقے
دیر تک کیلے تازہ رکھنے کا طریقہ
اگر آپ بازار سے زيادہ کیلے خرید کر سستے کیلے گھر لے آئے ہیں اور اس بات کے خواہشمند ہیں کہ یہ زيادہ دنوں تک تازہ رہیں تو اس کے لیے سب سے پہلے آپ کیلے کے ڈنٹھل کو کسی پلاسٹک کے بیگ سے کور کر دیں-
 
image
 
اس کی وجہ سے کیلے زيادہ دنوں تک اپنی حالت برقرار رکھیں گے اور فوری طور پر گلنے سے محفوظ رہیں گے پلاسٹک سے اس کی ڈنڈی کو کور کرنے سے کیلے فریج سے باہر بھی تین سے چار دن تک اپنی تازگی برقرار رکھ سکتے ہیں- لیکن یاد رکھیں کہ پہلے سے گلے ہوئے کیلے مت خریدیں بلکہ ایسے کیلے خریدیں جو کسی حد تک تازہ اور پکے ہوئے ہوں-
 
کیلے کو چھلکوں کے ساتھ فریز کرنا
عام طور پر کسی بھی چیز کو زیادہ دنوں تک محفوظ کرنے کے لیے ہم لوگ فریز کر دیتے ہیں لیکن کیلوں کا معاملہ اس حوالے سے قدرے مختلف ہوتا ہے کہ اگر اس کو فریزر میں رکھا جاتا ہے تو اس کا چھلکا کالا اور بد نما ہو جاتا ہے اور اس کو اس وجہ سے پھینک دیا جاتا ہے-
 
جبکہ حقیقت یہ ہے کہ کیلے کو چھلکے سمیت کسی بھی ائیر ٹائٹ بیگ میں آسانی سے محفوظ کیا جا سکتا ہے۔ اگرچہ اس کا چھلکا سیاہ ہو بھی جائے تو اس چھلکے کو اتاریں تو اندر سے کیلا تازہ ہوتا ہے اور اس کو آرام سے استعمال کیا جا سکتا ہے-
 
کیلے کو بغیر چھلکوں کے محفوظ کرنے کا طریقہ
عام طور پر لوگوں کا یہ ماننا ہے کہ بغیر چھلکوں کے جب کیلے کو فریزر میں رکھا جاتا ہے تو وہ کالے ہو جاتے ہیں اور استعمال کے قابل نہیں رہتے ہیں تو اس کو بھی محفوظ رکھنے کے مختلف طریقے ہیں-
 
اگر آپ کیلوں کو محفوظ رکھنا چاہتے ہیں تو اس کا ایک بہت عام طریقہ ہے کہ کیلے چھیل لیں اور ان کو میش کر لیں اور اس کے بعد کسی ائير ٹائٹ بیگ میں ان کو فریز کر دیں اس طرح سے کیلے دو سے تین مہینوں تک ملک شیک بنانے میں استعمال کیے جا سکتے ہیں-
 
کیلے کی لذیذ آئیسکریم بنا لیں
بچوں کو عام طور پر آئسکریم کے نام پر بہت مزیدار چیزيں گذر پر ہی بنا کر دی جا سکتی ہیں اس کے لیے کیلا چھیل لیں اور پگھلی ہوئی چاکلیٹ میں اس کو کوٹ کر دیں اور فریزر میں رکھ دیں- اس طرح سے ایک جانب تو کیلے کا رنگ خراب نہ ہوگا اور چاکلیٹ آئسکریم کی صورت میں یہ بچوں کے لیے صحت بخش اور ٹیسٹی آئس کریم بن جائے گی-
 
image
 
کیلے کے سلائس بنا کر فریز کرنا
کسی بھی ڈش میں کیلے کے سلائس بنا لیں اور اس کے اوپر تھوڑا سا لیموں کا رس یا پائن ایپل جوس ڈال کر اس کو فریز کر دیں اور مزیدار فروٹ سلاد کے طور پر کافی دن تک استعمال کریں-
 
کیلے محفوظ کرتے ہوئے یہ نہ کریں
کیلوں کو اگر آپ محفوظ رکھنا چاہتے ہیں تو یہ کام نہ کریں
کسی تھیلی میں مکمل کیلے کے گچھے کو مت رکھیں بلکہ اس کو ٹھنڈی جگہ پر کھول کر رکھیں ورنہ یہ بہت جلدی خراب ہو جائيں گے-
دوسرے پھلوں کے ساتھ مت رکھیں کیوں کہ کیلے نازک ہوتے ہیں جلد خراب ہونے لگتے ہیں-
ان کے اوپر دباؤ مت ڈالیں کیوں کہ زيادہ دباؤ کیلوں کو خراب کر دیتا ہے-
 
امید ہے کہ یہ تمام معلومات آج کل کے دنوں میں موجود سستے کیلوں سے فائدہ اٹھانے میں آپ کے لیے مفید ثابت ہوں گی-
YOU MAY ALSO LIKE: