آپ کے پیاروں کی جان خطرے میں ہے، گیس کا پریشر بڑھانے والا کمپریسر آپ کے لیے کونسے 3 بڑے خطرے پیدا کرتا ہے

image
 
کمپریسر ایک ایسا آلہ ہے جو کہ ہوا کو جمع کر کے پریشر سے باہر نکالتا ہے۔ اس آلے کا استعمال مختلف جگہوں پر کیا جاتا رہا تھا جس میں ٹائر میں ہوا بھرنے کے لیے، پینٹ کرنے کے لیے، کسی جگہ کو خشک کرنے کے لیے وغیرہ وغیرہ- مگر جیسا کہ ہم سب جانتے ہیں کہ پاکستانی قوم جگاڑ کرنا بہت اچھی طرح سے جانتی ہے-
 
جب سے ملک میں گیس کے کم پریشر کی شکایت عام ہوئی لوگوں نے اپنے گیس کے پائپ کے ساتھ یہ کمپریسر لگانا شروع کر دیا ہے جو کہ لائن میں سے گیس کو پریشر سے کھینچ کر چولہے تک پہنچاتا ہے اور گیس کے کم پریشر کی شکایت میں کمی واقع ہوتی ہے-
 
کمپریسر کا استعمال قانونی جرم
لائن میں سے گیس کو اس طرح سے کھینچ کر حاصل کرنا ملکی قانون کے مطابق ایک قابل سزا اور قابل جرمانہ جرم ہے جس کی سزا ایک سے تین سال تک قید اور ایک لاکھ روپے جرمانہ ہے-
 
image
 
جرم ہونے کے ساتھ ساتھ کمپریسر کا استعمال اخلاقی طور پر بھی ایک غلط عمل ہے کیونکہ اس کے سبب آپ دوسرے لوگوں کو دشواری کا شکار کر رہے ہوتے ہیں-
 
کمپریسر سے جڑے خطرات
کمپریسر ان تمام باتوں سے زيادہ ایک خظرناک بم کی حیثیت رکھتا ہے جو کہ جان لیوا بھی ہو سکتا ہے آج ہم آپ کو بتائيں گے کہ کمپریسر کا استعمال کسی بھی فرد کے لیے کس طرح خطرناک ثابت ہو سکتا ہے-
 
پھٹنے کا خطرہ
کمپریسر جس میں گیس کو بہت پریشر سے جمع کیا جاتا ہے اگر اس کا استعمال بروقت نہ کیا جائے تو اس صورت میں یہ پھٹ بھی سکتا ہے- جس کی شدت کسی بھی بم کی طرح ہوتی ہے اور دوسری طرف چونکہ اس میں جمع شدہ گیس فوراً آگ پکڑ سکتی ہے اس وجہ سے اس کے پھٹنے کی صورت میں ہونے والا نقصان بہت بڑا بھی ہو سکتا ہے-
 
بجلی اور گیس کے سبب لگنے والی آگ
کمپریسر اس حوالے سے بہت خطرناک ہوتا ہے کہ اس میں بیک وقت بجلی اور گیس دونوں کا استعمال ہو رہا ہوتا ہے اور چونکہ یہ چھپ کر لگایا جاتا ہے تو اس کے لیے حفاظتی تدابیر کا اہتمام نہیں ہوتا ہے-
 
اس وجہ سے اگر اس میں کچھ بھی خرابی ہو تو اس سے لگنے والی آگ صرف سوئی گیس تک محدود نہیں رہتی ہے بلکہ یہ شارٹ سرکٹ کا باعث بن کر بجلی کی تنصیبات تک بھی پہنچ سکتی ہے-
 
image
 
انسانی کانوں کے لیے خطرناک
کمپریسر کے چلنے سے جو آواز نکلتی ہے اس کی طاقت 85 ڈيسی بل سے زيادہ ہوتی ہے اور یہ مقدار اگر مستقل طور پر انسانی کان تک پہنچے تو اس کے نتیجے میں سماعت کو ناقابل تلافی نقصان ہو سکتا ہے اور انسان بہرہ بھی ہو سکتا ہے-
 
کمپریسر کا استعمال اگرچہ انسان کو کچھ وقت کی سہولت ضرور دے دیتا ہے مگر یہ آپ کے گھر والوں کو ایک مستقل خطرے سے بھی دوچار کر سکتا ہے- اس وجہ سے کوشش کریں کہ اس کے متبادل ذرائع کا استعمال کریں اور اس خظرناک چیز سے بچنے کی کوشش کریں-
YOU MAY ALSO LIKE: