|
|
ایران کی فٹبال فیڈریشن نے امریکہ کی ٹیم کی جانب سے
سوشل میڈیا پوسٹس میں اسلامی جمہوریہ کے جھنڈے میں ردو بدل کیے جانے پر
فیفا سے شکایت کی ہے۔ |
|
واضح رہے کہ دونوں ٹیموں کے درمیان منگل کو ہونے والے
ورلڈ کپ مقابلے سے قبل امریکی ٹیم نے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر پوسٹس کیں
تو ان میں سے ایران کے جھنڈے پر موجود ’اللہ‘ کا لفظ غائب تھا۔ |
|
امریکی ٹیم کا کہنا ہے کہ انھوں نے ’ایران کے سرکاری
پرچم کو اس لیے استعمال نہ کرنے کا فیصلہ کیا کیونکہ وہ ایران میں بنیادی
انسانی حقوق کی جنگ لڑنے والی خواتین سے اظہار یکجہتی کرنا چاہتے تھے‘ جو
ملک میں حکومت مخالف مظاہروں کا حصہ ہیں۔ |
|
یاد رہے کہ ایران میں مبینہ طور پر اخلاقی پولیس کے
ہاتھوں، حجاب کے قانون کی خلاف ورزی پر، گرفتاری کے بعد 22 سالہ مہسا امینی
کی تشدد سے موت کے بعد مظاہرے پھوٹ پڑے تھے جن کو سختی سے دبانے کی کوشش کی
گئی۔ |
|
|
|
ایران کی سرکاری خبر رساں ایجنسی ارنا نے کہا ہے کہ
’امریکی فٹبال فیڈریشن کے انسٹاگرام پیج نے ایک غیر پیشہ وارانہ اقدام میں
ایرانی پرچم سے ’اللہ‘ کا نشان ہٹا دیا۔‘ |
|
’اس اقدام کے بعد ایرانی فٹبال فیڈریشن نے فیفا کو ایک
ای میل بھیجی ہے جس میں عالمی فٹبال فیڈریشن سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ
امریکی فٹبال فیڈریشن کے خلاف سنجیدہ کارروائی کی جائے۔‘ |
|
امریکی ٹیم کے ترجمان نے بعد میں کہا کہ سوشل میڈیا سے
متنازع پوسٹس کو ہٹا دیا گیا ہے اور ان کی جگہ ایران کے درست پرچم کے ساتھ
نئی پوسٹس لگا دی گئی ہیں تاہم انھوں نے کہا کہ ’ہم اب بھی ایران کی خواتین
کی حمایت کرتے ہیں۔‘ |
|
یاد رہے کہ ایران نے امریکہ سمیت بیرونی عناصر پر الزام
عائد کیا ہے کہ ملک میں جاری مظاہروں کے پیچھے ان کا ہاتھ ہے جبکہ امریکی
حکومت نے حالیہ مظاہروں کے بعد چند ایرانی حکام کے خلاف نئی پابندیاں بھی
عائد کی ہیں۔ |
|
ایران اور امریکہ کے درمیان 1980 سے سفارتی تعلقات منقطع
ہیں۔ |
|
Partner Content: BBC Urdu |